0
Friday 31 May 2019 09:24

یوم القدس، یوم اسلام و انسانیت

یوم القدس، یوم اسلام و انسانیت
اداریہ
ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد جب بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا تو اس وقت کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ امام خمینی کا یہ اعلان مستقبل میں فلسطینیوں کی تحریک کے نطریات اور اساس کو ہی بدل کر رکھ دے گا اور یہ دن عالمی سطح پر زور و شور سے منایا جائے گا۔ امام خمینی کے اعلان کے بہت کم عرصے بعد فلسطینیوں کی یہ تحریک قومی و علاقائی تحریک کی بجائے مسلمانوں کی ایک عالمی تحریک بن گئی اور اہل فلسطین نے بھی اس تحریک کو قومی اور نیشلسٹ بنیادوں پر چلانے کی بجائے اسلامی نظریات کی بنیاد پر متحرک کرنے کا اعلان کر دیا، اس اعلان کے بعد صرف فسلطینی تحریک کی بجائے اسلامی مزاحمت اور اسلامی انتفاضہ میں تبدیل ہوگئی۔ اس تحریک کا اسلامی ہونا اس بات کا باعث بنا کہ امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کی توجہ اس کی طرف بڑھ گئی اور فلسطین کی تحریک کا اسلامی ہونا او آئی سی کے وجود کا باعث بنا۔

آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز بنیادی طور پر مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے وجود میں آئی تھی، لیکن بدقسمتی سے امت مسلمہ کا یہ اہم ادارہ آج کل بن سلمان اور بن زائد جیسے شہزادوں کے ہاتھوں میں کھیلنے لگا ہے۔ سعودی عرب کا اس ادارے پر تسلط اس بات کا باعث بنا کہ عالم اسلام کے پچاس کے قریب ممالک کا یہ طاقتور ادارہ امریکہ کی ڈکٹیشن پر چلنے لگا، آج جب فلسطین کو مٹانے کی لیے سنچری ڈیل جیسا خطرناک منصوبہ نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تو سعودی عرب میں آو آئی سی کے وزائے خارجہ اور سربراہی اجلاس خوردن، بردن، نشتستن برخواستن کے علاوہ کوئی نتیجہ نہیں دے گا۔

اس سال کا یوم القدس اس لیے بھی اہم ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے اپنے صہیونی داماد کوشنر کے ذریعے فلسطینیوں کی نابودی کا جو منصوبہ تشکیل دیا ہے، اس کو فلاپ کرنے اور سنچری ڈیل کو ناکام بنانے کے لیے مسلمان ممالک کے عوام اور حکمرانوں کے دبائو کی سخت ضرورت ہے۔ آج مسلمان حکمران یوم القدس یعنی جمعۃ الوداع کے دن مکہ مکرمہ میں بیٹھ کر نہیں معلوم فلسطینیوں کے لیے کچھ کرتے ہیں کہ نہیں، لیکن دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرنے کے لیے یوم القدس کی ریلیوں میں ضرور شرکت کرنی چاہیئے، کیونکہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بقول فلسطین کا مسئلہ انسانی بھی ہے، اسلامی بھی ہے، اخلاقی بھی ہے اور سیاسی و شرعی بھی ہے اور مسلمانوں کو اس سال پہلے سے  زیادہ بڑھ چڑھ کر یوم القدس کے اجتماعات میں شرکت کرنی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 797182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش