0
Sunday 21 Apr 2019 20:07

پاراچنار، جشن ولادت باسعادت امام مہدی علیہ السلام

پاراچنار، جشن ولادت باسعادت امام مہدی علیہ السلام
رپورٹ: ایس این حسینی

امام مہدی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی خوشی میں پاراچنار کل 14 شعبان کے دن 12 بجے سے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ مساجد، امام بارگاہ، گھر اور دوکانوں کو پھولوں سے مزین کیا جاچکا ہے۔ اس مبارک دن کی خوشی میں مختلف مقامات پر سبیلیں لگائی جاچکی ہیں۔ جن میں سے تحریک حسینی کی جانب سے پاراچنار شہر کے پرہجوم چوراہے کشمیر چوک، الکوثر ایجوکیشنل کمپلیکس کی جانب سے اپنے سکول کے سامنے مین شنگک روڈ پر جبکہ پاراچنار کے ہزارہ محلہ کے جوانوں کی جانب سے ہزارہ محلہ میں لگائے جانے والی سبیلیں قابل ذکر ہیں۔ 
اس دوران مارکیٹوں اور دکانوں میں اسلامی ترانے بجائے جارہے تھے۔ پورے بازار میں جشن کا سماں تھا۔ بازار کے علاوہ دیہات میں روڈ کے دونوں جانب میلوں تک چراغ روشن کرکے علاقے کے مزین کیا گیا تھا۔ بچوں اور جوانوں نے پوری رات جشن میں سڑکوں پر گزاری۔ اس دوران بہت سے لوگ مساجد اور امام بارگاہوں میں شب بیداری میں مصروف تھے۔ اور جوشن کبیر اور زیارت امام حسین علیہ السلام پڑھکر اپنے آقا کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کررہے تھے۔ 
آج پندرہ شعبان کو مرکزی جامع مسجد وامام بارگاہ پاراچنار میں بھی ایک عظیم جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے علاقائی علمائے کرام کے علاوہ ہنگو کے جید ذاکر اور مقرر مولانا سید اعوان علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ شاہ صاحب نے امام زمان علیہ السلام کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مہدی علیہ السلام وہ ہستی ہیں۔ جس پر تمام مذاہب و مسالک کا اتفاق ہے۔ عیسائی اور یہودی بھی عقیدہ رکھتے ہیں کہ ایک نجات دہندہ آنے والا ہے۔ اور دنیا پر عدل کی حکومت قائم کریں گے۔ جبکہ تمام مسلمانوں کا بھی اس پر اتفاق ہے کہ امام مہدی تشریف لانے والے ہیں۔ تاہم صرف اس بات میں اختلاف ہے کہ کیا امام پیدا ہوچکے ہیں یا اسی زمانے میں پیدا ہونگے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم امامیہ کے مطابق امام مہدی (ع) گیارہویں امام حسن عسکری علیہ السلام کے فرزند ارجمند ہیں۔ اور ولادت کے بعد 70 سال غیبت صغریٰ کے دوران اپنے مخصوص نمائندگان کے ساتھ ملاقات فرمایا کرتے تھے۔ اسکے بعد غیبت کبریٰ میں چلے گئے۔ اور آج تک غیبت کی زندگی گزاررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیبت کے اسباب یہ ہیں کہ امام کے لئے ابھی تک راستہ ہموار نہیں ہوا۔ یعنی ہم مسلمانان جہاں ابھی تک تیار نہیں۔ چنانچہ ہمیں چاہئے کہ خود کو ہر طرح سے ظاہری، باطنی اور روحانی پلیدگی اور آلودگیوں سے محفوظ کرکے مصلح جہاں کی آمد کا راستہ ہموار کریں۔ انہوں نے مومنین سے آپس میں اتحاد برقرار رکھنے کی سفارش کی۔ 
15 شعبان کی مناسبت سے آج ابراہیم زئی لوئر کرم میں بھی ایک دلچسپ پروگرام انعقاد کیا گیا۔ جس میں تحریک حسینی کے سرپرست اعلیٰ اور سابق سنیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی مہمانان خصوصی تھے۔ انکے علاوہ بھی کرم کے مذھبی تنظیموں کے نمائندوں اور کثیر تعداد میں بزرگ وجوانوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اجتماع سے علامہ عابد حسینی نے خطاب کیا۔ اور امام مہدی علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ انکی تقریر کے آخر میں جوانوں نے علماء سے امام مہدی علیہ السلام، انکی طولانی زندگی، ظہور پر نور، زمانہ ظہور، سفیانی کی خروج اور ظہور سے متعلق دیگر طرح طرح کے سوالات کئے۔ علمائے کرام سے ڈائریکٹ ایسے سوالات کے جوابات سن کر عوام بہت محظوظ ہوئے۔ اس دوران پروگرام معمول سے کچھ زیادہ طولانی بھی ہوگیا۔ تاہم عوام نے اس دوران کوئی تھکاوٹ محسوس نہیں۔ بلکہ نہایت دلچسپی سے پروگرام سے مستفید ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 789784
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش