1
Saturday 4 May 2019 16:11

رمضان المبارک کی آمد آمد

رمضان المبارک کی آمد آمد
تحریر: سیدہ زینب نقوی
 
رمضان المبارک کے مہینے کی آمد آمد ہے۔ ہر طرف سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ کوئی سحری اور افطاری کے اوقات بتا رہا ہے، کوئی اس مہینے کے اعمال کے بارے میں پیغام دے رہا ہے۔ بھلا ہو اس سوشل میڈیا کا، جو ہر چیز اب پیغامات کے ذریعے ہم تک پہنچا دیتا ہے۔ اس ماہ مبارک کی برکات و کرامات اتنی زیادہ ہیں کہ ان کا شمار ممکن نہیں ہے۔ اس ماہ مبارک کے بارے میں بتانے کے لیے نبی کریم کا ارشاد مبارک ہے: ”صرف رمضان کو رمضان نہ کہو بلکہ ماہ رمضان المبارک کہا کرو، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کے ناموں میں سے ایک نام ہے۔“(میزان الحکمة،ج۴، ص ۴۲۳) ایک اور جگہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”ماہ رمضان کو رمضان اس لیے کہتے ہیں کہ وہ گناہوں کو جلا دیتا ہے۔" اگر بندہ ماہ رمضان کی برکات سے آگاہ ہو جائے تو انسان تمام سال ہی روزے رکھتا رہے اور ذکر الٰہی میں مصروف عمل رہے۔ روزہ نہ صرف جسمانی عبادت ہے بلکہ یہ ایک ایسی عبادت ہے جو انسان کی اخلاقی و روحانی تربیت بھی کرتا ہے۔
 
پورے برس میں یہ ایک ایسا مہینہ ہے جو انسان کی تربیت کرتا ہے، تاکہ اسے دوسروں کی پیاس و بھوک کا احساس ہو۔ اس مقدس مہینے میں پوری ملت اسلامیہ ایک ہی عبادت میں مشغول ہوتی ہے، جس کو دیکھ کر مسلمانوں میں اختلاف پیدا کرنے والے دشمن کی سب کارگزاریاں بے وقعت ہو جاتی ہیں۔ یہی وہ مقدس مہینہ ہے جس میں لوگ زکوٰة و خیرات کثرت سے دیتے ہیں، جن سے تنگ دست لوگوں کی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔ آج کی جدید سائنس نے ثابت کیا ہے کہ انسان کو پورے سال میں کم از کم 25 سے 30 روز میں 21 سے 41 گھنٹے بھوکا پیاسا رہنا چاہیئے، جس سے انسان تندرست و توانا ہو جاتا ہے اور بہت سی بیماریوں سے محفوظ ہو جاتا ہے۔ بے شک خدا کے اس عمل کے پیچھے کوئی نہ کوئی راز پوشیدہ ہے۔ امام علی ابن ابی طالبؑ نے ارشاد فرمایا: ”روزہ دار کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کے شعور سے ماوراء اجر و ثواب دیا جاتا ہے نیز حکمت کی رو سے روزہ رکھنے سے بلغم ختم ہو جاتی ہے اور جسمانی بیماریاں دور ہو جاتی ہیں۔ ہر چیز کی زکوٰة ہے اور جسم کی زکوٰة روزہ ہے۔ روزہ دار کے شب و روز کا ہر لمحہ تسبیح شمار ہوتا ہے اور اس کی دعا مستحاب ہوتی ہے۔"

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ”روزہ صرف میرے لیے اور اس کا اجر بھی میرے ذمہ ہے بلکہ اس کا اجر خود میں ہوں(روزہ سے ہی انسان لقاءاللہ کی منزل پا لیتا ہے)۔ روزہ جسم کے اضافی گوشت کو ختم کرتا ہے اور روزہ جہنم کی آگ کی ڈھال ہے۔" رمضان المبارک کی برکات اور رحمتیں اس بات سے بھی عیاں ہوتی ہیں کہ قرآن مجید جیسی مقدس کتاب اور کامل راہنمائی کا سرچشمہ اسی مہینے میں نازل ہوئی۔ سب سے اہم بات کہ یہ وہ مہینہ ہے، جس میں شیطان مردود انسان پر مسلط نہیں ہوسکتا۔ حضرت امیرالمومنینؑ فرماتے ہیں کہ جب ماہ رمضان آیا، حضرت محمد نے خطبہ دیا اور حمد و ثنا و الہیٰ کے بعد ارشاد فرمایا: ”اے لوگو! اللہ تعالیٰ نے تمھاری دشمنوں (جنات) سے حفاظت فرمائی ہے اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ”مجھے پکارو میں تمھیں جواب دوں گا“۔ دعا کی قبولیت کا تمھیں وعدہ دیا ہے، جان لو ہر راندہ درگاہ شیطان پر سات فرشتوں کو مقرر کیا گیا ہے، تاکہ اس ماہ کے اختتام تک کوئی شیطان تم پر مسلط نہ ہوسکے۔ رمضان کی پہلی رات سے ہی آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں جان لو اس میں کی گئی دعا مقبول ہے۔"

یہی وہ بارکت مہینہ ہے، جس میں عبادت کا ثواب دوسرے ایام سے زیادہ ملتا ہے۔ حضرت امام رضا فرماتے ہیں: ”تمھارا یہ مہینہ (رمضان) دوسرے مہینوں کی طرح سے نہیں ہے، کیونکہ جب یہ مہینہ آتا ہے تو برکت اور رحمت لے کر آتا ہے اور یہ مہینہ رخصت ہوتا ہے تو گناہوں کی مغفرت کا تمغہ دے کر جاتا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے، جس میں نیکیاں دگنی شمار ہوتی ہیں اور نیکی کے کام قبول ہوتے ہیں اور جو شخص اس مہینے میں دو رکعت نماز ادا کرے تو اللہ تعالیٰ اس کی مغفرت فرماتا ہے۔" پھر آپؑ نے مزید فرمایا: ”وہ شخص مکمل طور پر بدنصیب ہے کہ جو اس مہینہ کو پائے اور اس کے گناہ معاف نہ ہوئے ہوں اور جب نیکو کار اللہ تعالیٰ سے انعام حاصل کر رہے ہیں اور وہ خسارے میں پڑا ہوا ہو۔"(عیون اخبار الرضا، ص ۰۱۵) اتنی فضیلتیں اس ماہ مبارک کی ہیں کہ ان کا بیان و شمار ناممکن ہے، مگر ایک حقیقت جو ایک مثال سے واضح ہوتی ہے کہ جب انسان کسی مقدمے کے سلسلے میں جیل جاتا ہے تو اپنی رہائی کے لیے اپنے ہر قیمتی وسائل کو استعمال کرتا ہے، جبکہ اسے ناکامی بھی ہوسکتی ہے، مگر حضرات معصومینؑ نے انسان کو روزہ رکھنے کے عوض گناہوں سے رہائی اور جہنم کے عذاب سے بچنے کی مکمل ضمانت دی ہے۔ اللہ تعالیٰ بطفیل معصومینؑ ہمیں اس ماہ رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے بھرپور مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائیں۔(آمین)
خبر کا کوڈ : 792237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش