0
Saturday 4 May 2019 23:30
خوش آمدید ماہ خدا

رمضان کریم کی جھلکیاں دعائے امام سجاد میں

رمضان کریم کی جھلکیاں دعائے امام سجاد میں
تحریر: سید مشاہد عالم رضوی

خاندان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے یہ وارث علی ابن الحسین امام سجاد علیہ السلام ہیں، جو آمد رمضان پر پاکیزہ دل اور پاک و طاہر زبان خوش بیاں سے اس مبارک مہینہ کا استقبال بھی کرتے ہیں اور اس کے جانے پر عجب بےچینی و تڑپ سے اسے الوداع کہتے ہیں۔ آپ صحیفہ سجادیہ میں استقبال و الوداع ماہ رمضان کی دعا پڑھیں تو رمضان کریم کی بھی معرفت ہوگی اور وارث علم النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امام سجاد علیہ السلام کا بھی عرفان حاصل ہوگا۔ ذرا دیکھیں تو وہ استقبال رمضان المبارک پر کس اچھوتے انداز سے اللہ کی بارگاہ میں راز و نیاز کرتے ہوئے کہتے ہیں: "ساری تعریفیں اس اللہ کے لئے ہیں، جس نے ہمارے خیر کے راستوں میں سے ایک راستہ اپنے مہینہ کو قرار دیا، جو رمضان کا مہینہ ہے، روزہ کا مہینہ ہے، اسلام کا مہینہ ہے، طہارت کا مہینہ ہے، امتحان کا مہینہ ہے۔ خدایا؛ محمد و آل محمد پر رحمت نازل فرما اور ہمیں اس کی فضیلت کی معرفت، اس کی حرمت کی جلالت اور اس میں تمام ممنوعہ امور سے تحفظ کا الہام عطا فرما اور اس کے روزوں پر ہماری امداد فرما کہ ہم اپنے اعضاء کو تیری نافرمانی سے روک سکیں اور ان اعمال میں لگا سکیں، جو تجھے راضی کرسکیں۔

خدایا؛ محمد و آل محمد پر رحمت نازل فرما اور ہمیں پانچوں نمازوں کے اوقات کی توفیق دے اور ہمیں تو فیق دے کہ ہم اس ماہ رمضان میں اپنے قرابت داروں کے ساتھ نیکی و صلہ رحمی کریں اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ انعام و بخشش کا برتاؤ کریں، جو قطع تعلق کرے، اس سے تعلقات قائم کریں اور جو ظلم کرے، اس کے ساتھ انصاف کریں اور ہمیں توفیق دے کہ اس مہینہ میں پاکیزہ اعمال کے ذریعے تیرا تقرب حاصل کریں، جو ہمیں گناہوں سے پاکیزہ بنا دے اور آئندہ کی زندگی میں عیب سے بچا لے،  تاکہ کوئی بھی فرشتہ تیری بارگاہ میں اس سے بہتر عمل نہ پیش کرسکے، جو ہم ابواب اطاعت اور اقسام قربت میں پیش کرسکیں۔

خدایا میں تجھے اس مہینے کے حق اور ان بندوں کے حق کا واسطہ دے کر سؤال کرتا ہوں، جنہوں نے ابتداء سے لیکر انتہاء تک تیری عبادت کی ہے۔ خدایا؛ محمد و آل محمد پر رحمت نازل فرما اور اس چاند کے تمام ہوتے ہوتے ہمارے گناہوں کو بھی محو کر دے، تاکہ یہ مہینہ اس عالم میں تمام ہو کہ تو ہمیں خطاؤں اور گناہوں سے آزاد کرچکا ہو۔ خدایا محمد و آل محمد پر ہر وقت، ہر آن اور ہر حال میں اتنی رحمت نازل فرما، جس قدر تو نے اپنے بندے پر نازل کی ہو اور پھر اسے اس قدر دوگنا چوگنا کر دے، جس کا شمار نہ کیا جاسکے کہ تو جس کا ارادہ کر لیتا ہے، اسے کر لیتا ہے
۔"
صحیفہ سجادیہ امام سجاد علیہ السلام کی دعائے استقبال ماہ رمضان
خبر کا کوڈ : 792302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش