QR CodeQR Code

اخوان المسلمین اور امریکہ

2 May 2019 08:47

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشتگرد قرار دینے کا موضوع ابھی عالمی میڈیا میں زیربحث تھا کہ امریکہ نے ایک اور سیاسی و سماجی و مذہبی جماعت اخوان المسلمین کو دہشتگرد قرار دینے پر غور و خوض شروع کر دیا ہے۔ امریکی صدر اگر عرب دنیا کی اس سب سے بڑی نظریاتی جماعت کو دہشتگرد قرار دیتا ہے تو اسلامی ممالک میں سرگرم تمام مذہبی و دینی جماعتوں کو دہشتگرد بننے کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔


اداریہ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ امریکی ماہیت اور امریکہ کے حقیقی چہرے کو پوری طرح بے نقاب کرکے رہے گا۔ ڈونالڈ ٹرامپ یکے بعد دیگرے مختلف عالمی معاہدوں سے نکلنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ پیرس کا ماحولیات کا معاہدہ ہو، عالمی تجارت کا مسئلہ ہو یا ایران اور پانچ جمع ایک ممالک کے درمیان طے پانے والا تاریخی ایٹمی معاہدہ ہو، ڈونالڈ ٹرامپ نے ایک ایک کرکے سب سے نکلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حال ہی میں اسلحہ کی خرید و فروخت کے معاہدے سے بھی نکلنے کا اعلان کرکے امریکی صدر نے ثابت کر دیا کہ وہ اسلحہ اور ہتھیاروں کی صنعت سے وابستہ عالمی اور امریکی لابی کو کسی بھی قیمت پر ناراض نہیں کرسکتے۔

امریکی صدر نے آٹھ اپریل کو ایران کی آئینی اور قانونی فورس سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گردوں کی فہرست میں قرار دیا، جس کے جواب میں ایرانی پارلیمنٹ نے تمام قانونی تقاضون کو بروئے کار لاتے ہوئے امریکی فورسز سینٹ کام کو دہشت گرد قرار دینے کا بل منظور کیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے گذشتہ دنوں ایرانی پارلیمنٹ کے بل پر دستخط کرکے اسے قانون کا درجہ دے دیا ہے اور اب علاقے میں امریکی فورسز کو دہشت گرد سمجھ کر ان کے خلاف دہشت گردوں جیسا رویہ اپنایا جائے گا۔

دنیا کی اسلامی جماعتوں کی خاموشی پر امریکہ نے اب ایک اور قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دینے کا موضوع ابھی عالمی میڈیا میں زیربحث تھا کہ امریکہ نے ایک اور سیاسی و سماجی و مذہبی جماعت اخوان المسلمین کو دہشت گرد قرار دینے پر غور و خوض شروع کر دیا ہے۔ امریکی صدر اگر عرب دنیا کی اس سب سے بڑی نظریاتی جماعت کو دہشت گرد قرار دیتا ہے تو اسلامی ممالک میں سرگرم تمام مذہبی و دینی جماعتوں کو دہشت گرد بننے کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔ قرآن مجید نے تو مسلمانوں سے کہہ دیا تھا کہ "یہود و نصاریٰ تمھارے دوست نہیں ہوسکتے" لیکن ہم مسلمان اب بھی یہود و نصاریٰ کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب اسلام کا نام لینے والی تمام تنظیموں کو امریکہ دہشت گرد قرار دے دیگا۔


خبر کا کوڈ: 791785

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/791785/اخوان-المسلمین-اور-امریکہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org