0
Wednesday 18 Apr 2018 09:10

امریکہ نے پاکستانی سفارتی عملے کو سفارتخانے تک محدود کر دیا، نقل و حرکت پر پابندی

امریکہ نے پاکستانی سفارتی عملے کو سفارتخانے تک محدود کر دیا، نقل و حرکت پر پابندی
رپورٹ: ابو فجر لاہوری

امریکہ نے پاکستان کے سفارتکاروں پر بغیر اجازت نقل و حرکت پر پابندی عائد کرکے انہیں صرف سفارتخانے تک محدود کر دیا ہے جس سے سفارتی عملہ محصور ہو کر رہ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت کار کی جانب سے پاکستانی شہری کو کچل کر مارنے کے واقعہ کے بعد پاکستان نے امریکی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے یہ اقدام امریکی کی حفاظت کیلئے اٹھایا ہے کیونکہ ریمنڈ ڈیوس کے بعد امریکیوں کے ہاتھوں پاکستانیوں کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے جس کے بعد عوام میں امریکیوں کیخلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکیوں کی حفاظت کے پیش نظر وزارت خارجہ نے انہیں نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی تھی جبکہ اس کے جواب میں واشنگٹن  نے امریکہ میں پاکستانی سفارتی عملے کو محصور کر دیا ہے۔

پاکستان سفارتی عملے کے محصور ہونے کی تصدیق ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے بھی کر دی ہے۔ ایک انٹرویو میں امریکہ کے معاون نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور تھامس شینن نے کہا کہ "امریکہ نے پابندی پاکستان کی جانب سے امریکی سفارت کاروں کی بلا اجازت نقل و حرکت پر عائد پابندی کے جواب میں لگائی ہے"۔ مبصرین کے  مطابق امریکہ کے اس اقدام کے بعد ثابت ہو گیا ہے کہ امریکہ پاکستان کا کسی طور بھی دوست نہیں، امریکیوں کو پاکستان میں خطرات کے پیش نظر پابندی لگائی گئی ہے جبکہ امریکہ میں پاکستانی سفارتی عملے کو کوئی خطرہ نہیں، اس کے باوجود امریکہ کی جانب سے پابندی کا یہ رویہ تشویشناک اور سفارتی اصولوں کے منافی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی وزیراعظم کے کپڑے اتروا کر تلاشی لی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں امریکی حکام بغیر تلاشی کے آتے جاتے ہیں۔ مبصرین کہتے ہیں کہ پاکستان کو اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اس حوالے سے واضح اور دو ٹوک پالیسی اپنانی چاہیے، جب تک پاکستان اپنی خودمختاری کا خود احترام نہیں کرے گا، دوسرے بھی نہیں کریں گے۔ مبصرین کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ کے حوالے سے پاکستان کو اب اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی، امریکہ کیلئے ہمیشہ پاکستان ضرورت رہا ہے، جبکہ امریکہ پاکستان کی کبھی ضرورت نہیں رہا، اس لئے اب حکومت دوٹوک فیصلہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 718690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش