QR CodeQR Code

ہے خوشی ان کو کہ کعبے کے نگہبان ملے

22 Jul 2019 08:26

امریکی سفارتکاروں اور انٹیلی جنس اہلکاروں نے آل سعود اور ریاض کو یہ باور کرا دیا ہے کہ امریکی مدد کے بغیر انکی سلامتی ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی صدر کیطرف سے سعودی عرب فوجی بھیجنے کو شاہ سلمان اور بن سلمان نے اسطرح خوش آمدید کہا جیسے انہیں نئی زندگی کی نوید سنائی گئی ہو۔ سعودی عرب میں امریکی افواج کی تعیناتی ماضی میں القاعدہ اور اسامہ بن لادن جیسے کرداروں کو وجود میں لانے کا باعث بنی۔


اداریہ
امریکہ اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں، انہیں تعلقات کے بیچ آل سعود اور اسرائیل کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر سرسری نگاہ ڈالی جائے تو اس بات کی واضح نشاندہی ہو جاتی ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے سعودی عرب کے دورے کو گیم چینجر اور مشرق وسطیٰ میں تبدیلی کا استعارہ کیوں قرار دیا تھا۔ آل سعود اسرائیل تعلقات کے لیے امریکی صدر نے اپنے داماد کوشنر کو معمور کیا اور آج ٹرامپ کے رقص شمشیر اور کوشنر کی غیر سفارتی سرگرمیاں رنگ لاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ مشرق وسطیٰ اور خلیج فارس کی سکیورٹی اور سیاسی صورتحال کو کشیدہ بنانے میں جہاں امریکہ ملوث ہے، وہاں اس آگ کو بڑھکانے کے لیے سعودی عرب کے اشتعال انگیز اقدامات کو بھی نظرانداز نہیِں کیا جا سکتا۔

آج سعودی عرب خطے میں بیرونی ممالک کی مداخلت کے خلاف صرف زبانی بیان بھی جاری کر دے تو صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔ سعودی عرب میں بن سلمان نے جو انداز سیاست اختیار کر رکھا ہے، اس کے اثرات انتہائی دور رس ہیں۔ امریکی صدر کے داماد کے اشاروں پر رقص کرنے والے بن سلمان یمن میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔ اتحادی بھی جان چھڑانے کے چکر میں ہیں، جبکہ سعودی عرب کے اندر سے بھی مخالف آوازیں مضبوط ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ امریکہ مشرق وسطیٰ بالخصوص سعودی عرب کے آل سعود خاندان میں ایرانو فوبیا کا ماحول بنانے میں مکمل کامیاب ہوگیا ہے۔ آج آل سعود خاندان ایسی بندگلی میں داخل ہو رہا ہے، جس کا دوسرا سرا امریکہ کی گود میں جانے کے علاوہ کچھ نہیں۔

امریکی سفارتکاروں اور انٹیلی جنس اہلکاروں نے آل سعود اور ریاض کو یہ باور کرا دیا ہے کہ امریکی مدد کے بغیر انکی سلامتی ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی صدر کی طرف سے سعودی عرب فوجی بھیجنے کو شاہ سلمان اور بن سلمان نے اس طرح خوش آمدید کہا جیسے انہیں نئی زندگی کی نوید سنائی گئی ہو۔ سعودی عرب میں امریکی افواج کی تعیناتی ماضی میں القاعدہ اور اسامہ بن لادن جیسے کرداروں کو وجود میں لانے کا باعث بنی، آج آل سعود حکومت ماضی کی اس غلطی کو ایک بار پھر دہرا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ سلمان نے امریکی فوج کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کے اس اقدام پر علامہ اقبال کا یہ شعر صادق آتا ہے:
پاسبان مل گئے کعبے کو صنم خانے سے


خبر کا کوڈ: 806263

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/806263/ہے-خوشی-ان-کو-کہ-کعبے-کے-نگہبان-ملے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org