QR CodeQR Code

نہ جنگ نہ مذاکرات

15 May 2019 08:39

گذشتہ روز ایرانی حکام سے ملاقات میں ایک بار پھر رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے امریکی سازشوں کی ناکامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا، حالیہ تصادم ارادوں کا تصادم ہے اور ہمارے ارادے مضبوط تر ہیں، کیونکہ ارادے کے علاوہ ہمیں خداوند عالم کی ذات پر توکل اور بھروسہ بھی ہے۔


اداریہ
خلیج فارس امریکہ کی جولانیوں کی وجہ سے بارود کا ڈھیر بننے کے لیے تیار ہے، امریکہ اور اس کے علاقے کے حواری اس طرح ظاہر کر رہے ہیں، جیسے ایران پر کسی بھی وقت حملہ ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف اسلامی استقامت نے بھی خلیج فارس کے مستقبل کے بارے میں تیار شدہ فلم کا ٹریلر فجیرہ اور سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملے کی صورت میں دکھا دیا ہے۔ ایک طرف امریکی جنگی بیڑہ ابراہم لنکن خلیج فارس کا بن بلایا مہمان بننے والا ہے اور دوسری طرف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے ایران سے بات چیت کے لیے ایک خصوصی ٹیلی فون نمبر امریکہ میں موجود سوئٹزر لینڈ کے سفارتخانے میں رکھ دیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ کی نئوکان جنگ پسند ٹیم جان بولٹن کی سربراہی اور مائیک پمپیئو کی وزارت میں جنگ و جدل کی ٹرین پر سوار ہونے کے لیے بے تاب ہے۔

ایران کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ اپنے عروج پر نظر آرہا ہے۔ شدید اقتصادی پابندیاں اور نفسیاتی جنگ دلوں میں وسوسے پیدا کر رہی ہے۔ لیکن ایران کے عوام کی اکثریت اپنے رہبر کی طرف دیکھ رہی ہے، جو گذشتہ سال کے کئی خطابات میں بڑے اطمینان سے جنگ کے امکان کو رد کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز ایرانی حکام سے ملاقات میں ایک بار پھر رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے امریکی سازشوں کی ناکامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا، حالیہ تصادم ارادوں کا تصادم ہے اور ہمارے ارادے مضبوط تر ہیں، کیونکہ ارادے کے علاوہ ہمیں خداوند عالم کی ذات پر توکل اور بھروسہ بھی ہے۔ رہبر انقلاب نے مزید فرمایا کہ ایرانی نظام اور قوم کا امریکہ کے مقابلے میں حتمی انتخاب استقامت و مزاحمت ہے۔ حالیہ کشیدگی میں امریکہ عقب نشینی کرے گا، حالیہ تصادم عسکری نہیں ہے کیونکہ جنگ نہیں ہوگی، نہ ہم جنگ چاہتے ہیں اور نہ وہ، چونکہ وہ جانتے ہیں کہ جنگ ان کے فائدے میں نہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ سے مذاکرات کے بارے میں اشارہ کرتے ہوئے فرمایا امام خمینی کی تعبیر کے مطابق امریکہ جب تک انسان نہیں بنتا، اس کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ زہر قاتل ہے اور موجودہ امریکی حکومت کے ساتھ مذاکرات تو ویسے بھی دو آتشہ زہر ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا مذاکرات میں کچھ دینا ور کچھ لینا ہوتا ہے، امریکہ مذاکرات کے ذریعے ہماری مضبوط و طاقتور چیز کو لینے کی کوشش کرے گا اور وہ دور مار میزائل بھی ہوسکتے ہیں۔ زمان و مکان کے لحاظ سے رہبر انقلاب اسلامی کی حالیہ تقریر دشمنوں کے لیے ایسا تیر ہے، جو صحیح نشانے پر لگا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ اس تیر سے کتنے شکار گرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 794291

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/794291/نہ-جنگ-مذاکرات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org