0
Saturday 1 Jun 2019 20:52
پاراچنار، قدس کے حوالے سے علامہ فدا مظاہری کا ولولہ انگیز خطبہ

عالم اسلام کی نابودی کیلئے تمام طاغوتی و استکباری طاقتیں متحد ہوچکی ہیں، علامہ فدا حسین مظاہری

عالم اسلام کی نابودی کیلئے تمام طاغوتی و استکباری طاقتیں متحد ہوچکی ہیں، علامہ فدا حسین مظاہری
رپورٹ: این زید علی

پاراچنار مرکزی جامع مسجد کے خطیب اور امام جمعہ و جماعت علامہ فدا حسین مظاہری نے جمعۃ الوداع کو خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ ابتداء ہی سے عالم اسلام کے خلاف اور مسلم ممالک کو کمزور کرنے کیلئے دنیا کے مستکبرین، طاغوتی طاقتیں اور انکے رفقائے کار متحد ہیں۔ یہ ساری قوتیں مسلمانوں کی تباہی کیلئے اپنے مذموم منصوبوں کی تیاری میں مصروف عمل ہیں، جبکہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں کچھ نام نہاد مسلم ممالک بھی شامل رہے ہیں، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرکے وہاں ظالم اسرائیلیوں کو آباد کیا گیا، اس کے بعد انہوں نے مسلمانوں کا مقدس مقام قدس بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ تاہم امام خمینیؒ نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جمعۃ الوداع کو بطور یوم القدس منانے کا فرمان جاری کرکے اس مسئلے کو دنیا کی سطح پر اجاگر کر دیا اور اسے فلسطین سمیت دنیا بھر کے تمام مستضعفین کا عالمی دن قرار دیا۔ تاہم پہلے مرحلے میں یہ دن صرف ایران کی سطح پر منایا جاتا تھا۔

علامہ مظاہری نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ اور دیگر علمائے حق کی یہ خواہش تھی کہ یوم القدس کا احتجاجی جلوس اور فلسطین و قدس کا مسئلہ عالمی حیثیت اختیار کرلے اور یہ کہ یوم القدس عالمی سطح پر منایا جائے۔ اب امام خمینی کے حکم نے اپنا اثر دکھا دیا ہے اور الحمد اللہ اب رہبر معظم امام سید علی خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت اور سرپرستی میں مجتہدین و علمائے کرام کی انتھک کوششوں سے فلسطین کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور جمعۃ الوداع کے موقع پر تمام غیرت مند مسلمانوں کیجانب سے دنیا کے اکثر مسلم حتی کہ بہت سے غیر مسلم ممالک میں بھی اسرائیل کے خلاف ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ علامہ فدا حسین مظاہری نے خطبہ جمعہ میں قدس کے مسئلے پر خاموش تماشائی بننے والے نام نہاد مسلمان ممالک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ان نام نہاد مسلم ممالک کو بھاری رقوم ملتی ہیں، تاکہ یہاں قدس کی آزادی اور فلسطین کی مظلوم عوام کی حمایت میں یوم القدس ریلیاں نہ نکالی جائیں۔ ان ممالک میں نکالی جانے والی یوم القدس کی ریلیوں کے خلاف رکاؤٹیں کھڑی کی جائیں۔

افسوس کا مقام ہے کہ یہ نام نہاد مسلم ممالک قرآن اور دین اسلام کے واضح احکام یعنی ظالم کی مخالفت کرنا اور مظلوموں کی حمایت کرنا اس حکم الٰہی پر کفار یعنی امریکہ و اسرائیل کی رقم کو ترجیح دیتے ہیں، حالانکہ قدس کا مسئلہ صرف ایران ہی کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس سے بڑھ کر افسوس کا مقام یہ ہے کہ کچھ مسلمان ممالک نہ صرف فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش ہیں، بلکہ امریکہ و اسرائیل کے مسلمانوں کے خلاف منصوبوں میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی آباد کاری کیلئے فلسطینیوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔ اسی لئے امریکہ نے اسرائیل کی حفاظت اور اس کی مضبوطی کیلئے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالخلافہ قرار دے دیا۔انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض نام نہاد مسلم ممالک نے بھی امریکہ و اسرائیل کے طاغوتی نظام کا ساتھ دیتے ہوئے ان کے ہر حکم کے سامنے سرتسلیم خم کر دیا ہے۔
 
علامہ فدا حسین مظاہری نے کہا کہ قدس کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ یوم القدس کے موقع پر قدس کی آزادی، فلسطین کی حمایت اور طاغوتی طاقتوں کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں شرکت ہر مسلمان پر فرض ہے۔ یہاں بعض عناصر اس غلط فہمی میں مبتلا ہیں کہ پاراچنار میں مردہ باد امریکہ و اسرائیل سے امریکہ اور اسرائیل کو کیا تکلیف پہنچے گی اور اس سے فلسطینیوں کا کیا فائدہ حاصل ہوگا۔ اس حوالے سے علامہ مظاہری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں یوم القدس کے موقع پر ایسے جلسے و جلوسوں ہی کی وجہ سے اسرئیل امریکہ جیسے سپر پاور اور دیگر یورپی ممالک کی پشت پناہی کے باوجود اب تک فلسطین کو نہتے مسلمانوں سے مکمل طور پر خالی کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے، بلکہ یوم القدس ریلیوں کی وجہ سے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل فلسطین میں آرام سے زندگی بسر نہیں کرسکتا۔

انہی ریلیوں کو توسط سے مسلمانوں کا ولولہ اور جذبہ دیکھ کر پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے سے کترا رہے ہیں۔ انہی احتجاجی ریلیوں اور آپ کے فلک شگاف نعروں کی بدولت اسرائیل پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار کی سرزمین بہت اہمیت کی حامل ہے، چنانچہ یہاں احتجاجی ریلی بہت قیمت رکھتی ہے۔ یہاں کے مردہ باد نعرے امریکہ و اسرائیل کے ایوانوں تک پہنچتے ہیں۔ لہٰذا تمام مومنین سے گزارش ہے کہ اپنا مذہبی فریضہ انجام دیتے ہوئے یوم القدس کی اس عظیم ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔
خبر کا کوڈ : 797452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش