0
Tuesday 16 Oct 2018 00:52

ملتان میں تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟

ملتان میں تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟
رپورٹ: ایم ایس نقوی

ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نون کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار قاسم عباس جیت گئے، قاسم عباس لنگاہ نے 36 ہزار 190 ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار رانا سہیل نون نے 30 ہزار 107 ووٹ حاصل کئے، آزاد امیدوار شازیہ نرگس نے 22 ہزار 729 ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار قاری محمد قاسم نے 970 ووٹ حاصل کرسکے۔ حلقے میں رجسٹر ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 858 ہے جبکہ 93 ہزار 496 ووٹ کاسٹ ہوئے ٹرن آؤٹ تقریباً 48 فیصد رہا۔ خیال رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے غلام عباس کھاکھی اس نشست پر کامیاب ہوئے، تاہم ان کے انتقال کے بعد اس نشست پر ضمنی انتخاب ہوا، تحریک انصاف کے امیدوار رانا سہیل نون کا ''اسلام ٹائمز'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شکست کی وجہ تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ہیں، اس کی ذمہ دار آزاد امیدوار شازیہ نرگس ہیں، جو آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہی تھیں، جس کی وجہ سے ووٹر تقسیم ہوا اور تحریک انصاف اپنی جیتی ہوئی نشست ہار گئی، تاہم شازیہ نرگس نے پارٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جس کی شکایت اعلیٰ قیادت سے کروں گا۔

آزاد امیدوار شازیہ نرگس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں قومی اسمبلی کے ایم این اے رانا قاسم نون نے اپنے بھائی کو پارٹی ٹکٹ دلوا دی، جس پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے اعتراض کیا تھا، ان کے کہنے پر میں میدان میں اتری، میرے مرحوم شوہر اس نشست پر عام انتخابات میں جیتے، تاہم اب یہ نشست تحریک انصاف کے ہاتھ سے نکل گئی، اگر میں جیت جاتی تو تحریک انصاف کا حصہ بنتی۔ اس حلقے میں مسلم لیگ نون کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار قاسم عباس نے اپنی جیت کو کارکنوں کی جیت قرار دیا، قاسم عباس کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کارکنوں نے ضمنی انتخاب میں بھرپور مہم چلائی، اب جیت کر مسلم لیگ نون میں شامل ہو جاوں گا اور اپنے علاقے کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ نشست تحریک انصاف کی تھی، تاہم دو امیدوار میدان میں ہونے کے باعث تحریک انصاف عام انتخابات میں جیتی ہوئی نشست کھو بیٹھی ہے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ تقسیم کا فیصلہ درست نہیں تھا، کیونکہ رانا سہیل نون عام انتخابات میں پی پی 221 سے شکست کھا چکے تھے، جس پر تحریک انصاف کا ووٹر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا۔ دوسری طرف مسلم لیگ نون کی بہترین حکمت عملی قاسم عباس کو جیتوا گئی، کیونکہ مسلم لیگ نون نے اپنے امیدوار کو دستبردار کروا کر آزاد امیدوار کی حمایت کی، جس سے وہ جیت گیا جبکہ اس ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نون کے تمام دھڑے یکجا دکھائی دیئے۔
خبر کا کوڈ : 756063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش