0
Sunday 16 Jun 2019 07:27

ایک تاریخی اقدام

ایک تاریخی اقدام
اداریہ
آج سے پانچ سال پہلے عراق کے شہر موصل پر تکفیری دہشت گردوں نے حملہ کیا اور عراق کے اس بڑے شہر پر قبضہ کرکے بغداد کی طرف پیش قدمی کا اعلان کر دیا۔ عراق قبائل، مسالک اور لسانی بنیادوں پر مشتمل اپنی نوعیت کا ایک منفرد ملک ہے۔ عراق کو جہاں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہاں وصی رسول خدا حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام اور نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام جیسی ہستیوں کے حرم موجود ہیں، وہاں باب مدینۃ العلم کی برکات سے نجف اشرف کا تاریخی حوزہ علمیہ اور مرجعیت کا تاریخی سلسلہ بھی عراق میں قائم و دائم ہے۔ نجف اشرف کی مرجعیت نے ماضی میں بھی سامراجی طاقتوں کے خلاف مضبوط و توانا آواز اٹھائی ہے اور صدام کے سقوط کے بعد دو مواقع پر نجف اشرف کی مرجعیت نے ایک بار پھر اپنی تاریخ کو دہرایا ہے۔ 2016ء میں جب عراق میں حکومت سازی کا بحران اپنے عروج پر تھا تو آیت اللہ سید علی سیستانی نے فتویٰ کی بجائے اپنے ایک بیان میں اس سیاسی بحران کو ختم کر دیا۔

اسی طرح جب جون 2014ء میں داعش جیسا تکفیری دہشت گرد گروہ شام سے موصل اور موصل سے عراق کے دیگر شہروں کی طرف بڑھا تو آیت اللہ سیستانی نے پندرہ جون کو داعش اور جارح قوتوں کے خلاف تاریخی فتویٰ صادر کیا۔ جارح تکفیری دہشت گردوں کے خلاف جہاد کفائی کے اس فتویٰ نے عراقی قوم کے اندر ایک نئی جان پیدا کر دی اور اس داعش گروپ کے خلاف عراق کو کامیابی نصیب ہوئی، جس کے خاتمے کے لیے امریکی صدر باراک اوبامہ نے کئی برس لگ جانے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ آیت اللہ سیستانی کے فتویٰ کی روشنی میں حشدالشعبی کی تشکیل ہوئی، جس میں شیعہ، سنی اور تمام عراقی قبائل کے افراد شامل ہیں، نے عراق کو تکفیری دہشت گردی سے محفوظ کر دیا بلکہ عراق کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کی ضمانت بھی فراہم کر دی۔

آیت اللہ سیستانی کے اس فتویٰ نے نہ صرف عراق کو داعش سے محفوظ بنا دیا بلکہ داعش کے عالمی ایجنڈے کو ناکام بنانے میں بھی انتہائی موثر کردار ادا کیا۔ جعلی خلافت کے اس ناسور اور داعش کے فتنے کی آنکھ کو اگر عراق میں نہ پھوڑا جاتا تو آج شام، عراق، لبنان سمیت کئی ممالک میں داعش کے دہشت گرد دندنا رہے ہوتے اور اسرائیلی ایجنڈا کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہوتا۔ عالمی تجزیہ نگار اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ باب العلم کے در سے علم کے موتی چننے والے ایک مرجع عالی قدر نے اپنے ایک فتویٰ سے عالمی سیاست کا رخ کو موڑ دیا۔
خبر کا کوڈ : 799728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش