0
Thursday 3 May 2018 20:34

کراچی، ماہ اپریل میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 38 افراد ہلاک

کراچی، ماہ اپریل میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 38 افراد ہلاک
رپورٹ: ایس ایم عابدی

شہر قائد میں ماہ اپریل کے دوران فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 38 افراد ہلاک اور 83 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ رواں سال کے چوتھے ماہ اپریل میں بھی پولیس ڈاکوؤں کو لگام ڈالنے میں ناکام رہی مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران 8 شہریوں کی جان لے لی جبکہ 55 سے زائد افراد کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس اور متعلقہ اداروں سے حاصل کی جانے والی معلومات کے مطابق 7 اپریل کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران شہری محمد یوسف کو فائرنگ کرکے قتل کیا، 9 اپریل کو ایف بی صنعتی ایریا میں نجی کمپنی کی کیش لوٹنے کے دوران دن دہاڑے ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ خالد کو قتل کیا جبکہ اسی روز زمان ٹاؤن میں گھر میں داخل ہونے والے ڈاکوؤں نے گھر والوں کی مزاحمت پر 4 سالہ بچی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ 13 اپریل کو نیو کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 22 سالہ نوجوان عاشر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور باآسانی فرار ہوگئے، 20 اپریل کو گذری میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران 20 سالہ نوجوان حمزہ کو اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہوگئے، 23 اپریل کو نیو کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری عبدالحمید ہلاک ہوا۔

29 اپریل کو سرسید کے علاقے میں ڈاکوؤں نے دکان میں گھس کر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر دکاندار 23 سالہ سہیل جمالی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پولیس اہلکار،  رینجرز اہلکار سمیت 55 افراد زخمی ہوئے۔ 12 اپریل کو قائدآباد میں گھر سے پولیس اہلکار مجاہد خان کی سر پر گولی لگی لاش ملی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے جس کی تفتیش کا عمل تاحال جاری ہے۔ بعدازاں شہر میں ذاتی دشمنی و دیگر مختلف واقعات میں فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 13 افراد کو قتل کیا گیا اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے، شہر میں گھریلو ناچاقی پر شوہروں نے جھگڑے کے دوران فائرنگ اور تشدد کرکے 3 بیویوں کو قتل کیا۔ پرتشدد واقعات میں ایک خاتون، دو لڑکیاں، ایک خواجہ سرا سمیت 14 افراد کو قتل کیا گیا جبکہ 16 اپریل کو منگھوپیر سے کمسن رابعہ کی لاش ملی تھی جس کو ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بناء پر اورنگی ٹاؤن سے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا پولیس نے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، 10 اور 11 اپریل کی درمیانی شب اچانک سٹی کورٹ کے مال خانے میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی تھی۔

ٹریفک حادثات اور واقعات میں 127 افراد ہلاک
ماہ اپریل کے دوران شہر میں ٹریفک حادثات اور واقعات میں سب انسپکٹر سمیت 127 افراد ہلاک ہوگئے، سینٹرل جیل کے 2 قیدی پراسرار طور پر ہلاک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں ٹریفک حادثات میں سب انسپکٹر، نوجوان، کمسن بچے، خواتین اور معمر شخص سمیت 73 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، کرنٹ لگنے سے 16 افراد ہلاک ہوئے۔ ٹرین سے کٹ کر 7 افراد ہلاک ہوئے، سمندر، پانی کے ٹینک اور گڑھے میں ڈوبنے سے 12 افراد جاں بحق ہوئے اور جھلس کر خاتون اور 2 بچے ہلاک ہوگئے دیگر حادثات و واقعات میں 16 افراد کی جان کی بازی ہار گئے۔ 18 اپریل کو سینٹرل جیل میں 2 قیدی زاہد صغیر اور نصیر احمد عرف عابد پراسرار طور پر ہلاک ہوئے۔ اس حوالے سے جیل عملے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے قیدی بیمار اور نشے کے عادی تھے، شہر میں فائرنگ، پھندا اور زہریلی چیز کھا کر خواتین اور نوجوان سمیت 18 افراد نے خودکشی کی، شہر کے مختلف مقامات سے 14 افراد کی لاشیں جبکہ شہر کے مختلف مقامات سے 4 نومولود بچوں کی لاشیں ملی تھیں۔

پولیس مقابلوں میں 5 ڈاکو اور 2 اغواکار ہلاک ہوئے
شہر میں تاجر کی فائرنگ اور پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک اور پولیس مقابلے میں 2 اغواکاروں کو ہلاک کیا گیا ماہ اپریل میں پولیس مقابلے میں ایک اہلکار شہید اورایس ایچ اور شدید زخمی ہوا، پولیس اور رینجرز نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 1230 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا دعوی کیا، 3 اپریل کو رسالہ میں تاجر نے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو اصغر کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ 7 اپریل کو مبینہ ٹاؤن پولیس نے مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا، 8 اپریل کو ڈیفنس میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوا، 19 اپریل کو سائٹ اے پولیس نے مقابلے میں ڈاکو محمد فیضان کو ہلاک کیا، 23 اپریل کو کھارادر پولیس نے مقابلے میں ڈاکو محمد اسماعیل کو ہلاک کیا۔ 24 اپریل کو ساحل پولیس نے مقابلے کے دوران 2 اغواکاروں شاہد اور ندیم کو ہلاک کیا، 21 اپریل کو کلفٹن میں پولیس اور ڈاکوئوں کی درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار ہدایت اﷲ شہید ہوگیا جبکہ ایس ایچ او چوہدری شاہد شدید زخمی ہوا لیکن ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 721934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش