0
Thursday 21 Mar 2019 07:24

کامیابی کا راز

کامیابی کا راز
اداریہ
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مولائے متقیان امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت اور عید نوروز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جو شمسی سال گزرا، اس میں ملت ایران نے حقیقی معنوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دشمنوں نے سازشیں تیار کر رکھی تھیں۔ ملت ایران کے خلاف منصوبے بنا رکھے تھے۔ لیکن قوم کے استحکام، ملت کی بصیرت اور نوجوانوں کی بلند ہمتی نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی کے بقول امریکہ اور یورپ کی شدید بلکہ یورپیوں کے بقول سخت ترین پابندیوں کے مقابلے میں ملت ایران نے سیاسی میدان نیز اقتصادی میدان میں بہت محکم اور مقتدرانہ جواب دیا ہے۔ ایران کے نئے شمسی سال کے موقع پر اس پیغام میں رہبر انقلاب نے چند سیاسی اور اقتصادی سازشوں کی طرف اشارہ کیا ہے، جس کا بنیادی ہدف ایران کے اسلامی انقلاب کو نیست و نابود کرنا تھا۔

گذشتہ سال کئی مواقع پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ اور انکی ٹیم کے اہم افراد بالخصوص قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کھلم کھلا یہ اعلان کیا تھا کہ اس سال کا موسم گرما ایران کے لیے انتہائی شدید اور سخت ثابت ہوگا اور اس دفعہ کا کرسمس کا تہوار امریکی حکام تہران میں منائیں گے۔ امریکی حکام کے یہ سب دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، جب اسلامی انقلاب کی چالیسیویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی عوام نے پہلے سے بھی بڑھ کر عوامی ریلیوں میں شرکت کی اور اسلام اور اپنے مقدس نطام سے شدید وابستگی کا اظہار کیا۔ نہ ایران کے لیے 2018ء کا موسم گرما شدید ثابت ہوا اور نہ 2018ء کے کرسمس میں کوئی امریکی ایران کی حدود میں پر مار سکا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں تین بنیادی نکات کی طرف اشارہ کیا ہے اور جب تک یہ تین صفات ایرانی قوم میں موجود رہیں گی، کوئی بیرونی یا اندورنی قوت اسلامی انقلاب کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتی۔ وہ تین صفات قومی استحکام، ملت کی بصیرت اور نوجوان نسل کی بلند ہمتی ہے۔

یہ تین صفات صرف ایران کے اسلامی نظام کے لیے ہی بنیادی حیثیت نہیں رکھتیں بلکہ دنیا کا جو ملک اور قوم اس کو اپنا لے گی، وہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیاب ہو جائے گی اور اسے امریکہ سمیت کسی بیرونی طاقت کے سامنے جھکنا نہیں پڑے گا۔ ایران کے اسلامی انقلاب نے سخت ترین حالات میں اس تین نکاتی ایجنڈا پر عمل کیا اور آج ملت ایران اور اس کی قیادت سربلند و سرفراز ہے، امریکہ اور اس کے حواری اپنے زخم چاٹ رہے ہیں۔ کاش امت مسلمہ کے حکمران اس کامیابی کے راز کو سمجھ لیتے تو آج گدائی کا کاسہ لیکر در در نہ پھر رہے ہوتے اور قاتلوں، ڈکٹیٹروں اور انسانی حقوق کے پامال کرنے والوں کے ڈرائیور بنکر اپنی قوم و ملت کے لیے ننگ و شرمندگی کا باعث نہ بنتے، آزادی و خود مختاری قوم کو مستحکم بنانے، ملت کی بصیرت کو پروان چڑھانے اور نوجوان نسل کو بلند ہمت بنانے می٘ں مضمر ہے، یہی قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا پیغام تھا اور آج رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای بھی اسی پر تاکید کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 784400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش