QR CodeQR Code

صوبائی وزیر معدنیات کا دورہ پاراچنار

15 Jan 2019 15:16

اسلام ٹائمز: صوبائی وزیر معدنیات نے کہا کہ معدنیات کے حوالے سے اب تک پانچ نئے اضلاع (جو فاٹا کے انضمام کے بعد بنے ہیں) کا دورہ کیا ہے اور یہاں اپنے محکمہ کے لئے راستہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیز کے حوالے سے ہم نے ایک شفاف نظام بنایا ہے۔ اس وقت آپ کو کسی دفتر کا چکر لگانا نہیں پڑے گا بلکہ ڈائریکٹ ایک آن لائن فارم پر کرنا پڑے گا، جسکی فیس 32 ہزار روپے ہے جو آپ ہی کے علاقے کی بہبود پر خرچ ہوگی۔


رپورٹ: ایس این حسینی

صوبائی وزیر معدنیات امجد علی خان نے گذشتہ روز پاراچنار کا دورہ کیا۔ اس دورے میں انکے ساتھ متعلقہ محکمے کے ڈائریکٹر سمیت دیگر اہم افسران بھی شامل تھے۔ مقامی انتظامیہ نے انکے اعزاز میں گورنر کاٹیج پاراچنار میں ایک پروگرام رکھا، جس میں ضلع کرم کے عمائدین اور اہم سیاسی و سماجی رہنماؤں کو دعوت دی گئی تھی۔ پروگرام شروع ہونے سے قبل صوبائی ڈائریکٹر معدنیات نے شرکاء کو صوبائی وزیر معدنیات کے دورے کے حوالے سے بریفنگ دی اور انکے اہداف و مقاصد سے انہیں آگاہ کیا۔ باقاعدہ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت قرآن کے بعد بلافاصلہ تحریک حسینی کے رہنما حاجی عابد حسین جعفری کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو کرم آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد واحد عوامی اور سیاسی شخصیت ہیں، جنہوں نے نہایت مشکل حالات میں پاراچنار کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے احتجاج میں بیٹھی ہوئی عوام کے پاس جاکر انکی خبر گیری کی اور انکے زخموں پر مرحم رکھا۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کا دورہ بھی اپنی نوعیت کا پہلا دورہ ہے، جس پر ہم انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تاہم ان سے گزارش کرتے ہیں کہ معدنیات کی تلاش اور اسکے طریقہ کار میں قبائلی روایات اور قوانین کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پہاڑ اور میدان مختلف قسم کے معدنیات سے بھرے پڑے ہیں۔ جن میں کوئلہ، سوپ سٹون، پلاٹینیم، ماربل، کرومائٹ اور سنگ مرمر قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں پہلے سے شروع کاموں میں ٹھیکیداروں اور مقامی لوگوں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ نیز 2007ء کے فسادات کے دوران متاثر ہونے والے افراد کا جو ٹائم ضائع ہوا ہے، انہیں ضائع شدہ وقت کے برابر مزید مہلت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معدنیات پر کام کرنے کے حوالے سے دیئے جانے والے ٹھیکوں میں بھی اولویت مقامی افراد کو دی جائے۔ اسکے بعد حاجی سید حسین بادشاہ نے صوبائی وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ معدنیات پر کام کرنے سے پہلے حکومت کو چاہیئے کہ ہمارے مابین شاملات اور پہاڑوں کے تنازعات ختم کروائیں تاکہ آئندہ شاملات سمیت کسی موضوع پر بھی ہمیں لڑنا جھگڑنا نہ پڑے۔

انہوں نے سفارش کی کہ لیز لوکل افراد ہی کو دیئے جائیں۔ حاجی حیات خان نے کہا کہ مقامی افراد  کا لحاظ رکھا جائے اور انہیں ان ٹھیکوں میں اولویت دی جائے۔ حاجی عبدالمنان نے کہا کہ صوبائی وزیر کو ہم مکمل تعاون کی یقین دلاتے ہیں، تاہم علاقائی روایات کا لحاظ کیا جانا چاہیئے۔ سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی نور محمد نے صوبائی وزیر کو کرم کے دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے، انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہم عمران خان اور اسکی پارٹی پی ٹی آئی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے نہایت مشکل حالات میں پاراچنار کے عوام کے زخموں پر مرحم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر محترم جس مقصد کے لئے تشریف لائے ہیں، اس حوالے سے ہم انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ آخر میں صوبائی وزیر معدنیات امجد علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا، میں نے معدنیات کے حوالے سے اب تک پانچ نئے اضلاع (جو فاٹا کے انضمام کے بعد ضلع بنے ہیں) کا دورہ کیا ہے اور یہاں اپنے محکمہ کے لئے راستہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیز کے حوالے سے ہم نے ایک شفاف نظام بنایا ہے، اس وقت آپ کو کسی دفتر کا چکر لگانا نہیں پڑے گا بلکہ ڈائریکٹ ایک آن لائن فارم پر کرنا پڑے گا۔ جسکی فیس 32 ہزار روپے ہے، جو آپ ہی کے علاقے کی بہبود پر خرچ ہوگی۔

اس فارم کے بعد آپکو کسی کچہری یا دفتر کا چکر لگانا نہیں پڑے گا۔ نہ ہی رشوت دینے کی ضرورت پڑے گی، بلکہ میرٹ کی بنیاد پر لیز دی جائے گی۔ تاہم انہوں نے ایک انکشاف یہ بھی کیا کہ معدنیات کسی شخص کی ذاتی نہیں ہوتیں، بلکہ یہ سرکار ہی کی ہوتی ہیں۔ چنانچہ اس حوالے سے کوئی دعوٰی نہیں کیا جا سکتا، ہاں افراد کی اراضی استعمال کرنے پر انہیں مناسب کرایہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لئے 100 بلین (100 ارب) روپے مختص کئے جا چکے ہیں، جس سے ان علاقوں میں ترقیاتی کام ہو جائیں گے اور علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کسی بھی علاقے سے معدنیات سے حاصل ہونے والی رقم انکی بہبود و ترقی ہی پر خرچ ہوگی۔ انہوں نے کہا، کہ خان نے فری پاکستان کا نعرہ لگایا ہے۔ انشاءاللہ اب پاکستان کسی کی املا لیکر نہیں چلے گا۔ امجد علیخان کا کہنا تھا کہ کہیں بھی رشوت کا کوئی مطالبہ ہوا تو ہمیں فوری کال کریں، انشاءاللہ اب پاکستان سے کرپشن کا مکمل طور پر خاتمہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 772228

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/772228/صوبائی-وزیر-معدنیات-کا-دورہ-پاراچنار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org