0
Tuesday 8 Jan 2019 19:46

امریکہ شدید سیاسی بحران کی لپیٹ میں

امریکہ شدید سیاسی بحران کی لپیٹ میں
تحریر: علی احمدی

وائٹ ہاوس اور کانگریس کے درمیان مذاکرات میں ناکامی کے بعد امریکی حکومت کا جزوی شٹ ڈاون جاری ہے۔ یہ مذاکرات شٹ ڈاون ختم کرنے کیلئے مناسب راہ حل کی تلاش کیلئے انجام پائے تھے لیکن نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے جس کے باعث ملک میں موجود سیاسی بحران مزید شدت اختیار کر چکا ہے۔ ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پلوسی نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتے ایک نیا بل پیش کیا جائے گا جس کی منظوری کے بعد موجود شٹ ڈاون ختم کرنا ممکن ہو جائے گا لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ خود کو قومی سطح پر ایمرجنسی کے نفاذ کیلئے تیار کر رہے ہیں۔ امریکی پائلٹس نے بھی صدر کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت کے جزوی شٹ ڈاون کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔ یہ شٹ ڈاون اس وقت شروع ہوا جب امریکی صدر نے کانگریس سے 5 ارب ڈالر کی درخواست کی تاکہ اس کے ذریعے میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر فولادی دیوار تعمیر کی جا سکے لیکن کانگریس نے یہ بجٹ منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
 
امریکی نیوز چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: "ہم قومی سطح پر ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرنے والے ہیں کیونکہ قومی سطح پر ایمرجنسی صورتحال درپیش ہے اور میں عوام سے کہوں گا کہ ہم جنوبی سرحد پر سیمنٹ کی دیوار بنانے کی بجائے فولادی دیوار بنائیں گے کیونکہ وہ زیادہ مضبوط ہوتی ہے۔" امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پلوسی نے حکومتی شٹ ڈاون کے خاتمے کیلئے انجام پانے والے مذاکرات میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: "ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک اراکین اگلے ہفتے مناسب بل منظور کروا کر حکومتی شٹ ڈاون ختم کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ اقدام بہت ضروری اور لازمی ہے تاکہ امریکی عوام مالی سہولیات سے بہرہ مند ہو سکیں اور اپنی تنخواہ وصول کر سکیں۔" انہوں نے مزید کہا: "ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کی درخواست غیر اخلاقی ہے اور امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسے برباد کرنے کے مترادف ہے۔" جمعرات کے روز دو علیحدہ بل ایوان نمائندگان میں پیش کئے جائیں گے۔ اگر یہ دو بل منظور کر لئے گئے تو مالی پیکج سینیٹ میں بھیجا جائے گا جہاں ریپبلکن اراکین کی اکثریت ہے۔ سینیٹ میں ریپبلکن اراکین کے سربراہ مک کانل کا کہنا ہے کہ سینیٹ صدر کے پاس ایسا کوئی بل نہیں بھیجے گا جس پر وہ دستخط کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کریں۔
 
ڈیموکریٹک اراکین ایسے وقت یہ بل پیش کر رہے ہیں جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے سے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ کسی بل پر دستخط نہیں کریں گے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر کانگریس نے ان کے مطلوبہ بجٹ کی منظوری نہ دی تو وہ آئندہ چند ماہ بلکہ چند سال تک بھی حکومت کا جزوی شٹ ڈاون جاری رکھنے کا ارادہ کر چکے ہیں۔ اسی مسئلے کی وجہ سے ماہرین امریکی حکومت کے عارضی شٹ ڈاون کو پریشانی کی نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے پانچ ارب ڈالر پر مشتمل بجٹ کی درخواست دی ہے جبکہ ایوان نمائندگان جہاں اکثریت ڈیموکریٹک اراکین کی ہے نے اس کی مخالفت کی ہے۔ ڈیموکریٹک اراکین حکومتی شٹ ڈاون کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں جب حکومت شٹ ڈاون کا شکار ہے سرحدی سکیورٹی سے مربوط مسائل کا جائزہ لینا ممکن نہیں۔ دونوں طرف سے ضد اور اصرار جاری ہے اور کوئی بھی فریق پیچھے ہٹنے کو تیار دکھائی نہیں دیتا۔ ڈیموکریٹس امیدوار ہیں کہ انکی موجودہ حکمت عملی سینیٹ میں ریپبلکن اراکین کو مشکل حالات سے روبرو کر دے گی۔ اس سے پہلے سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں بھی حکومت پندرہ دن تک شٹ ڈاون کا شکار رہی تھی لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے شٹ ڈاون کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
 
امریکی حکومت کے جزوی شٹ ڈاون نے اس ملک کے ورکر طبقے کو شدید پریشان کر ڈالا ہے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹک اراکین کے سربراہ چاک شومر نے امریکی صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: "امریکی صدر بیگناہ انسانوں کو نقصان پہنچانا چھوڑ دیں اور حکومتی شٹ ڈاون ختم کر دیں۔" دوسری طرف تقریباً 61 ہزار پروفیشنل پائلٹس نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ ان کا یہ اقدام امریکی فضائی سکیورٹی خطرے میں پڑ جانے کا باعث بن رہا ہے۔ ان پائلٹس کا تعلق 32 مختلف ہوائی کمپنیوں سے ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ حکومتی شٹ ڈاون کے نتیجے میں افراد کو زبردستی بغیر تنخواہ کے چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے جس کے باعث امریکہ کی فضائی سکیورٹی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ یاد رہے حکومت کے جزوی شٹ ڈاون کے نتیجے میں تقریباً چار لاکھ حکومتی اہلکاروں کو بغیر تنخواہ زبردستی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 770977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش