1
2
Thursday 16 May 2019 23:29

انصاراللہ یمن کے ڈٹرنٹ ڈرونز

انصاراللہ یمن کے ڈٹرنٹ ڈرونز
تحریر: احمد کاظم زادہ

اگرچہ یمن کی عوامی مزاحمت کی تنظیم انصاراللہ اس سے پہلے بھی سعودی عرب کے جارحانہ ہوائی حملوں کے جواب میں اس ملک کے اسٹریٹجک مقامات کو اپنے ڈرون حملوں کا نشانہ بنا چکی ہے لیکن حال ہی میں سعودی عرب کی دو تیل کی تنصیبات پر انصاراللہ یمن کے ڈرون حملے کئی پہلووں سے قابل غور اور گذشتہ حملوں سے کچھ مختلف ہیں۔ ایک یہ کہ یہ حملے ایسے وقت انجام پائے ہیں جب امریکہ نے ایران اور اس کی اتحادی قوتوں کو شدید دھمکیاں دینے کے بعد خلیج فارس میں پاور شو کا آغاز کر رکھا ہے۔ اس نظر سے دیکھا جائے تو انصاراللہ یمن کے ان ڈرون حملوں میں یہ پیغام مضمر ہے کہ اس کی فوجی حکمت عملی بیرونی عوامل سے بھی اثرانداز ہوتی ہے اور جب تک سعودی عرب یمن کے خلاف جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے انصاراللہ یمن کے دفاعی اقدامات بھی جاری رہیں گے۔ اس پہلو سے انصاراللہ یمن اپنے ڈرون حملوں کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جارحانہ ہوائی حملوں کی روک تھام کیلئے ڈٹرنٹ کے طور پر بروئے کار لا رہی ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ہوائی حملے جدید امریکی، برطانوی اور فرانسیسی جنگی طیاروں کے ذریعے انجام پاتے ہیں جبکہ پائلٹس بھی انہی ممالک یا اسرائیل کے استعمال ہوتے ہیں۔
 
یمن کے خلاف سعودی سربراہی میں فوجی اتحاد کی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک 1 لاکھ سے زیادہ عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ افراد زخمی اور معذور بھی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 30 لاکھ سے زیادہ افراد جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ جنگ کے باعث یمن کی 80 فیصد عوام باہر سے آنے والی انسانی امداد کی محتاج ہو چکی ہے۔ جنگ کے آغاز میں تو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے یہ نعرہ لگایا تھا کہ وہ سابق مستعفی حکومت کو واپس اقتدار میں لانا چاہتے ہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اصلی چہرے سامنے آ گئے ہیں اور اب وہ یمن میں بندر بانٹ میں لگے ہوئے ہیں اور مختلف علاقوں پر قبضے کیلئے آپس میں بھی ان کی کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے یمن کے جنوبی اور مشرقی حصوں پر نظریں جما رکھی ہیں جبکہ جزیرہ سقطری اور صوبہ المہرہ میں انہوں نے مقامی آبادی کے تناسب کو بھی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ لہذا انصاراللہ یمن ان قابض قوتوں کو ملک سے باہر نکالنے اور مقبوضہ علاقوں کو آزاد کروانے کیلئے ہر قسم کا حربہ استعمال کر رہے ہیں جن میں سے ایک بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کا استعمال ہے۔
 
دوسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ ماضی میں انصاراللہ یمن کی جانب سے انجام پانے والے ڈرون حملوں کے بارے میں اکثر اوقات سعودی حکومت خاموش رہنے کو ترجیح دیتی تھی اور ان حملوں کے منظرعام پر آنے سے اپنی کمزوریاں اور ناکامیاں ظاہر ہو جانے کا سدباب کرتی تھی۔ لیکن اس بار جیسے ہی سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر انصاراللہ یمن کے ڈرون حملے انجام پائے سعودی حکومت اور میڈیا دونوں نے اسے کوریج دی اور ان حملوں کو متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ پر ہونے والے حملوں سے جوڑنے کی کوشش کی۔ دوسری طرف سعودی حکومت اور میڈیا نے یہ دعوی بھی کیا کہ ایران اور اس کے اتحادی خام تیل کی صنعت کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں جو عالمی سطح پر ایک اسٹریٹجک صنعت مانی جاتی ہے۔ سعودی حکمران اس طرح سے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف فوجی کاروائی پر اکسانا چاہتے تھے۔
 
بعض ذرائع کی طرف سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر انصاراللہ یمن کے حالیہ ڈرون حملے ایران کے اشارے پر انجام پائے ہیں۔ لیکن اگر زمینی حقائق کو سامنے رکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے یمن پر جارحانہ ہوائی حملوں اور ان میں جاں بحق ہونے والے عام شہریوں کی تعداد کے پیش نظر انصاراللہ یمن کو ایسی جوابی کاروائیاں انجام دینے کیلئے ایران کے اشارے یا مطالبے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جارحیت کے مقابلے میں جوابی کاروائی حتی بین الاقوامی قوانین کے بھی عین مطابق ہے اور یمن کی فورسز کو ایسا اقدام اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے۔ اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں اور وہ حتی اعلانیہ طور پر سعودی حکمرانوں کو "دودھ دینے والی گائے" کا لقب بھی دے چکے ہیں۔ مزید برآں، جان بولٹن اور مائیک پمپیو پر مشتمل بی ٹیم بھی سعودی عرب کو ایران سے الجھانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی فریبکاری کے ذریعے امریکہ کو ایران کے خلاف فوجی کاروائی کی ترغیب دلا رہے ہیں۔ ایسے میں ان چوہوں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے جو بلی کی گردن میں گھنٹی باندھنے کی ترکیبیں بیان کر رہے تھے لیکن کسی ترکیب کو عملی جامہ پہنانے کی جرات کسی میں بھی نہیں تھی۔
 
خبر کا کوڈ : 794683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Khizar Kazmi
Pakistan
Allah Pak In Sh Allah mazlom ko zalim par ghalba dy ga
ہماری پیشکش