0
Monday 6 May 2019 21:08

کراچی میں یوم علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے روٹ میں تبدیلی پر غور

اگر ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکا تو مرکزی جلوس مجوزہ تبدیل شدہ روٹ سے گزارا جائے گا، جعفریہ الائنس
کراچی میں یوم علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے روٹ میں تبدیلی پر غور
رپورٹ: ایس ایم عابدی

شہر قائد میں نمائش چورنگی پر انڈر پاس پر چھت ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور 15 رمضان تک بریٹو روڈ تا شاہراہ قائدین تک راستہ پیدل چلنے والوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اگست کے آخر تک انڈر پاس کے دیگر حصوں پر چھت ڈالنے کا کام مکمل کرکے اسے ایم اے جناح اور اطراف کی تمام لنک سڑکوں پر آنے اور جانے والی ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا، تاہم چھت کے نیچے تعمیراتی کام چلتا رہے، انڈر پاس کا پورا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے گا، نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے 21 رمضان کو یوم حضرت علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے روٹ میں جزوی طور پر تبدیلی زیر غور ہے۔ متبادل روٹ کے تحت مرکزی جلوس نشتر پارک سے گرومندر، پیپلز چورنگی، صدر، پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر اور پھر ایم اے جناح روڈ کے راستے کھارادر جائے گا، کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف فنانس آفیسر زبیر چنا نے ذرائع کو بتایا کہ نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس کا چھت کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ 12 روز میں بریٹو روڈ تا شاہراہ قائدین تک انڈر پاس پر چھت ڈالنے کا کام کر لیا جائے گا۔
 
زبیر چنا کے مطابق مزار قائد کے قریب سڑک کے کناروں پر بھرائی کا کام بھی جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ یوم علی علیہ السلام کے جلوسوں کی گزرگاہ کے لئے راستہ قابل استعمال بنا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ میں مجوزہ تبدیلی کے تحت مرکزی جلوس نشتر پارک سے ایم اے جناح روڈ سیدھے ہاتھ مڑنے کے بجائے گرومندر، پیپلز چورنگی، صدر، پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک اور پھر ایم اے جناح روڈ پر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم حضرت علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے منتظمین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کے آئی ڈی سی ایل نے نمائش چورنگی پر جاری ترقیاتی کاموں کی بریفنگ دی اجلاس کو بتایا گیا کہ نمائش چورنگی پر چھت ڈالنے کا بیشتر کام کر لیا گیا ہے اور جلد ہی یہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔

زیر تعمیر انڈر پاس کے ریمپس پر ترقیاتی کام جاری رہے گا، انجینئرز
کے آئی ڈی سی ایل کے انجینئرز کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر انڈر پاس کے دونوں اطراف کے ریمپس پر ترقیاتی کام جاری رہے گا، اگست کے آخر تک انڈر پاس کے دیگر حصوں پر چھت ڈالنے کا کام مکمل کرکے اسے ایم اے جناح اور اطراف کی تمام لنک سڑکوں پر آنے و جانے والی ٹریفک کے لئے کھول دیا جائیگا، تاہم چھت کی نیچے تعمیراتی کام چلتا رہے، پورا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے گا۔

1.2 کلومیٹر طویل نمائش چورنگی انڈر پاس پر 3 ارب روپے لاگت آئیگی
نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس 1.2 کلومیٹر طویل ہے اور اس پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی، منصوبہ بندی کے تحت یہاں انڈر پاس اور میزنائن تعمیر کیا جائے گا اور پھر چھت تعمیر ہوگی، جس کے اوپر عام ٹریفک چلے گی، میزنائن میں سندھ حکومت اپنے دفاتر قائم کرے گی، بی آر ٹی ایس کی مانیٹرنگ کا نظام بھی یہاں قائم ہوگا اور دیگر سہولیات مسافروں کو دی جائیں گی۔

مرکزی جلوس کا روٹ پلان مشاورت سے طے کر رہے ہیں، کمشنر کراچی
کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوم علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے منتظمین اور کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے اعلیٰ افسران سے اجلاس میں نمائش چورنگی پر ترقیاتی کاموں اور جلوس کی گزرگاہ کے حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے، روٹ پلان بھی سب کی مشاورت سے طے کیا جا رہا ہے، نمائش چورنگی پر ترقیاتی کاموں کی وجہ سے مرکزی جلوس کے روٹ میں جزوی تبدیلی زیر غور ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ روٹ کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر کراچی علی احمد صدیقی سے معلوم کی جاسکتی ہے۔

80 فیصد کام مکمل ہو جائے تو جلوس پرانے راستے سے گزار لیں گے، شبر رضا
یوم حضرت علی علیہ السلام کے مرکزی جلوس کی انتظامی کمیٹی کے رکن اور جعفریہ الائنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید شبر رضا نے کہا کہ کمشنر کراچی کے اجلاس میں منتظمین نے کہا کہ مرکزی جلوس 1961ء سے نشتر پارک سے نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، سی بریز اسپتال، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ، ریگل، تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر تک جا رہا ہے، لہذا اس بار بھی منتظمین کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتظامیہ کوشش کرے کہ روٹ تبدیل نہ ہو اور گرین لائن بس انتظامیہ کے جی اے گراونڈ کے سامنے حصے پر ترقیاتی کام مکمل کرلے، اگر 80 فیصد کام بھی مکمل ہو جائے تو ہم اپنا جلوس اسی پرانے راستے سے گزار لیں گے۔ سید شبر رضا نے کہا کہ اگر یہاں ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکا تو مرکزی جلوس مجوزہ تبدیل شدہ روٹ سے گزارا جائے گا۔ شبر رضا نے کہا کہ اجلاس میں موجود افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس بات کی پوری کوشش کریں گے کہ مرکزی جلوس اپنے پرانے راستے سے ہی گزرے۔ شبر رضا نے کہا کہ مجوزہ روٹ نشتر پارک سے کراچی ایکسرے لیبارٹری، گرومندر، پیپلز چورنگی، پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ اور کھارادر ہے۔
خبر کا کوڈ : 792619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش