0
Wednesday 16 May 2018 22:22

پاراچنار، حیدری بلڈ بینک کی نئی کابینہ کی حلف برداری

پاراچنار، حیدری بلڈ بینک کی نئی کابینہ کی حلف برداری
رپورٹ: ایس این حسینی

حیدری بلڈ بینک کے نام سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فقط خون جمع کرنے اور فراہم کرنے والا کوئی نجی یا رفاہی ادارہ ہوگا۔ مگر ایسا نہیں بلکہ یہ مفت خون فراہم کرنے کے علاوہ متعدد دیگر رفاہی امور نبھانے میں ہمہ وقت مصروف صرف علاقے ہی کا نہیں بلکہ صوبے کی سطح پر ایک معروف ویلفیئر ادارہ ہے۔
پیر 14 مئی کو ادارے کی نئی تعمیر شدہ عمارت میں حیدری بلڈ بینک اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نے حلف برداری کا پروگرام منعقد کیا تھا۔ جس میں ادارے کے اراکین کے علاوہ تحریک حسینی کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسین الحسینی، صدر تحریک مولانا یوسف حسین جعفری اور متعدد عمائدین نے شرکت کی۔ اس دوران تحریک حسینی کے سرپرست اعلیٰ علامہ سید عابد حسین الحسینی نے ادارے کی نئی کابینہ سے حلف بھی اٹھایا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اسکے بعد ادارے کے وائس چیئرمین پروفیسر لیاقت علی  نے اپنے ابتدائی کلمات کے ذریعے بلڈ بینک کا تعارف ان الفاط میں کرایا۔
پروفیسر لیاقت علی:
حیدری بلڈ بینک کی بنیاد باقاعدہ طور پر 26 جولائی 1995 کو رکھی گئی۔ اگرچہ اس سے پہلے بھی عاطف جان بھٹو اور سید مہدی شاہ وغیرہ نے بھی بلڈ بینک کے طرز پر ایک رفاہی ادارہ قائم کیا تھا۔ تاہم بوجوہ وہ زیادہ دیر نہ چل سکا۔ چنانچہ کچھ دوستوں کی محنت سے جولائی 1995 میں ایک رشیئن فریج کے ساتھ، باقاعدہ ایک آئین و منشور کے تحت موجودہ ادارے (حیدری بلڈ بینک اینڈ ویلفیئر سوسائٹی) کی بنیاد رکھی گئی۔ جو ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے الحمد للہ آج اپنی عمارت کا مالک بن چکا ہے۔ اس کامیابی میں ہمارے ممبران کی بے لوث اور انتھک خدمات کے علاوہ بہت سارے مخیر افراد اور اداروں کا بھی ایک اہم رول رہا ہے۔ جن میں ہمارے پاس موجود علامہ سید عابد حسینی اور حسینی فاؤنڈیشن سرفہرست ہیں، علامہ عابد حسینی نے بعض اداروں کے نام خطوط لکھ کر ہماری کمک کی ہے۔ جبکہ حسینی فاؤنڈیشن نے اب تک لاکھوں روپے فراہم کرکے ادارے کے ساتھ بھرپور مالی تعاؤن کیا ہے۔ خدا ہر ایک کو انکی نیتوں اور محنت کی جزا ہزار گنا عطا فرمائے۔
حیدری بلڈ بینک کے شعبہ جات
حیدری بلڈ بینک نہ صرف کرم ایجنسی، بلکہ بارڈر سیل ہونے سے قبل افغانستان کے آس پاس کے علاقوں سے آنے والے، ہزاروں افراد کو نصف ریٹ پر قابل ٹیکنیشنز کے زیر نگرانی جدید مشینری کے ذریعے مختلف ٹیسٹ کی سہولیات بہم پہنچاتا رہا ہے۔ اسکے علاوہ اس ادراے کے تحت عوام کے لئے دیگر مختلف قسم کی خدمات بھی بہم پہنچائی جاتی رہی ہیں۔ جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
1: زینبیہ تھیلسیمیا سنٹر: حسینی فاؤنڈیشن کے تعاون سے حیدری بلڈ بینک کے زیر نگرانی زینبیہ تھیلیسیمیا سنٹر کام کررہا ہے۔ جسکے تحت بلڈ کینسر کے مریضوں کو مفت خون فراہم کیا جاتا ہے۔ اس وقت تھیلیسیمیا کے 114 مریض یہاں رجسٹرڈ ہیں، جنہیں باقاعدہ طور پر مفت خون فراہم کیا جارہا ہے۔
2: سلائی مشین کی فراہمی: خود روزگار سکیم کے تحت حیدری بلڈ بینک نے اب تک 17 انتہائی نادار اور غریب خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کرکے روزگار کے قابل بنادیا ہے۔
3: دوکانات کی فراہمی: غریب افراد کو دوکان کھولنے کا ایک منصوبہ چل رہا ہے۔ جسکے تحت اب تک دو افراد کو باقاعدہ طور پر دوکانیں فراہم کی جاچکی ہیں۔ جس کے ذریعے وہ اپنے اہل وعیال کے لئے روزی کمارہے ہیں۔
4: مال مویشی کی فراہمی: دیہات میں آباد غریب اور انتہائی نادار افراد کے لئے خود روزگار سکیم کے تحت انتہائی نادار اور مستحق افراد کو اب تک 40 بھیڑ، 32 گائے اور 20 بکریاں فراہم کی جاچکی ہیں۔ جن کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اور مذکورہ افراد ان سے مستفید ہورہے ہیں۔
5: زرنج کی فراہمی: خود روزگار سکیم کے تحت اب تک 8 افراد کو زرنج ( چین چی) فراہم کی جاچکی ہیں۔ جن سے مستفید ہوکر مذکورہ افراد اپنے بال بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں۔
6: شہداء کے ورثاء کیلئے مکانات: شہداء کے لئے رہائشی مکانات بنانے کا ایک منصوبہ ہے۔ جسکے تحت اب تک 5 مکانات تعمیر کرکے مستحق شہداء کے ورثاء کے حوالے کئے جاچکے ہیں۔
آئندہ کے منصوبے: پاراچنار میں ائرپورٹ موجود ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یہاں پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے، اور بعض بیماریوں کے سیریس مریضوں کو علاج کی سہولت مقامی طور پر کچھ یوں فراہم کیا جائے کہ ملک کے قابل ترین ڈاکٹروں کو فلائٹ کے ذریعے ایک یا دو دن کے لئے یہاں بلاکر مریضوں کا علاج کرایا جائے۔ اور علاج معالجہ کے بعد ڈاکٹروں کو فلائٹ کے ذریعے واپس اپنے اپنے مقامات پر پہنچایا جائے۔
سیکریٹری نجات حسین:
لیاقت حسین کے بعد ادارے کے سیکریٹری سید نجات حسین نے ماضی میں ہونے والی بعض غلطیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہمارے کچھ دوستوں کی غلطیوں کی وجہ ادارہ سیاست میں ملوث ہوکر اپنی حیثیت اور مورال کھو بیٹھا، جسکے بعد ہم نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے الیکشن میں کسی کی حمایت یا مخالفت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادراہ سیاسی نہیں، بلکہ رفاہی اور ویلفیئر ادارہ ہے، کسی خاص فرد یا گروہ کا نہیں بلکہ ہر کرمیوال کا ہے۔ چنانچہ آئندہ ہم سیاست میں کسی طرح سے حصہ نہیں لیں گے۔ آخر میں انہوں نے ہسپتال کے نامکمل پورشن کی تکمیل میں علامہ عابد حسینی سے تعاون کا مطالبہ بھی کیا۔
حلف برداری پروگرام:
ادارے کی آئین کے مطابق اور نئے سیٹ اپ کے تحت کچھ عرصہ قبل ایک نیا کابینہ تشکیل دیا گیا ہے۔ جس میں عاشق حسین کو چیئرمین، پروفیسر لیاقت علی ڈپٹی چیئرمین، جبکہ سید نجات حسین کو سیکریٹری منتخب کیا جاچکا ہے۔ ادارے کی نئی عمارت میں علامہ سید عابد حسین الحسینی نے نئے کابینہ سے حلف اٹھایا۔
علامہ سید عابد حسینی:
حلف برداری کے بعد علامہ سید عابد حسین الحسینی نے حیدری بلڈ بینک کے اراکین سے خطاب کیا۔ اور انکی انتھک محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ جنہوں نے شب وروز اپنی محنت سے علاقے کے عوام کی بے لوث خدمت کی۔ انہوں نے ادارے کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔
علامہ حسینی نے کہا کہ جسطرح علامہ فدا حسین مظاہری نے سیاست اور انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اسی طرح ہم (تحریک حسینی) نے بھی باقاعدہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ تحریک کے پلیٹ فارم سے کسی امیدوار کی حمایت یا مخالفت نہیں کی جائے گی۔ اور یہ کہ تحریک کا دفتر بھی کسی سیاست کا حصہ نہیں بنے گا۔ ادارے کے ساتھ مالی تعاون کے حوالے سے علامہ حسینی نے کہا کہ چند سال قبل بعض مخیر دوست تھے۔ جو کسی بھی خیر کام میں بغیر کسی پس وپیش کے فورا تعاون کیا کرتے تھے۔ مگر افسوس کہ اب وہ حضرات وفات پاچکے ہیں۔ تاہم دوسرے کئی دوست اب بھی موجود ہیں۔ جن سے کمک کی گزارش کی جائے گی۔ باقی مرضی انکی ہے کہ کتنی کمک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کچہ پکہ میں امام بارگاہ اور مسجد کی تعمیر کے حوالے سے بھی مخیر حضرات سے رابطہ کیا جاچکا ہے۔ جنہوں نے اس حوالے سے حتی الوسع تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 724955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش