0
Friday 16 Mar 2018 14:19

ایم کیو ایم کا 34واں یوم تاسیس، لندن قیادت کی 18 مارچ کو کارکنان کو جناح گراؤنڈ پہنچنے کی ہدایت، تصادم کا خطرہ

ایم کیو ایم کا 34واں یوم تاسیس، لندن قیادت کی 18 مارچ کو کارکنان کو جناح گراؤنڈ پہنچنے کی ہدایت، تصادم کا خطرہ
رپورٹ: ایس حیدر

شہر قائد میں ایک بار پھر تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ نے پارٹی کے 34 ویں یوم تاسیس پر کارکنوں کو جناح گراﺅنڈ کراچی پہنچنے اور یوم تاسیس منانے سے روکنے پر بھرپور مزاحمت کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ لندن گروپ کے کارکنوں نے اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں، دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایم کیو ایم لندن گروپ کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن کیلئے فہرستیں تیار کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن گروپ نے 18 مارچ کو ایم کیو ایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان کو جناح گراﺅنڈ کراچی پہنچنے کی ہدایت کر دی، نائن زیرو اور اطراف میں رہائش پذیر ایم کیو ایم لندن کے حامیوں سمیت خواتین کی بڑی تعداد کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ یوم تاسیس منانے سے روکے جانے کی صورت میں ایم کیو ایم لندن کی جانب سے بھرپور مزاحمت کئے جانے کا امکان ہے۔ جناح گراؤنڈ میں یوم تاسیس منانے کیلئے ایم کیو ایم لندن کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیری مہم شروع کر دی گئی ہے، یوم تاسیس قریب آتے ہی شہر کراچی میں وال چاکنگ کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔ 22 اگست کے بعد ایم کیو ایم لندن کی جانب سے پہلا بھرپور یوم تاسیس منانے کا مقصد ایم کیو ایم کے دیگر دھڑوں پاک سرزمین پارٹی، پی آئی بی اور بہادر آباد گروپس کو یہ باور کرانا ہے کہ ایم کیو ایم لندن ختم نہیں ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم لندن کی قیادت کی جانب سے کارکنان کو کہا گیا ہے کہ وہ یوم تاسیس پر ہر صورت جناح گراﺅنڈ پہنچ کر بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں، جبکہ اس موقع پر ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کیلئے خواتین کی بڑی تعداد کو بھی آگے رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متحدہ لندن قیادت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے یوم تاسیس پر جناح گراﺅنڈ جانے سے روکا جائے، تو بھرپور مزاحمت کی جائے، دوسری طرف 18 مارچ کے قریب آتے ہی شہر کراچی میں متحدہ لندن کے حق میں وال چاکنگ کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے، جبکہ ہر روز کی جانے والی وال چاکنگ پر تاریخ بھی درج کی جا رہی ہے۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں متحدہ لندن کے کارندوں کی جانب سے جئے الطاف کے ساتھ ساتھ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی تصاویر بھی چسپاں کی جا رہی ہیں، اس حوالے سے 14 مارچ کو ملیر میں کی جانے والی وال چاکنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار شرپسند عناصر رات گئے گلی میں آکر وال چاکنگ کر رہے ہیں، وال چاکنگ میں الطاف حسین اور یوم تاسیس کے حوالے سے نعرے درج ہیں۔ دوسری جانب سکیورٹی اداروں نے ایم کیو ایم لندن کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن کیلئے فہرستیں تیار کرکے ریکی شروع کر دی۔ 18 مارچ کو یوم تاسیس سے قبل بڑے کریک ڈاﺅن کا امکان ہے، منظر عام پر آنے والے کارکنان متوقع گرفتاریوں سے بچنے کیلئے پھر روپوش ہوگئے۔

گذشتہ دنوں متحدہ لندن کے کارکنان کے مختلف سرکاری و نیم سرکاری، صنعتی و تعلیمی اداروں میں فعال ہونے کی اطلاعات سامنے آنے اور چند روز قبل لیاقت آباد سے وال چاکنگ کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے متحدہ لندن کے 4 کارکنان فیض، فیصل، محمد اسماعیل اور بدر عباس کی گرفتاری اور ان کی جانب سے ان انکشافات کہ متحدہ لندن کے ایک اہم رہنما واسع جلیل کی جانب سے 18 مارچ کو منائے جانے یوم تاسیس کیلئے شہر بھر میں چاکنگ کا ٹاسک دیا گیا تھا، گرفتار کارکنان نے انکشاف کیا ہے کہ وال چاکنگ کی ہدایت واسع جلیل نے بذریعہ واٹس ایپ دی تھی، جس کے بعد سکیورٹی ادارے پھر سے حرکت میں آگئے ہیں اور انہوں نے متحدہ لندن کے منظر عام پر آنے والے کارکنان کی فہرستیں تیار کرکے شہر بھر میں مخبری کا جال بچھانے کے علاوہ رہنماﺅں اور کارکنان کی ریکی بھی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے باقاعدہ طور پر ان ٹھکانوں کا بھی پتا چلا لیا ہے، جہاں متحدہ لندن کے بیشتر کارکنان روپوش ہیں، جس کے تحت اس بات کا امکان ہے کہ 18 مارچ کو یوم تاسیس سے قبل لندن گروپ کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن کرکے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی جا سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹس کے معاملے پر دھڑے بندی کا شکار ہونی والی ایم کیو ایم پاکستان کا بہادر آباد گروپ پارٹی کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر 18 مارچ کو نشتر پارک کراچی میں جلسہ کریگا، جبکہ پی آئی بی گروپ کو تاحال جناح گراؤنڈ پر یوم تاسی کے جلسے کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 711833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش