0
Wednesday 6 Sep 2017 21:59

برما میں مسلمانوں پر مظالم، نسل کشی کیخلاف جنوبی پنجاب میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں

برما میں مسلمانوں پر مظالم، نسل کشی کیخلاف جنوبی پنجاب میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں
رپورٹ: ایم ایس نقوی

برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں 70 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
ملتان میں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کے صاحبزادے آصف رجوانہ امیدوار این اے 149 کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے زیراہتمام برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور برمی حکومت کا پرچم نذر آتش کیا گیا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے سینیئر رہنما عثمان خان بابر نے کی، اس موقع پر چوہدری ساجد گجر، عمر فاروق بھٹی، آصف قریشی، ملک ناصر کمبوہ، رانا تیمور، محمد عاشق، ذیشان، علی، ذیشان بیگ، ساجد علی، ذوالقرنین حیدر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اسی طرح سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی، تحریک انصاف، سرائیکستان نوجوانان تحریک، تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن کے زیراہتمام چوک نواں شہر پر الگ الگ احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور اس موقع پر برما کی وزیراعظم، بھارتی وزیراعظم کی تصاویر نذر آتش کی گئیں، ٹائر جلائے گئے اور امت مسلمہ، اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا فراز احمد نون و دیگر رہنمائوں عابدہ بخاری، مطلوب بخاری، سرائیکستان نوجوانان تحریک کے چیئرمین مظہر عباس کات، تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن کی صدر غزل غازی، سماجی رہنما عامر شہزاد صدیقی نے کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مذہب کسی بھی انسان کی جان لینے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا لیکن برما میں مسلمانوں کا بہیمانہ قتل کیا جا رہا ہے، مسلم ممالک کے حکمران اپنے ضمیر کو جگائیں اور آنکھیں کھولیں، پاکستان سمیت امت مسلمہ اس سلسلے میں بھرپور نوٹس لے جبکہ اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کرے اور مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

وہاڑی
میں روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام اور ظلم و تشدد کے خلاف ڈسٹرکٹ بار وہاڑی کے وکلاء نے مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہ ہوا، اس کے علاوہ جماعت اسلامی اور سماجی تنظیم رئیل ہوپ فائونڈیشن و لیگی رہنما نوشین ملک کی طرف سے پریس کلب کے باہر الگ الگ احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جس میں سیاسی و سماجی رہنمائوں، تاجروں، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار کے صدر راؤ شیراز رضا اور جنرل سیکرٹری رائے عامر اسلم ایڈووکیٹ نے کہا کہ برما میں غیر مسلم قوتیں ہمارے مسلمان بھائی، بہنوں اور بچوں کا بے دردی سے قتلِ عام کر رہی ہیں، عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ صدر مرکزی انجمن تاجران ارشاد حسین بھٹی، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد، میاں ساجد آصف نے کہا کہ اقوام متحدہ نوٹس لے، صدر انجمن آڑھتیان غلہ منڈی چودھری مشتاق گجر، جنرل سیکرٹری رانا محمد اسلم نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں کا قتلِ عام بند کیا جائے۔
رحیم یارخان
میں پاکستان یوتھ ونگ کے چیئرمین چوہدری ظہیر عباس نے برما میں ہونیوالے مظالم کیخلاف نکالی گئی، ریلی کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو یکجا ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔

بہاولپور
پریس کلب اور سول سوسائٹی نیٹ ورک کے زیراہتمام برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، صدر پریس کلب جنید نذیر ناز، سول سوسائٹی کے سید اسرار شاہ، جمشید کریم، آسیہ کامل و دیگر نے روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ہفتے کے دوران 100 سے زائد مسلمانوں کی ہلاکت لمحہ فکریہ اور اتنہائی قابل مذمت ہے۔ مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف سول سوسائٹی، سماجی تنظیموں، صحافیوں اور شہریوں نے صدر پریس کلب جنید نذیر کی قیادت میں پریس کلب سے یونیورسٹی چوک تک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نے یو این او کی خاموشی اور بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں سید اسرار حسین شاہ صدر مرکزی انجمن تاجران، چوہدری طارق مجید جنرل سیکرٹری مسلم لیگ قاف، حاجی جاوید اختر، محترمہ نسرین انور، ممبر میونسپل کارپوریشن بہاولپور، جمشید کریم خان، ملک اصغر قیوم اعوان، ملک ظفر عاشق سہو صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن، ایاز بلوچ اسٹیشن منیجر ایف ایم 105، آسیہ کامل اور میاں عبدالغفار کوآرڈی نیٹر این سی ایچ ڈی سمیت صحافیوں، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

اوچ شریف
میں برما کی فوج اور حکومت کے خلاف الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن اور پریس کلب اوچ شریف کی کال پر اوچ شریف کے شہریوں نے الشمس چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے برما میں ہونے والے ظلم کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرہ سے صدر الیکٹرانک میڈیا ڈاکٹر ضیاء الحق شہزاد بڈانی، میاں عامر صدیقی، صدر سول سوسائٹی اوچ شریف عمر خورشید سہمن، حاجی سعید احمد بڈانی، ملک طاہر منظور ایڈووکیٹ، انصر خان مستوئی اور اکبر خان نے خطاب کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی کو توڑ کر صرف مذمتی بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی طور پر اقدام اٹھائیں، مظاہرہ میں صحافیوں، سول سوسائٹی ارکان، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی کارکنان سمیت تاجروں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرہ کے اختتام پر ناصر خان نے برما کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں، کشمیر اور فلسطین سمیت امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

ہارون آباد
میں غلہ منڈی سے انجمن پلیداران، انجمن منشیان اور انجمن بروکر کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور برما کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ضیاء) کے رہنما ملک رشید احمد اور غلہ منڈی یونین کے رہنما محمد رفیع نے کہا کہ برما میں ہونے والے اس انسانیت سوز واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
عبدالحکیم
میں بھی جنوبی پنجاب بھر کی طرح برما کے مسلمانوں کے قتل عام و نسل کشی پر اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کی خاموشی کے خلاف بطور اظہار یکجہتی ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام عبدالحکیم کی سول سوسائٹی، پریس کلب رجسٹرڈ عبدالحکیم وانجمن تاجران نے کیا، ریلی کے شرکاء نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانیت سوز مظالم کے خلاف ان اداروں کی خاموشی ظلم کے مترادف ہے۔
(جہانیاں) برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور ان کی جبری تقل مکانی کے خلاف بار ایسوسی ایشن جہانیاں کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت صدر بار چوہدری سعید اقبال گورایہ اور سیکرٹری جنرل بار ملک افتخار الحسن میتلا نے کی، ریلی کے شرکاء نے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جبکہ برما کی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی، شرکاء سے صدر بار جہانیاں سعید اقبال گورایہ، سیکرٹری بار افتخار الحسن میتلا، رانا احسان اللہ، چوہدری ذوالکفل، مس روبینہ اسماعیل نے خطاب کیا اور ریلی کے اختتام پر برما میں شہید ہونے ہونے والے مسلمانوں کی مغفرت اور پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔

میلسی
بار نے برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اپنے مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال کی، وکلاء مقدمات کی پیروی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، جسکی وجہ سے عدالتی امور معطل رہے۔ وکلاء نے کہا کہ پاکستانی حکومت فی الفور برما حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردے، اُنہوں نے عالم اسلام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی اسلام اور مسلمانوں کی حرمت کے لئے برما کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرے۔
لیاقت پور میں پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل فیڈریشن تحصیل لیاقت پور کے زیراہتمام برما کے مسلمانوں کے حق میں پریس کلب لیاقت پور کے سامنے علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کلچرل فیڈریشن کے صدر بلال خاور نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام تاریخ انسانی کی وحشت ناک مثال ہے۔ فیاض حسین سعیدی نے کہا کہ امت مسلمہ اپنی آنکھیں کھولے، مظاہرے میں نذیر بلوچ، محمد پرویز، شفیق بلوچ، آصف بلوچ، اکبر خاں، خادم حسین بھی شریک ہوئے۔
ہیڈ پنجند
میں الیکٹرونک میڈیا ایسوسی ایشن، اوچ پریس کلب، اوچ سول سوسائٹی اور جماعت اسلامی کے اشتراک سے الشمس چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے اس موقع پر پاکستانی حکومت اور عالمی برادری سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے واقعات کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کرانے اور میانمار حکومت کے خلاف جنگی جرائم کی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ خانیوال، کبیروالا، شجاع آباد، جلالپور، مظفرگڑھ، علی پور، ڈیرہ غازیخان، لیہ، بھکر، جام پور، راجن پور، میانوالی اور کروڑ لعل عیسن میں بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 667007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش