QR CodeQR Code

امام خمینی اور ایران کا اسلامی انقلاب(9)

(امام خمینی کی رحلت کے بعد)

29 Jun 2019 09:09

اسلام ٹائمز: امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی ایران کے اسلامی انقلاب کو جس روشن مستقبل کیطرف لیکر جانا چاہتے ہیں، وہ عالمی الہیٰ انقلاب ہے، جو امام زمانہ کے ظہور سے امکان پذیر ہوگا۔ گام دوم کے نام سے جاری دستاویز میں رہبر انقلاب فرماتے ہیں کہ آئندہ کا عشرہ آپکا عشرہ ہے اور آپ ہی ہیں جنہیں ایک تجربہ کار اور پرعزم فرد کی حیثیت سے اس انقلاب کی حفاظت کرنا چاہیئے اور نہایت سرعت کیساتھ عظیم امنگوں کے حصول اور اسلام کے جدید تمدن کے نفاذ کیلئے کوشاں ہونا چاہیئے۔ ایران اپنے پوٹینشل اور صلاحیتوں کے لحاظ سے تمام شعبوں من جملہ اقتصاد، سیاست، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی میں خود کفالت کی منزل پر فائز ہوسکتا ہے اور یہ تمام کامیابیاں امام زمانہ کی اس عالمی حکومت کے قیام میں ممد و معاون ثابت ہونگی۔


تحریر: ڈاکٹر راشد عباس

گذشتہ سے پیوستہ
رہبر انقلاب اسلامی کئی برسوں میں استقامتی اقتصاد پر تاکید فرما رہے ہیں، آپ ملک کے اندر موجود توانائیوں اور وسائل و منابع کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کرنے پر تاکید کرتے ہیں اور ملک کو خود کفالت کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ خود کفالت پر مبنی اقتصاد و معیشت نہ صرف اندرونی مشکلات و کمیوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ اس سے ایران عالمی اقتصاد میں بھی اپنے اثر و نفوذ کو بڑھا سکتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے پیش کردہ اقتصادی نظام میں خام تیل کی فروخت کی کوئی حیثیت نہیں ہے، البتہ پٹرولیم کی مصنوعات کو داخلی صنعت کے ذریعے مختلف شکلوں میں لا کر برآمد کرنے پر تاکید ہے۔ آپ کی طرف سے نئے اقتصادی پروگرام میں ماحولیات کی سلامتی، غذائی اشیاء کی فراہمی و سکیورٹی، نئی معدنیات کو کشف کرنے، نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور ایران کی جغرافیائی اسٹریٹجک پوزیشن سے فائدہ اٹھانے کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔

آپ کے پیش کردہ اقتصادی پروگرام پر اگر تمام شرائط کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے تو آئندہ پچاس برسوں میں ملک سے غربت و افلاس، بدعنوانی، امتیازی رویوں کا خاتمہ ہو جائے گا اور ملک بڑی تیزی سے ترقی وہ پیشرفت کی منزلیں طے کرنے لگے گا۔ آپ کے آئندہ کے منصوبوں میں سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر علوم میں تیزی سے ترقی و پیشرفت ہے، آپ اقتصادی ترقی کے لیے علمی شعبے کی ترقی و پیشرفت کو کلیدی حیثیت قرار دیتے ہیں۔ آپ نالج بیسڈ اور علم سائنس و ٹیکنالوجی کی بنیاد پر انجام دیئے گئے منصوبوں کو کامیابی کی ضامن قرار دیتے ہوئے اس پر زور دیتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے دیگر شعبوں کی طرح دفاع کے شعبے میں بھی جدید ترین دفاعی ہتھیار بنانے پر تاکید کی ہے۔ اپ دفاع کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو دفاعی ترقی کے لیے ضروری سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آپ نے دفاعی شعبے میں میزائل اور ائیر ڈیفنس نظام بنانے والے ماہرین کو ملک کا عظیم سرمایہ قرار دیا ہے۔

نالج بیسڈ علوم اور سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے والے ممالک میں ایران کا شمار دس اہم ممالک میں ہوتا ہے۔ ایران کے اسلامی انقلاب کے نظریات عالمی ہیں، اس لیے اس انقلاب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان نظریات کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں۔ ایران کے اسلامی انقلاب کا پیغام محروم، مستضعف، پسے ہوئے طبقے نیز ظلم و ستم کا شکار تمام ملتوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔ اس تناظر میں امید کی جاتی ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات و رہنمائی کے سائے میں اسلامی اور انسانی اقدار اور کلچر کو دنیا بھر میں رائج ہونا چاہیئے۔ ظلم و ستم سے مقابلہ اور سامراج کے سامنے سر نہ جھکانا اس کلچر کی بنیادی خصوصیت ہے۔ آج اسی کلچر سے استفادہ کرتے ہوئے عراق، شام، لبنان اور مغربی ایشیاء کے دیگر ممالک میں اسلامی بیداری کی تحریک مستحکم سے مستحکم تر ہو رہی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی ان تحریکوں کے بارے میں فرماتے ہیں کہ یہ تحریکیں داخلی استبداد اور بیرونی جارحیت کے خلاف منظم ہونی چاہیئں اور اس سلسلے کو جاری رہنا چاہیئے، تاکہ یہ مظلوم و محروم اقوام آزادی و خود مختاری کی نعمت سے بہرہ مند ہوسکیں اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کی پوزیشن میں آسکیں۔ رہبر انقلاب اسلامی امت مسلمہ کے مستقبل کے حوالے سے اتحاد و وحدت کو کامیابی کی ضمانت قرار دیتے ہیں اور اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف اتحاد و وحدت کی دعوت دیتے ہیں، تاکہ اسلام دشمن طاقتیں ایک ایک کر مسلمان ممالک کو کمزور کرکے انہیں اپنا دست نگر نہ بنا سکیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے حوالے سے رہبر انقلاب کا ایک امید بخش پیغام اور نظریہ جس کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کے افکار و نظریات میں سے بھی اخذ کیا جا سکتا ہے، وہ یہ ہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ کے عالمی انقلاب کا مقدمہ ہے۔

امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی ایران کے اسلامی انقلاب کو جس روشن مستقبل کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں، وہ عالمی الہیٰ انقلاب ہے، جو امام زمانہ کے ظہور سے امکان پذیر ہوگا۔ گام دوم کے نام سے جاری دستاویز میں رہبر انقلاب فرماتے ہیں کہ آئندہ کا عشرہ آپ کا عشرہ ہے اور آپ ہی ہیں جنہیں ایک تجربہ کار اور پرعزم فرد کی حیثیت سے اس انقلاب کی حفاظت کرنا چاہیئے اور نہایت سرعت کے ساتھ عظیم امنگوں کے حصول اور اسلام کے جدید تمدن کے نفاذ کے لیے کوشاں ہونا چاہیئے۔ ایران اپنے پوٹینشل اور صلاحیتوں کے لحاظ سے تمام شعبوں من جملہ اقتصاد، سیاست، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی میں خود کفالت کی منزل پر فائز ہوسکتا ہے اور یہ تمام کامیابیاں امام زمانہ کی اس عالمی حکومت کے قیام میں ممد و معاون ثابت ہوں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔تمام شد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


خبر کا کوڈ: 801788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/801788/امام-خمینی-اور-ایران-کا-اسلامی-انقلاب-9

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org