1
0
Thursday 28 Mar 2019 22:31

سعودی عرب حکومت پاکستان سے کیا وعدہ ایفا کرنے میں ناکام

سعودی عرب حکومت پاکستان سے کیا وعدہ ایفا کرنے میں ناکام
رپورٹ: ایس اے زیدی

کسی بھی ملک کے ساتھ برابری کی سطح کے تعلقات، باہمی تجارت اور اپنے ملک و قوم کے مفاد میں معاہدے کسی بھی ریاست کیلئے ضروری ہوتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ملک کا اقتدار سنبھالے 7 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے، اس دوران وزیراعظم عمران خان نے مختلف مسلم اور غیر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں کیں، جوکہ ایک خوش آئند امر تھا۔ ملکی کی گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے بعض ممالک کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کی مد میں معاہدے کئے گئے اور بعض اوقات عوام کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کسی ملک کی قیادت سے سفارش بھی کی گئی۔ ایسی ایک سفارش وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت سے کی، جوکہ دوسری مرتبہ حج اور عمرہ کرنے والے پاکستانی شہریوں پر عائد 2 ہزار ریال کی فیس تھی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حکومت پاکستان کی اس سفارش کو قبول کرتے ہوئے جلد یہ فیس ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم اس یقین دہانی کو اب لگ بھگ 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن اب تک اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ محمد بن سلمان نے پاکستان کا انتہائی ہائی پروفائل دورہ کیا تھا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے اس معاملہ کو ایک بار پھر اٹھایا گیا تھا۔

سعودی حکومت کی جانب سے اس مد اب تک کسی قسم کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے امسال حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے جانے والے لاکھوں پاکستانی یہ دو ہزار ریال فیس ادا کرنے پر مجبور ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے علاوہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سعودی حکام سے پاکستانیوں کیلئے 2 ہزار ریال فیس معاف کرنے کی درخواست کی اور اس کے بعد تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کی جانب سے فیس معافی کے حوالے سے بہت چرچا کیا گیا۔ واضح رہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اپنے خاندان، والدہ، بیوی اور بہن کے ساتھ بطور محرم جانے والے مرد حضرات اگر 5 سالوں کے دوران حج کی ادئیگی کیلئے گئے ہوں تو ان کو بھی یہ فیس ادا کرنی ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ سال تقریباً دو لاکھ پاکستانی عازمین نے حج اور تقریباً پندرہ لاکھ عازمین نے عمرے کی ادائیگی کی جبکہ زائرین کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

حج عمرہ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی چیئرمین الحاج شاہد رفیق کے مطابق پاکستان سے لوگوں کی بڑی تعداد دوسری اور تیسری بار بھی عمرے اور روضہ رسول ص پر حاضری کیلئے حجاز مقدس جاتی ہے، اب ایسے زائرین پر دو ہزار ریال کا ٹیکس اضافی بوجھ ہے، یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 74 ہزار روپے بنتی ہے۔ سعودی ریال اس وقت 37 روپے سے زیادہ ہے، اس کا اثر بھی عمرہ زائرین پر پڑا ہے۔ چونکہ عمرہ پیکیجز میں عموماً کھانے پینے کے اخراجات شامل نہیں ہوتے، اس لئے عمرہ یا حج زائرین زاد راہ کے طور پر جو سعودی ریال اپنے ساتھ لیکر جاتے ہیں، اس کی خریداری کیلئے اب انہیں پہلے سے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔ گزشتہ سال تقریباً 14 لاکھ سے زائد پاکستانی شہریوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی تھی اور اس سیزن میں یہ تعداد اب تک ماضی کے مقابلہ میں بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کم از کم عمرہ اخراجات کا پیکیج تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے سے زیادہ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ کی کوئی حد مقرر نہیں۔ بعض افراد تین لاکھ روپے میں بھی عمرہ کرتے ہیں۔

اس مسئلہ کے علاوہ بھی پاکستان عازمین حج و عمرہ کو کئی مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جن میں ویزوں کے حصول میں مشکلات، ٹور آپریٹرز کے سنگین معاملات، مکہ اور مدینہ میں رہائش کی مشکلات، مخصوص کوٹہ وغیرہ شامل ہیں۔ ایسے میں یہ دو ہزار ریال فیس کا خاتمہ پاکستانی شہریوں کیلئے کسی حد تک ریلیف ضرور تھا۔ بعض الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر غیر مستند خبریں بھی چلیں کہ سعودی حکومت نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، تاہم بعدازاں یہ خبریں غلط ثابت ہوئیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے کی گئی اس اہم درخواست، سفارش یا مطالبہ پر سعودی حکومت کا یقین دہانی کے باوجود عملدرآمد نہ کرنا یہاں کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، کیا سعودی حکومت نے اعلی سطح پر ہونی والی اس اہم بات کو اب تک سنجیدہ نہیں لیا۔؟ کہیں حج و عمرہ فیس کے خاتمہ سمیت گذشتہ دو طرفہ دورہ جات کے دوران طے پانے والے دیگر معاہدوں پر سعودی حکومت عمدرآمد کرے گی۔؟ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران خود کو سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سے تشبہہ دی تھی، اگر پاکستانی سفیر اس معاملہ پر حق سفیری ادا نہیں کرسکے تو دیگر اہم معاملات میں آگے بڑھنا مشکل نظر آتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 785658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Umair
Europe
Main bohot pareshan hun yeh 2 hazar riyal ka sun kar shadi k bad umrah par jana hai phelay umrah kar chuka hun aab shadi k bad paise bari mushkil se Jane ka kara umrah par or jo kharchay k paise thay woh Allah na kare denay pare Plz Allah k waste Allah k gher par yeh tex na lagao asani paida Kato sab k liye Allah sab ki apna gher dekhao ameen
ہماری پیشکش