0
Thursday 11 Jul 2019 22:06

مرید عباس قتل کیس، مرکزی ملزم کا اسمگلنگ و منی لانڈرنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف

مرید عباس قتل کیس، مرکزی ملزم کا اسمگلنگ و منی لانڈرنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف
ترتیب و تدوین: ایس حیدر

شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے دوست کے قتل کے تانے بانے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سے جڑ رہے ہیں۔ گرفتار ملزم عاطف زمان افغانستان سے ٹائروں کی پاکستان اسمگلنگ کے دھندے میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف منی لانڈرنگ کے شواہد بھی مل رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی ملزم عاطف زمان چند سال قبل تک کراچی میں ایک ٹائر شاپ پر ملازم تھا، جس نے ٹائروں کی افغانستان سے کراچی اسمگلنگ کا دھندہ شروع کیا اور اس دھندے اور منی لانڈرنگ کے جادو سے کروڑ پتی بن گیا۔ ملزم نے میڈیا کے کئی اینکرز سے دوستیاں کیں اور شروع شروع میں ان کی گاڑیوں کے ٹائرز تبدیل کرانے اور گاڑیوں کے دیگر چھوٹے موٹے کام کروا کر اعتماد حاصل کرتا رہا۔ پھر ایک دو دوست اینکر پرسنز سے اس کام میں پیسہ لگانے کا کہا اور ناقابل یقین منافع دے کر انویسٹمنٹ میں کشش پیدا کی۔

پولیس کے مطابق اینکر پرسنز سمیت 80 سے زائد افراد نے عاطف زمان کے پاس لگ بھگ ایک ارب روپے کی انویسٹمنٹ کر رکھی ہے۔ مرید عباس نے عاطف زمان کے پاس لگ بھگ 7 کروڑ روپے کی انویسٹمنٹ کی اور ان کی اہلیہ کی کئی دوست اینکرز نے بھی دیکھا دیکھی پیسہ لگایا۔ میڈیا سے متعلق 42 افراد سمیت مرید عباس کے ساتھ کام کرنے والوں نے بھی منافع پر پیسہ دے رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان کافی عرصے سے غائب تھا، ایک اطلاع کے مطابق ملزم کی ٹائروں کی اسمگلنگ کی کنسائنمنٹ پکڑی گئی تھی۔ مبینہ طور پر ملزم پر منی لانڈنگ کا پیسہ بھی افغان بارڈر کے پاس ضبط ہوا۔ اس مالی بحران کی وجہ سے ملزم اپنے پارٹنرز اور انوسٹرز کو منافع کی رقم نہیں دے سکا۔ اسی بنا پر مبینہ طور پر تنگ کرنے والے 5 انوسٹرز کو ایک ہی وقت میں ڈیفنس میں مختلف مقامات پر بلوا لیا، تاکہ انہیں قتل کرکے جان چھڑا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عاطف زمان وقوعہ والے دن 5 افراد کے قتل کی تیاری کرچکا تھا، ملزم نے 50 گولیوں کا پیکٹ اپنے ہمراہ رکھا ہوا تھا۔ ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ مرید عباس کے قتل سے دو دن پہلے ملزم نے دباﺅ ڈالنے والے تمام افراد کو مارنے کا پروگرام بنایا اور تمام پانچ افراد کو قتل کی نیت سے مختلف جگہوں پر بلایا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے موبائل فون ریکارڈ سے شواہد ملے ہیں کہ ملزم کا مقصد پانچ پارٹنرز کو قتل کرنا تھا، تاہم وہ دو کے قتل کے بعد پکڑا گیا اور تین انویسٹرز بچ گئے۔ ملزم نے واردات کیلئے اپنے بھائی کا 30 بور پستول استعمال کیا۔ ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ دوہرے قتل کی وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اس کے بھائی عدنان کا ہے، ملزم نے سب کو قتل کرنے کا مکمل بندوبست کرکے رکھا ہوا تھا، ملزم عاطف کا بھائی عدنان فرار ہوکر بالا کوٹ پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں عاطف نے کہا کہ اسکے ساتھ بہت سارے سرمایہ کار تھے، وہ سرمایہ کاروں کو باقاعدہ طور پر منافع دیتا تھا۔ طارق دھاریجو نے کہا کہ کچھ مہینے سے ملزم کا سامان پھنسا ہوا ہے اور اس نے منافع دینا بند کر دیا تھا۔ پولیس کو ملزم نے بتایا کہ منافع نہ دینے کی وجہ سے اسے دھمکیاں مل رہی تھی اور وہ دباﺅ میں تھا۔ تفتیشی ٹیم نے ٹائر کا کاروبار کرنے والوں کی فہرست مرتب کرنا اور ان سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق کیس کی تحقیقات کیلئے 20 سے زائد مرکزی سرمایہ کاروں کے بیانات لیے جائیں گے، جس میں تفتیشی ٹیم نے تفصیلات جاننے کیلئے آج بروز جمعرات کو بھی کچھ افراد کو طلب کیا۔ تفتیشی ٹیم نے ٹائر کے کاروبار میں سرمایہ کاری کا طریقہ کار، مجموعی رقم، منافع کے ادائیگی کا طریقہ اور بزنس پارٹنرز کو ماہانہ بنیاد پر ادائیگی کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا ہے۔

مرید عباس قتل کیس میں تفتیشی حکام نے نجی چینل کے اینکر سمیت دو ملازمین کو تفتیش کیلئے طلب کر لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ابتک 40 کروڑ روپے کا معاملہ سامنے آچکا ہے۔ ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مرید عباس نے ساڑھے 7 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ ٹی وی اینکر مرید عباس کو قتل کرنے والے ملزم عاطف زمان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان کے خلاف مقدمہ نمبر 385/2019 سرکار کی مدعیت میں درخشاں پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، جس میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل ہیں۔ اس سے قبل مرید عباس کے قتل کا پہلا مقدمہ مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں ہی درج کیا گیا تھا، جبکہ پولیس قتل کے عینی شاہد عمر ریحان کا بھی بیان ریکارڈ کرچکی ہے۔ واضح رہے کہ بول نیوز کے اینکر مرید عباس کو منگل کے روز کراچی میں لین دین کے معاملے پر عاطف زمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق دوہرے قتل کی واردات میں عاطف زمان کا بھائی عدنان بھی ملوث ہے، جو واقعہ کی سی سی ٹی وی میں عاطف کے ساتھ نظر آرہا ہے۔ عدنان زمان کی تلاش کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 804545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش