QR CodeQR Code

قندوز۔۔۔آدھا کالم

4 Apr 2018 13:30

اسلام ٹائمز: سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان نے 22 مارچ کو واشنگٹن پوسٹ کو تازہ ترین انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سرد جنگ کے دوران مغرب کو اسلامی دنیا میں وہابیت کی ضرورت محسوس ہوئی، ہم نے مغرب کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے وہابی مدارس اور مساجد کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی۔" یہ کوئی اور نہیں کہہ رہا بلکہ سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کا کہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب مغرب وہابیت کو بھی ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرچکا ہے تو سعودی عرب بھی وہابی کے بجائے لبرل ملک بن گیا ہے۔


تحریر: نذر حافی
nazarhaffi@gmail.com

اتحاد میں بڑی طاقت ہے، اس سے کسی کو انکار ہی نہیں، مسلمانوں کے درمیان اتحاد تو قائم ہوچکا ہے، لیکن وہ طاقت کہاں ہے!؟ اس وقت سعودی عرب میں اسلامی ممالک کا عسکری اتحاد براجمان ہے اور گذشتہ روز افغانستان کے صوبہ قندوز میں دینی مدرسے کی تقریب دستار بندی پر امریکہ نے وحشانہ بمباری کی۔ تقریب میں تقریب میں 2 ہزار افراد شریک تھے، جن میں 750 سے زائد دینی مدارس کے بچے تھے۔ اب اگر کوئی یہ خیال کرتا ہے کہ سعودی عرب اپنے دوست ملک امریکہ سے احتجاج کرے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ اسی طرح گذشتہ دو ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، لیکن خادم الحرمین شریفین کو جیسے خبر ہی نہیں، اس کے علاوہ فلسطین میں جو خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں، انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے باوجود سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو دوستانہ بنائے جا رہا ہے اور اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کی باتیں کر رہا ہے۔

بات بالکل واضح ہے کہ جو کام امریکہ افغانستان میں، ہندوستان کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے، وہی کام سعودی عرب یمن میں کر رہا ہے، لہذا ان میں سے کوئی بھی کسی کی مذمت نہیں کرے گا بلکہ یہ سب تو ایک دوسرے کے اتحادی اور حامی ہیں۔ سعودی عرب نے امریکہ کی ایما پر جیسے پہلے جہاد کی مقدس اصطلاح کو بدنام کیا ہے، اسی طرح اب مسلمانوں کے عسکری اتحاد کو بھی بدنام کیا جا رہا ہے۔ ہم پاکستانی، سعودی عرب کے ہاتھوں میں مسلکی مہروں یا عام ٹشو پیپر کی طرح استعمال ہوتے چلے آرہے ہیں، لیکن اس قدر استعمال ہونے کے باوجود ہم میں اجتماعی و سیاسی شعور کا فقدان بدرجہ اتم پایا جاتا ہے۔

گذشتہ روز معروف کالم نگار جاوید چوہدری نے اپنے کالم بعنوان  “افغانوں کا بے گناہ لہو بول رہا ہے” میں جن حقائق کا انکشاف کیا ہے یہ کوئی نئے انکشافات نہیں ہیں، لیکن آج تک پاکستان کے کسی سنجیدہ دانشور، قومی چینل، ملکی سیاستدان یا رائٹر نے ان حقائق پر آواز نہیں اٹھائی۔ جب ہم امریکہ و سعودی عرب کے ہاتھوں میں استعمال ہو رہے تھے تو نجانے ہماری قومی سلامتی کے ضامن ادارے کس نشے میں مست تھے۔ اب ان حقائق کے منظرِ عام پر آجانے کے بعد ضروری ہے کہ ملکی سلامتی کے ادارے ان مسائل پر ازخود نوٹس لیں، اب چاہے عدلیہ میدان میں اترے یا نیب کو ایکشن لینا پڑے، کسی کو تو حرکت کرنی چاہیے، کوئی تو افغانیوں کے ناحق خون اور پاکستانیوں کو امریکہ کے حق میں استعمال کرنے پر ذمہ دار افراد پر قانونی گرفت ڈالے۔ اب پتہ نہیں کہاں ہیں ہمارے وہ سادہ لوح برادران جو سعودی عرب کو اسلام کا مرکز اور وہابیت کا ٹھیکہ دار سمجھتے تھے، ان کی آنکھیں بھی کھل جانی چاہیے۔

سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان نے 22 مارچ کو واشنگٹن پوسٹ کو تازہ ترین انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سرد جنگ کے دوران مغرب کو اسلامی دنیا میں وہابیت کی ضرورت محسوس ہوئی، ہم نے مغرب کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے وہابی مدارس اور مساجد کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی۔" یہ کوئی اور نہیں کہہ رہا بلکہ سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کا کہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب مغرب وہابیت کو بھی ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرچکا ہے تو سعودی عرب بھی وہابی کے بجائے لبرل ملک بن گیا ہے۔ جب سعودی عرب کا فکری و نظریاتی طور پر یہ حال ہے تو سعودی عرب کے عقیدتمندوں اور امام کعبہ کی گود میں پلنے اور پھلنے پھولنے والی تنظیموں، شخصیات، اتحاد اور تکفیری و دینی گروہوں کی  فکری و نظریاتی طور پر کیا صورتحال ہے، اس کا اندازہ لگانا عقل والوں کے لئے قطعاً مشکل نہیں۔

اگر آپ نے سعودیہ نواز گروہوں، اس نظریاتی گراوٹ اور فکری پستی کا اندازہ لگانا ہے تو خود سے جاوید چوہدری کا کالم اس لنک پر جا کر پڑھ لیجئے۔
https://www.express.pk/story/1136200/268/
اگر ہمیں اس کے بعد بھی عقل نہ آئے اور ہم بیداری شعور کا مظاہر نہ کریں، ہم اس کے باوجود سعودی عرب کو عالم اسلام کا خیر خواہ سمجھتے رہیں اور سعودی عرب نواز تنظیموں کے ہاتھوں میں کھیلتے رہیں تو پھر ہماری آئندہ آنے والی نسلیں ہمارے فکری جمود پر ماتم ہی کرتی رہیں گی۔ یہ کالم اس وقت تک آدھا کالم ہی متصور ہوگا جب تک اسے جاوید چوہدری کے کالم سے ملاکر نہیں پڑھا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 715559

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/715559/قندوز-ا-دھا-کالم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org