0
Friday 5 Jul 2019 22:24

پاراچنار میں کرپشن کی سرکوبی کے اقدامات

پاراچنار میں کرپشن کی سرکوبی کے اقدامات
رپورٹ: ایس این حسینی

ضلع کرم خصوصاً پاراچنار کے جوانوں کو نشے اور فحاشی کے ذریعے بے راہ روی کی راہ پر چلانے کی سازش میں نہ صرف سمگلر ملوث ہیں، بلکہ اس گھناؤنے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سرکاری اہلکار بھی ملوث ہیں۔ تاہم یہ لوگ ڈائریکٹ یہ دھندہ نہیں چلاتے، بلکہ نشہ آور مواد کی خرید و فروخت میں ملوث افراد خصوصاً اسمگلروں کو ڈھیل دیکر انہیں تقویت پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔ اسے سازش کہہ کر لوگ حیران ہونگے کہ جب لوگ خود نشہ نہیں کرتے تو دوسروں کی سازش کا کیا معنی۔ تو عرض یہ ہے کہ حالت یہ ہے کہ جوانوں خصوصاً اسٹوڈنٹس کو نشہ آور مواد اکثر مفت فراہم کیا جاتا ہے اور انہیں نشے کا عادی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نشے کے علاوہ بازار میں بے پردگی کو عام کرنے کی سازش بھی ہو رہی ہے۔ یوں لوگوں کو نشے، فحاشی اور عریانی کی جانب مائل کرکے ان کی غیرت و حمیت کو ختم کرنے کی ایک سازش جاری ہے۔

اس حوالے سے انجمن حسینیہ اور تحریک حسینی کو روزانہ درجنوں شکایات موصول ہوتی ہیں۔ چنانچہ کچھ عرصہ قبل مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ شیخ فدا حسین مظاہری نے جمعہ کے خطبے میں اس حوالے سے انجمن حسینیہ کے اراکین کو بریف کیا اور کہا کہ ایسے عناصر کا راستہ آہنی ہاتھوں سے روکا جائے۔ لہذا ان سازشوں سے نمٹنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں کرم کی سربرآوردہ تنظیمیں جیسے انجمن حسینیہ، تحریک حسینی، آئی ایس او، پاسدار اور علمدار فیڈریشن وغیرہ شامل ہیں۔ علامہ مظاہری نے اس مشن کی ذمہ داری اور سربراہی سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی سردار حسین کو سونپی ہے۔ جنہوں نے پاراچنار شہر سمیت اہم دیہات کا دورہ کرکے عوام کو اپنے مقصد سے آگاہ کرنے کے علاوہ ان کا تعاون حاصل کرنے کیلئے ان سے پانچ سے لیکر دس افراد پر مشتمل کمیٹی فراہم کرنے کی گزارش بھی کی ہے، جو کہ انہوں نے فراہم بھی کر دی ہے۔

اسی مقصد کی خاطر گذشتہ روز انجمن حسینیہ، تحریک حسینی اور دیگر تنطیموں نے مرکزی امام بارگاہ سے روانہ ہوکر مشترکہ طور پر واک کی اور پاراچنار کے مختلف بازاروں سے ہوکر واپس امام بارگاہ تک آئے، اس دوران دکانداروں اور کرپشن میں ملوث کرداروں کو متنبہ کیا گیا کہ اس کے بعد بازار میں کسی قسم کے کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ منیاری کے دوانداروں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ اپنی دوکانوں سے پردے فوری طور پر ہٹائیں۔ اسی طرح بھیک مانگنے والی خواتین کو متنبہ کیا گیا کہ راستوں میں فقر کی غرض سے بیٹھنے سے گریز کریں۔ اسی طرح گراں فروشی سے بھی خبردار کیا گیا۔ جس کا عوامی اور قومی سطح پر پرجوش استقبال کیا گیا۔ نتیجتاً کالے دھندے میں ملوث افراد کی کمر ٹوٹ گئی اور نشے کے ساتھ ساتھ دیگر ہر طرح کی کرپشن کے راستے مسدود ہوگئے۔ خیال رہے کہ عوام میں اس حوالے سے بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے کہ قومی مرکز نے کئی دھائیوں کے بعد متعدد قومی فیصلے کرکے مرکز کی خوش نامی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ جس کا تمام تر کریڈٹ پیش امام شیخ فدا حسین مظاہری اور سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی سردار حسین کو جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 803271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش