QR CodeQR Code

تابوت میں آخری کیل

30 Jan 2019 07:07

سیاسی حلقوں کے مطابق بحرینی حکومت کی جانب سے سزائے موت کا حالیہ حکم عوام کے احتجاجات میں شدت اور اس ملک کی عوامی تحریک میں جوش و خروش پیدا ہونے کا باعث بن سکتا ہے اور بعید نہیں کہ آل خلیفہ کا یہ فیصلہ بحرینی حکومت کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو، البتہ عالمی اداروں کو اس بات کی طرف بھی ضرور توجہ کرنا ہوگی کہ آل خلیفہ کو اقتدار میں باقی رکھنے میں کن کن ممالک کا ہاتھ ہے اور عالمی برادری کب انکے حقیقی چہروں کو بے نقاب کریگی۔


اداریہ
بحرین میں آل خلیفہ کی عدالت عالیہ نے جمعیت الوفاق کے سیکرٹری جنرل شیخ علی سلمان کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے. بحرین کی عدالت نے چوبیس اکتوبر دو ہزار اٹھارہ کو شیخ علی سلمان اور بحرین کی پارلیمنٹ کے دو اراکین حسن سلطان اور علی الاسود کو بری کئے جانے کے حکم کو منسوخ کرتے ہوئے ان پر قطر کے لئے جاسوسی کا الزام عائد کرتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ بحرین اپیل کورٹ سے عمر قید کی سزا ایسی حالت میں سنائی گئی ہے کہ جمعیت الوفاق نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ان پر جاسوسی کا عائد کیا جانے والا الزام ثابت کرنے کے لئے آل خلیفہ حکومت کے پاس کوئی ثبوت بھی نہیں ہے، بلکہ تمام دستاویزات اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ یہ الزام غلط لگایا گیا ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بحرین کی اپوزیشن جماعت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف آل خلیفہ حکومت کی عدالت کا فیصلہ ظالمانہ ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بحرینی حکام سے کہا ہے کہ وہ شیخ علی سلمان کو غیر مشروط فوری طور پر رہا کریں۔ انسانی حقوق کی اس عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ اس طرح کے عدالتی فیصلے سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ بحرینی حکام، ہر اس آواز کو دبا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جو حکومتی پالیسیوں کے خلاف ہوتی ہے۔

عدالتی فیصلے کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الوفاق پارٹی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ظالمانہ ہے اور آل خلیفہ حکومت کے مظالم کے خلاف بحرینی عوام کی جدوجہد اور پرامن تحریک جاری رہے گی۔ آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے ہاتھوں کئی برس سے جاری ملت بحرین کی سرکوبی سے پتہ چلتا ہے کہ اس نے ملت بحرین کے خلاف کسی بھی طرح کے تشدد و ہتھکنڈے کے استعمال سے دریغ نہیں کیا ہے۔ آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم و سرکوبی کے باوجود بحرین کی عوامی تحریک اپنے مطالبات کے لئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ سیاسی حلقوں کے مطابق بحرینی حکومت کی جانب سے سزائے موت کا حالیہ حکم عوام کے احتجاجات میں شدت اور اس ملک کی عوامی تحریک میں جوش و خروش پیدا ہونے کا باعث بن سکتا ہے اور بعید نہیں کہ آل خلیفہ کا یہ فیصلہ بحرینی حکومت کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو، البتہ عالمی اداروں کو اس بات کی طرف بھی ضرور توجہ کرنا ہوگی کہ آل خلیفہ کو اقتدار میں باقی رکھنے میں کن کن ممالک کا ہاتھ ہے اور عالمی برادری کب ان کے حقیقی چہروں کو بے نقاب کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 775051

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/775051/تابوت-میں-آخری-کیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org