0
Friday 15 Sep 2017 16:20

محرم الحرام کی آمد، سندھ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات سخت، پاک فوج الرٹ

محرم الحرام کی آمد، سندھ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات سخت، پاک فوج الرٹ
رپورٹ: ایس ایم عابدی

ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج عبداللہ شیخ نے محرم الحرام کے لئے لاڑکانہ ڈویژن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ کے لئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ لاڑکانہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژن میں 1329 مجالس منعقد کی جائیں گی، جن میں 592 کو حساس اور 737 کو نارمل قرار دیا گیا ہے، جبکہ 212 تعزیئے برآمد کئے جائیں گے، جن کی سکیورٹی کے لئے 16665 پولیس افسران و جوان تعینات کئے جائیں گے اور 2 ہزار رینجرز کے جوان بھی اسٹینڈ بائی ہونگے۔ دریں اثناء ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس ایس ایس پی آفس میں ہوا، جس میں ایس پی ہیڈکوارٹر محمد راشد ہدایت، اے ایس پی سٹی ڈاکٹر محمد عمران سمیت تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور ہیڈ آف برانچز کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے کنٹی جنسی پلان تشکیل دیتے ہوئے بتایا کہ لاڑکانہ ضلع میں 179 جلوس برآمد کرکے 181 مجالس منعقد کی جائیں گی، جن کی سکیورٹی کے لئے 3300 پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا جائے گا، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی اسٹینڈ بائی رہیں گے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ تمام عبادتگاہوں، مدارس، مساجد، امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے راستوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے اور ساتھ ہی ساتھ ٹریفک پلان تشکیل دے کر متبادل راستے بنائے جائیں گے۔ ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کے مطابق ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت اسنیپ چیکنگ کی جائے گی اور مسافر خانوں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر کڑی نظر رکھ کر پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے عشرے کے دوران اسلحے کی نمائش، تمام ہوٹلوں اور کیبلز پر گانے چلانے، ڈبل سواری اور شراب کی فروخت پر پابندی عائد ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی صدارت میں ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں محرم الحرام کی سکیورٹی، انتظامات اور صفائی ستھرائی کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ونگ کمانڈر رینجرز کرنل ضیا ملھی، ایس ایس پی سکھر امجد حسین شیخ، سیپکو، صحت، ریونیو، میونسپل کارپوریشن اور ٹی ایم اوز کے علاوہ علمائے کرام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور بڑے لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے، ہم سب کو صبر اور برداشت سے کام لینا ہوگا، محرم الحرام کے دوران ڈی سی آفس میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جس میں پولیس، رینجرز، صحت اور دیگر اداروں کے نمائندگان اور افسران ہائی الرٹ رہیں گے اور لوگوں کی شکایات وصول کرکے فوری طور پر ان کا ازالہ کریں گے۔ ڈی سی سکھر نے مزید کہا کہ محرم کے مقررہ روٹس کے علاوہ دیگر روٹس پر سبیلوں کے پرمٹ نہیں دیئے جائیں گے، کیونکہ دہشت گردی کا خطرہ پہلے سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہر سے آنیوالے مشکوک لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کو سخت کیا جائے گا۔ رینجرز کمانڈر نے کہا کہ شکارپور پھاٹک پر پولیس اور رینجرز کی مشترکہ چیک پوسٹ قائم کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد محمد نعمان صدیق نے مختلف مکاتب فکر سے وابستہ علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال نوابشاہ میں محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے، اسٹریٹ لائٹ اور صفائی سمیت دیگر ضروری انتظامات کے بارے میں طلب کئے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے ضلع اور تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ عشرے کے دوران امام بارگاہوں، جلسوں اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور شرپسندوں، فسادیوں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے، ضلع میں چلنے والے کیبل نیٹ ورکس پر مذہبی چینلوں کے علاوہ دیگر تمام چینلوں کو بند کرایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عشرے کے دوران تمام اسپتالوں اور صحت مراکز پر مطلوبہ ادویات، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت ایمبولینسوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

کنڈیارو اور پڈعیدن سے اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز ڈاکٹر وسیم علی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے کے لئے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ضیا، ونگ کمانڈر 72 ونگ لیفٹیننٹ کرنل عاکف، ایس پی محمد عاصم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان طاہر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مظہر کلہوڑو، لوکل گورنمنٹ، سیپکو، پبلک ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، منتخب نمائندوں اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرایا جائے گا اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، پاکستان رینجرز اور پولیس کے جوان ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے موجود ہوں گے، کسی کو کوئی نیا روٹ پرمٹ جاری نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ نفرت انگیز تقاریر، پمفلٹ اور وال چاکنگ سے گریز کریں۔ کنری سے اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر دربار ہال میں ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ ندیم الرحمان میمن نے محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے طلب کردہ اعلٰی سطح کے اجلاس میں کہا کہ مذہبی جماعتوں کے عہدیداران ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، عاشورہ کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس اور تعلقوں میں اسسٹنٹ کمشنروں کے آفسوں میں مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے، جو یکم تا دس محرم الحرام چوبیس گھنٹے کام کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ ندیم الرحمان میمن نے علمائے کرام سے کہا کہ ماہ محرم الحرم کے دوران ہم آہنگی، باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

دریں اثنا میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ عزاداروں و عقیدت مندان حسین کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، جس کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں، ان شاء اللہ محرم الحرام کے جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس عزا و تعزیہ کے مقامات اور امام بارگاہوں و پڑوں کے اطراف تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات محرم الحرام سے قبل مکمل کر لئے جائیں گے، تاکہ عزاداروں و عقیدتمندان حسین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ بلدیہ جناح ہال میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے عزادار انجمنوں، تعزیہ داروں، ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں عزاداروں و تعزیہ داروں نے محرم الحرام کے حوالے سے مختلف سفارشات و تجاویز پیش کیں۔ ادھر چیئرمین میونسپل کمیٹی روہڑی شکیل عمیر میمن نے کہا ہے کہ تمام ماتمی روٹوں پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، ماتمی روٹس پر کراسنگ فرش بندی اور صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے، انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے سینٹری عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھینسوں کے باڑوں کے مالکان کو بھی نوٹس کے ذریعے یکم محرم سے بھینسیں نہ نکالنے کا کہا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 669262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش