0
Thursday 11 Jul 2019 08:13

نہ بکنے والا زکزکی، نہ جھکنے والا زکزکی

نہ بکنے والا زکزکی، نہ جھکنے والا زکزکی
اداریہ
بلال دوراں شیخ ابراہیم زکزکی کے بارے میں تشویش ناک خبریں موصول ہو رہی ہیں، ان کے اپنے فرزند اور ان کے خاندانی ڈاکٹر کے مطابق شیخ زکزکی کے خون میں ایک مخصوص زہر تیزی سے بڑھ رہا ہے، جو ان کی سلامتی اور زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ اس زہر کے بارے میں ماہرین دو طرح کے امکانات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک حلقے کا کہنا ہے کہ 2015ء کے سانحے میں انہیں جو گولیاں لگی تھیں، ان میں بعض بدستور ان کے جسم کے اندر ہیں اور ان کی وجہ سے وہ زہر آہستہ آہستہ بدن میں سرایت کر رہا ہے۔ فیملی ڈاکٹر کی ایک رائے یہ بھِی ہے کہ جیل کے اندر انہیں slow posioning دی جا رہی ہے، جس سے ان کی زندگی کو شدید خطرہ ہے۔ وجوہات جو بھی ہیں، نائیجریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ اور اس ملک کے لاکھوں کروڑوں مسلمانوں کے قائد و رہنماء گذشتہ چار برسوں سے قلبی زخموں اور گولیوں سے چھلنی بدن کے ساتھ نائیجریا کے زندانوں میں اپنی زندگی کے انتہائی دشوار دن گزار رہے ہیں۔

ملک کی اعلیٰ عدالت نے انہیں باعزت بری کر دیا ہے، لیکن نائییجریا کی اسٹبلشمنٹ انہیں رہا کرنے پر تیار نہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ اسٹبلشمنٹ شیخ زکزکی کو اپنی شرائط پر آزاد کرنا چاہتی ہے، لیکن بلال دوراں شیخ زکزکی سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹے ہوئے ہیں اور فوجی جنتا سے کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔ پانچ نوجوان فرزند شہید کروا کر ہزاروں چاہنے والوں کی قربانی دے کر، اپنی عمر رسیدہ دکھیا زوجہ کے ساتھ جیل کی صعوبتں برداشت کر رہے ہیں، لیکن صہیونی و سعودی نواز فوج سے کسی قسم کا سمجھوتہ یا کمپرومائز کرنے کے لیے تیار نہیں۔ شیخ زکزکی نے اپنی یاداشتوں میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ وہ کالج لائف سے اسلامی تحریکوں میں سرگرم عمل تھے، لیکن ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد جب وہ ایران میں آئے اور انہیں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تو انہوں نے امام خمینی سے جب یہ سوال کیا کہ ہم اپنے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لیے کیا کرسکتے ہیں تو امام خمینی نے انہیں قرآن پاک کا نسخہ تحفے میں دیتے ہوئے کہا قرآن مجید کو لے جائو اور اس کے ذریعے سے اپنے معاشرے میں تبدیلی لائو۔

شیخ زکزکی کے بقول اس وقت سے لے کر آج تک میں قرآن پاک سے جڑا ہوا ہوں اور قرآن کی تعلیمات کے مطابق اپنے الہیٰ مشن کو آگے بڑھا رہا ہوں۔ آیت اللہ شیخ زکزکی موجودہ دور کی اسلامی و انقلابی تحریکوں کے قائدین کے لیے ایک چلتا پھرتا نمونہ ہیں، انہوں نے انتہائی کم وقت میں نائیجریا میں اسلام کے انقلابی پیغام کو درجنوں افراد سے شروع کرکے کروڑوں تک پہنچایا ہے۔ اپنے بچے قربان کر دیئے، لیکن اسٹبلشمنٹ سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ آج نائیجیریا کی فوج اس ڈر سے ان کو جیل سے باہر نہیں آنے دے رہی کہ اگر انہیں مزید چند سال نائیجیریا کے معاشرے میں کام کرنے کا موقع مل گیا تو پورے افریقہ میں اسرائیل، سعودی عرب اور امریکہ کی ترتیب دی گئیں دیرینہ شیطانی سازشیں ناکام و نامراد ہو جائیں گی۔ شیخ زکزکی تمھارے عزم و حوصلے کو سلام، شیخ زکزکی تمھاری استقامت اور جذبہ ایثار و قربانی کو سلام، بے شک نائیجیریا کی فوج نہ تجھے خرید سکی ہے، نہ جھکا سکی ہے۔ خدا تجھے ہم سب کی زندگیاں عطا کر دے۔ بلال حبشی نے مشرکین کے ہر طرح کے ظلم و ستم کے مقابلے میں لا الہ کہا اور تم امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے سامنے مردہ باد امریکہ اور مردہ باد اسرائیل کہہ رہے ہو۔
خبر کا کوڈ : 804419
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش