0
Thursday 24 Jan 2019 22:09

وینزویلا میں کھلی امریکی مداخلت

وینزویلا میں کھلی امریکی مداخلت
تحریر: نادر بلوچ

امریکہ اپنی مکاریوں اور چالبازیوں سے باز نہیں آتا، دنیا کا کوئی بھی خطہ یا ملک ہو، وہاں اپنے ٹاوٹ لانے، مقاومتی اور سینہ تان کر جواب دینے والی حکومتوں کا تختہ الٹنے کی آخری کوشش تک جاتا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک ہوں یا وینزویلا، ہر جگہ امریکہ اپنے سازشی جال بنتا رہتا ہے۔ عراق میں صدام حسین کی حکومت کے خاتمے، لیبیا کے کرنل قذافی کو مروانے، مصر میں اخوان المسلمون کی حکومت کا تختہ الٹنے اور افغانستان کے موجود حالات کا ذمہ دار امریکہ ہی تو ہے۔ تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں اپوزیشن لیڈر جون گائیڈرو کی جانب سے خود کو صدر اعلان کرنے پر اس کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے ساتھ ہی وینزویلا میں احتجاجی مظاہروں کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ابتک کی اطلاعات کے مطابق ان مظاہروں میں تیرہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر جون گائیڈرو نے خود کو صدر قرار دینے کے بعد ملک کی آرمی کو بھی تعاون کرنے کی درخواست کی ہے، مگر وینزویلا کی فوج نے تاحال ایسا کوئی اقدام نہیں کیا۔ دوسری جانب وینزویلا  کے منتخب صدر نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے واشنگٹن سے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے ہیں۔ وینزویلین صدر نیکولس مدورو نے امریکی سفارت کار کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کے احکامات صادر کر دیئے ہیں، تاہم امریکی حکام نے سفارتکاروں کی واپسی سے صاف انکار کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کی جانب سے عوام کے سامنے خود کو صدر قرار دیئے جانے کے بعد صدر نیکولس مدورو نے صدارتی محل سے ٹی وی پر قوم سے خطاب بھی کیا اور الزام عائد کیا کہ حکومت مخالف مظاہروں کے لیے اپوزیشن کو امریکہ کی کھلی حمایت حاصل ہے۔

وینزویلین صدر نے جذباتی تقریر میں کہا کہ اس سرزمین کے لوگ اس کے دفاع کے لیے تیار ہیں، وہ امریکہ کی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ صدر نیکولس مدورو نے اپوزیشن کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد گذشتہ سال ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 10 جنوری سے اپنی دوسری مدت کے لیے اقتدار سنبھالا تھا، جس کے بعد سے ملک بھر میں اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ امریکہ کی حمایت کے بعد یورپی یونین، برازیل، کولمبیا اور پرو نے  بھی حزبِ اختلاف کے رہنما گوائڈو کو صدر تسلیم کر لیا ہے۔

امریکہ، یورپی یونین اور دیگر ممالک کی وینزویلا میں کھلی مداخلت کے بعد قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وینزویلا میں مزید خون خرابہ ہوگا اور حالات کشیدگی کی طرف جائیں گے، امریکی ہمسائیگی میں وینزویلا وہ ملک ہے، جس نے امریکہ کو شیطان ملک قرار دے رکھا ہے اور کسی قسم کی مداخلت کو ایک لمحے کے لیے بھی برداشت نہیں کرتا، عالمی مبصرین نے امریکی موقف اور اقدام پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق ایک خود مختار ملک کے اندرونی معاملات میں اس انداز میں مداخلت کرنا جہاں ایک قبیح عمل ہے، وہی اس ملک کے حالات خراب کو جان بوجھ کر خراب کی کوشش بھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 774074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش