QR CodeQR Code

ٹرامپ کا کونسا اقدام بدتر ہے

8 Jun 2019 07:59

ٹرامپ کی خلیج فارس اور مشرق وسطیٰ کے حوالے سے پالیسیاں بھی عجیب و غریب ہیں، اسکی تازہ ترین مثال شام کی ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ نے گذشتہ سال کے اختتام پر شام سے اپنی افواج کے نکالنے کا اعلان کیا، جس پر دنیا بھر کے میڈیا نے دل کھول کر تبصرے کیے، آج وہی امریکہ یہ کہتا ہوا نظر آرہا ہے کہ امریکی افواج کا شام سے نکلنے کا کوئی پروگرام نہیں۔


اداریہ
امریکہ کے موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرامپ جب سے منظر عام پر آئے ہیں، انہوں نے کوئی ایسا ڈھنگ کا کام نہیں کیا، جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ صدارتی الیکشن کی مہم میں انہوں نے اپنے مخالفین کے خلاف جو روش اپنائی، وہ اامریکی روایات سے میل نہیں کھاتی تھی۔ صدر بننے کے لیے انہوں نے کئی ایسی اقدار کو پامال کیا، جن پر تعلیم یافتہ اور مہذب شہری اب بھی شرمندہ شرمندہ نظر آتے ہیں۔ اخلاقی و ثقافتی حوالے سے الیکشن کمپین کے دوران انہوں نے جو کیا، اس کا شاید ان کے پاس کوئی جواب بن پائے، لیکن سیاسی حوالے سے انہوں نے امریکہ کے سب سے بڑے رقیب روس سے پس پردہ کوئی ایسا فعل انجام دیا ہے کہ امریکہ کا ایک بڑا حلقہ جس میں کانگریس اور سینیٹ کے اراکین بھی شامل ہیں، صدر ٹرامپ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

الیکشن میں کامیابی کے بعد انہوں نے دوسرے ممالک کے جو دورے کیے اور اکثر اوقات صبح سویرے منہ دھوئے بغیر جو ٹوئیٹ کیے، ان کے اثرات امریکہ چین تعلقات، امریکہ ایران تعلقات، امریکہ شمالی کوریا تعلقات اور عالمی معاہدوں کے حوالے سے باآسانی مشاہدہ کیے جا سکتے ہیں۔ کئی عالمی معاہدوں سے نکلنے کا اعلان حتیٰ ایران اور پانچ جمع ایک جیسے معاہدے سے "میں نہ مانوں" کے بچگانہ طریقہ کار سے علیحدگی ایسا امر ہے، جس پر دنیا کا سفارتی معاہدوں سے اعتماد اٹھتا نظر آتا ہے۔ ٹرامپ کی خلیج فارس اور مشرق وسطیٰ کے حوالے سے پالیسیاں بھی عجیب و غریب ہیں، اس کی تازہ ترین مثال شام کی ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ نے گذشتہ سال کے اختتام پر شام سے اپنی افواج کے نکالنے کا اعلان کیا، جس پر دنیا بھر کے میڈیا نے دل کھول کر تبصرے کیے، آج وہی امریکہ یہ کہتا ہوا نظر آرہا ہے کہ امریکی افواج کا شام سے نکلنے کا کوئی پروگرام نہیں۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ آج کل برطانیہ اور آئرلینڈ کے دورے پر ہیں، برطانیہ میں اس ملک کے باشندوں اور لندن کے میئر صادق خان نے ٹرامپ کے لئے جو الفاظ استعمال کیے ہیں، پورے امریکہ کے لیے وہ کلنک کے ٹیکے سے کم نہیں۔ صادق خان نے دنیا میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے سب سے بڑے چمپئن بننے والے ملک امریکہ کے صدر کو فاشسٹ جیسے لقب سے یاد کیا۔ گذشتہ روز آئرلینڈ کے دورے پر بھی صدر ٹرامپ کے خلاف عوامی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرے میں شریک ایک نوجوان نے بڑا تاریخی جملہ کہا، نوجوان کا کہنا تھا کہ ٹرامپ کے تمام فیصلے اور کام برے و بد ہیں، میں کونسے کو بدتر کہوں۔ بہرحال برطانیہ اور آئرلینڈ کے شہریوں کے احتجاج سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ٹرامپ کو امریکہ کا بدترین صدر سمجھتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 798331

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/798331/ٹرامپ-کا-کونسا-اقدام-بدتر-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org