0
Tuesday 4 Jun 2019 08:35

امام خمینی(رہ) ایک زندہ حقیقت

امام خمینی(رہ) ایک زندہ حقیقت
اداریہ
آج سے تیس سال پہلے ایک ایسے شخص نے اس جہاں فانی کو الوداع کہا، جس کی زندگی کا ایک ایک لمحہ خدائی احکامات کے نفاذ میں گزرا۔ جس نے اسلام کے حقییقی مفہوم کو شفاف و واضح کرکے اس کے عملی نفاذ کو ممکن کر دکھایا۔ ایسی ہستی جس نے اسلام کی خود ساختہ اور بیرونی سامراجی طاقتوں کے اشاروں پر وجود میں آنے والی گمراہ کن تعبیروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے حقیقی اسلام محمدی کی اصطلاح و تعبیر کو رواج دیا۔ ایسا اسلام جو انسانیت کی فلاح و بہبود اور ہدایت و رہنمائی کے لیے آیا اور جس میں انسان کی پیدائش کے قبل لیکر موت کے بعد تک کے احکامات اور دستورات موجود ہیں۔ ایسا اسلام جو نافذ ہونے کے لیے آیا تھا اور اس کا ہدف انسانیت کو کمال معراج تک پہچانا تھا۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے دین کو جمود سے نجات دلا کر انسانی زندگی میں رواں دواں کر دیا۔

آج ان کی رحلت کا جانگداز دن ہے، جس نے دین اور سیاست کے تاریخی فاصلوں کو مٹا کر دونوں کو ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم قرار دے دیا۔ امام خمینی نے اس دین کو ایک ملکی نظام کی صورت میں نافذ کرکے دکھایا، جس کے بارے میں مشرق و مغرب کا متفقہ نظریہ تھا کہ دین افیون ہے اور جہاں دین غالب ہوگا، وہان جمود اور عدم پشرفت کا دور دورہ ہوگا۔ امام خمینی کے انقلاب نے سیاست اور دین کے حسین امتزاج کو انسانیت کی فلاح کے لیے، محروموں کی پسماندگیاں دور کرنے کے لیے نیز محروم و مجبور لوگوں کی آواز بلند کرنے کے لیے استعمال کیا۔ امام خمینی نے اپنے انقلاب کو ان مظلوم لوگوں کی آواز بنا دیا، جن کی کوئی آواز نہ تھی۔ امام خمینی نے اپن سیرت و کردار سے پسی ہوئی محروم قوموں کو جرات و پائیداری کا سبق دیا۔

آپ نے بیرونی دشمن کے مقابلے کے لیے امت مسلمہ کو تمام تر اختلافات ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا قرآنی پیغام دیا۔ اسلامی انقلاب آپ کے ذکر کے بغیر نامکمل اور تشنہ ہے۔ امام خمینی ایک ایسی حقیقت ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گی۔ امام خمینی جس آفاقی و آسمانی نظریئے کے مالک تھے، اسے ہرگز موت نہیں آسکتی۔ وہ قاری نظر آتے تھے لیکن قرآن تھے، وہ حلقہ یاراں میں ابریشم کی طرح نرم تھے، لیکن رزم حق و باطل میں فولاد سے بھی زیادہ قوی تھے۔ وہ ایسے مرد مومن تھے جن کے بارے علامہ اقبال نے کہا تھا:
ہر لحظہ ہے مومن کی نئی شان نئی آن
گفتار میں کردار میں اللہ کی برہان
قہاری و غفاری و قدوسی و جبروت
یہ چار عناصر ہوں تو بنتا ہے مسلمان
جس سے جگر لالہ میں ٹھنڈک ہو وہ شبنم
دریائوں کے دل جس سے دہل جائیں وہ مسلمان
خبر کا کوڈ : 797828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش