0
Monday 29 Jul 2019 22:30

گھر گھر جاکر زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ضابطہ اخلاق جاری

گھر گھر جاکر زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ضابطہ اخلاق جاری
رپورٹ: ایس ایم عابدی

عیدالاضحیٰ پر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں، سماجی تنظیمیں، فلاحی ادارے اور دینی مدارس کراچی سمیت صوبہ سندھ میں قربانی کی کھالیں جمع کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ کھالیں جمع کریں۔ کھالیں جمع کرنے والوں کے درمیان سخت مقابلے کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے، جو بعض دفعہ تصادم کی شکل اختیار کرتی ہے اور بڑے پیمانے پر نقص امن کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے، لہذا حکومت سندھ نے مندرجہ ذیل ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔ محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے مندرجہ ذیل ہدایات جاری کی ہیں، تاکہ تصادم اور تقصِ امن سے بچا جا سکے۔ اس سلسلے میں کھالیں جمع کرنے کے لئے کمشنر ڈپٹی کمشنر سے پیشگی تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیہ کے مطابق صرف ان پارٹیوں، تنظیموں، فلاحی اداروں اور دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی، جو رجسٹرڈ ہیں اور ضابطہ اخلاق پر دستخط کریں گے اور سختی سے پابند رہیں گے، کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، گاڑیوں پر لاؤڈ اسپیکر جھنڈے لگا کر یا مساجد مدرسوں اور دفاتر سے کسی قسم کا اعلان کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح پوسٹرز یا بینرز کے ذریعے کھالیں مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مندرجہ بالا پابندیوں کا مقصد یہ ہے کہ کھالیں اپنی مرضی سے دینا قربانی کرنے والوں کا بنیادی حق ہے، انہیں استعمال کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیئے اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہونا چاہیئے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ گھر گھر جا کر زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، محلے اور علاقے میں مساجد، مدارس اور فلاحی ادارے موجود ہیں، لوگ بذات خود اپنی مرضی سے جاکر کھالیں جمع کرا سکتے ہیں۔ کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں، اداروں اور مدارس کے کارکنان جب کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کریں تو ان کے پاس اپنا قومی شناختی کارڈ، سروے کا کارڈ اور کمشنر ڈپٹی کمشنر کی طرف سے اجازت نامہ کی نقل ہونی چاہیئے، بصورت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اختیار ہوگا کہ وہ کھالیں ضبط کرلیں، ہر ادارہ، تنظیم اور مدرسہ اپنے علاقے کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایچ او کو تحریری طور پر ایک مقام سے دوسرے مقام پر کھالیں منتقل کرنے کا اجازت نامہ پیشگی جمع کروائے گا، تاکہ کھالیں لے کر جانے والی گاڑیوں کو سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

 عیدالاضحیٰ کے تینوں دن کسی قسم کا اسلحہ، ڈنڈے، لاٹھی یا سلاخیں وغیرہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی، اس پابندی کا اطلاق لائسنس یافتہ اسلحے پر بھی ہوگا۔ اس قانون کو نافذ کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے جگہ جگہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روک کر چیک کریں گے اور تلاشی لیں گے، تمام مدارس، تنظیمیں، ادارے اور مدارس کے کارکنان کو ہدایت کریں گے کہ وہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں، بغیر اجازت نامہ کے کھالیں جمع کرنے یا مندرجہ بالا شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے، تنظیم اور مدارس کے کارکنان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور کھالیں ضبط کر لی جائیں گی۔ درخواست گزاروں کو متعلقہ سکیورٹی اداروں سے سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا لازم ہوگا۔ واضح رہے کہ کراچی آپریشن سے قبل شہر میں قربانی کی کھالیں جمع کرتے ہوئے چھینا جھپٹی کے واقعات عام تھے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آپریشن کے بعد شہری جسے چاہیں قربانی کی کھال دے سکتے ہیں، لیکن پھر بھی سکیورٹی اداروں کو چاہیئے کہ اپنی نگرانی کو مزید سخت کریں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکتے۔
خبر کا کوڈ : 807806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش