QR CodeQR Code

ناکام آغاز

10 Jun 2019 07:48

نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کھلے عام یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ ابھی تک کی کوششوں سے یہ نتیجہ سامنے آرہا ہے کہ سنچری ڈیل کامیاب نہی ہوگی۔ وہ منصوبہ یا ڈیل جس پر ٹرامپ نے اپنا آئندہ الیکشن لڑنا ہے، اسکے بارے میں ان کا اپنا وزیر خارجہ اعتراف کر رہا ہے کہ یہ ایک ناکام آغاز ہے۔


اداریہ
سنچری ڈیل امریکی صدر کے لیے اس وقت سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ نے اس مسئلے کو اس انداز سے اٹھا دیا ہے کہ ان کی آئندہ صدارت کا بھی اس سے قریبی تعلق بن گیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ دھونس، دھمکی اور دھاندلی کی روش کو اپنانے ہوئے دنیا بھر میں چھنگاڑ رہے ہیں، لیکن ان کی ٹیم کو ان بات کا اچھی طرح اندازہ ہے کہ معاملات صحیح سمت میں نہیں جا رہے، کئی عالمی مسائل میں امریکہ کو سخت ناکامیوں کا سامنا ہے۔ صدر ٹرامپ جس انداز سے امریکی برتری کا خواب دیکھ رہے تھے، میدان عمل میں ایسا نہیں ہوسکا۔ امریکہ کی ناکامیوں کو اگر گنا جائے تو ماضی کے مقابلے میں اتنی کم مدت میں امریکہ کو بہت سے محاذوں پر بیک وقت اس قدر پسپائی کا سامنا نہیں ہوا ہے۔

دور جانے کی ضرورت نہیں امریکہ کے اپنے بغل میں یعنی لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا میں امریکی پالیسیوں کو بری طرح مات ہوئی ہے، ٹرامپ نے ہوگوچائوس کے جانشین کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے کئی پنیترے بدلے، لیکن مادورو نکولس ہر دوسرے دن وینزویلا کی سڑکوں پر عوامی مظاہرے کرکے صدر ٹرامپ کے سینے پر مونگ دلتے نظر آتے ہیں۔ افریقہ کا رخ کریں تو لیبیا میں بدستور ایسی صورتحال سے دوچار ہے، جس میں امریکی دال گلتی نظر نہیں آرہی۔ سوڈان میں بھی عوامی رجحان امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے موافق نہیں ہے۔ مشرق وسطیٰ میں شام، عراق، لبنان اور دیگر ممالک میں امریکہ کی پالیسیاں نہ صرف بری طرح ناکام رہیں بلکہ تمام عرب ممالک میں امریکہ کے خلاف نفرت اپنی تاریخ کے بلند ترین مقام کو چھو رہی ہے۔

امریکہ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ذریعے عرب لیگ، خلیج فارس تعاون کونسل اور او آئی سی کا کھیل کھیلنے کی کوشش کی، لیکن اس حوالے سے امریکہ جس چیز کا خواہاں تھا، اس میں ذرہ برابر کامیابی نصیب نہیں ہوئی، الٹا سعودی عرب پر اعتراضات کی بارش ہو رہی ہے کہ اس نے ایران کے خلاف محاذ بنانے کے لیے عرب لیگ، جی سی سی اور او آئی سی کو استعمال کیا ہے۔ نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کھلے عام یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ ابھی تک کی کوششوں سے یہ نتیجہ سامنے آرہا ہے کہ سنچری ڈیل کامیاب نہی ہوگی۔ وہ منصوبہ یا ڈیل جس پر ٹرامپ نے اپنا آئندہ الیکشن لڑنا ہے، اس کے بارے میں ان کا اپنا وزیر خارجہ اعتراف کر رہا ہے کہ یہ ایک ناکام آغاز ہے۔ اب دیکھیں ٹرامپ کے دیگر اتحادی کس دن مشرق وسطیٰ کے ماضی کے دیگر منصوبوں کی طرح سنچری ڈیل کو بھی "گریٹر اسرائیل"، "عظیم مشرق وسطیٰ" اور "نئے مشرق وسطیٰ" جیسے منصوبون کی طرح ناکام منصوبہ قرار دیتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 798618

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/798618/ناکام-آغاز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org