1
1
Tuesday 13 Nov 2018 00:37

ہم امریکہ مخالف کیوں۔۔۔۔؟

(مڈل ایسٹ کے کسی رائٹر کے تخیل کو ایک سچے پاکستانی کے تخیل میں ڈھالنے کی ایک کوشش)
ہم امریکہ مخالف کیوں۔۔۔۔؟
تحریر: محمد سجاد شاکری

اگر آپ ماحولیات (Natural environment) کے لئے دلسوزی رکھنے والے حقیقی ماہرِ ماحولیات ہیں
تو یقیناً...آپ  امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ ماحولیات کو آلودہ کرنے والا ملک ہے۔
اگر آپ عالمی امن (global peace)  کی برقراری کے لئے فعال ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ اس آخری عشرے میں پوری دنیا میں ہونے والی ان تمام جنگوں کی مستقیم یا غیر مستقیم قیادت کرنے والا ملک ہے، جن جنگوں نے لاکھوں انسانوں کو لقمۂ اجل بنایا ہے۔
اگر آپ واقعاً ایک ڈیموکریٹ (Democrat) ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ نے جنوبی امریکا کے ملک جمہوریہ چلی (Republic of Chile) سے لے کر ایران تک کی کئی عوامی اور جمہوری حکومتوں کو گرایا اور اس کے برعکس سعودی عرب جیسی بادشاہی ڈکٹیٹر حکومتوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

اگر آپ واقعاً نظام سرمایہ داری کے مخالف (Anti-capitalism) ہیں
تو یقیناً...آپ  امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ جدید اور مابعد تجدد (Postmodern) وحشیانہ نظام سرمایہ داری کی تجلی گاہ ہے۔ جس کی بیشترین درآمد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی ایجاد اور فروخت سے ہوتی ہے۔
اگر آپ واقعاً ایک حقیقی مسلمان ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ نے پچھلے ایک عشرے میں دو اسلامی ملکوں پر حملہ کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ دہشت گردوں کی تربیت کرتے ہوئے انہیں جدید ترین اسلحہ سے مسلح کیا ہے، تاکہ انرجی کے حوالے سے دنیا کے سب سے زیادہ اسٹریٹیجک علاقے میں بدامنی پھیلا کر نظام سرمایہ داری کے لئے انرجی کی فراہمی کو یقینی بنا سکے۔
اگر آپ واقعاً خاندانی نظام کے عاشق ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکی فیلمی انڈسٹری ہالی ووڈ (Hollywood) خاندانی نظام کی تباہی کا بنیادی ترین ثقافتی عامل ہے۔

اگر آپ حقیقی معنوں میں حقوق بشر کے لئے فعال (human rights activist) ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکی پولیس اپنے ہاتھوں سے سالانہ انسانوں کی ایک بہت بڑی تعداد کو موت کی نیند سلاتی ہے، (اس سال اب تک سات سو کے قریب لوگ مارے گئے ہیں) اور امریکہ پوری دنیا میں جس کسی کو بھی اس کی سامراجیت (Imperialism) کے لئے مزاحم سمجھے تو اسے اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کا نشانہ بناتا ہے۔ اس کے علاوہ افریقہ اور ایشیا میں ہزاروں انسانوں کو لیبارٹری چوہوں (Laboratory rat) کی طرح اپنی میڈیسنز اور کیمیائی آزماشوں کا نشانہ بناتا ہے۔
اگر آپ بچوں کے حقوق کے طرفدار ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ سب سے زیادہ بچوں کے قتل عام کرنے والی صہیونی اسرائیلی حکومت کا سب سے بڑا حامی ہے اور اسی امریکہ کے ہی ڈرون طیاروں کی بمباری سے بعض مہینوں میں دسیوں پاکستانی اور افغانی بچوں کی کھوپڑیاں ہواؤں میں بکھر جاتی ہیں۔

اگر آپ حقیقت میں خواتین کے حقوق کے مدافع ہیں اور عورتوں کے جنسی ابزار کے طور پر استعمال کے مخالف ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ اور اس کی فلم انڈسٹری عورتوں کے جنسی استحصال کی سب سے بڑی مبلغ ہیں۔
اگر آپ واقعاً علم کو انسانیت کی خدمت کے لئے استعمال کرنے کے حامی ہیں۔
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دنیا کے مہلک ترین اسلحہ کی ساخت و ساز اور بے قید و بند فروخت کے ذریعے علم کو انسانیت کی نابودی کے لئے استعمال کر رہا ہے۔

اگر آپ واقعاً ایک سچے پاکستانی ہیں
تو یقیناً...آپ امریکہ مخالف ہوں گے... کیونکہ....امریکہ ہمیشہ پاکستان کی سیاست اور ملک کے داخلی امور میں بےجا مداخلت کرنے کے علاوہ بار بار اپنے ڈرون طیاروں کے ذریعے سے پاکستان کی فضائی حدود کی نہ فقط خلاف ورزی کرتا ہے بلکہ ڈرون حملوں کے ذریعے اب تک ہزاروں انسانوں کو لقمہ اجل اور اس سے کئی گنا زیادہ کو زندگی بھر کے لئے معذور بنا چکا ہے اور اس سے کہیں زیادہ بدتر صورتحال یہ کہ اقتدار کے لالچ میں اندھے پن کے شکار ایک جنرل کو دباؤ میں لا کر پاکستان کو بھی امریکہ نے اپنی افغان جنگ کا پارٹنر بنایا، جس کے ذریعے پاکستان کو اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر دہشت گردی کی ایک ایسی جنگ میں جھونکا؛ جس جنگ کی دیو نما ہیکل نے نہ فقط پاکستان کی معیشت تباہ کرکے رکھ دی، نہ فقط پاکستان کی امنیت کو تباہ و برباد کر دیا، نہ فقط پاکستان کی انفراسٹریکچر کا جنازہ نکالا، نہ فقط ہزاروں پاکستانیوں کو لقمہ اجل بنایا، نہ فقط پاکستان کی فوج اور سکیورٹی اداروں کو اپنی چاروں سرحدوں کے علاوہ شہروں میں بھی جنگ لڑنے پر مجبور کر دیا، بلکہ پوری دنیا میں پاکستان اور پاکستانی کے وقار کو خاک میں ملا کر رکھ دیا اور اسی طرح کی دسیوں دیگر وجوہات ہمیں ببانگ دہل یہ اعلان کرنے پرمجبور کرتی ہیں...کہ
ہم امریکہ مخالف ہیں... مردہ باد مردہ باد... امریکہ مردہ باد
خبر کا کوڈ : 760848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

خادم جاوید
Iran, Islamic Republic of
برادر شاکری نے واقع میں امریکہ کے منحوس چھرے کو بھت سے لوگ جو کٹھ پتلی مسلمان نما ریاستیں اور کچھ آمریکہ نواز لوگوں کے، حق پنھانی کو آشکار کرنے میں اور انکی موشگافیوں کو بے نقاب کرنے میں بھت عمدہ اور مؤثر ھیں.
خداوند انکے قلم میں اور زیادہ تاثیر عطا کرے
ہماری پیشکش