0
Thursday 8 Aug 2019 08:06

انقلابی سوچ ترقی کی ضامن

انقلابی سوچ ترقی کی ضامن
اداریہ
ایک مثالی رہبر و قائد کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ وہ اپنے پیروکاروں اور چاہنے والوں کو جہد مسلسل اور خوب سے خوب تر کی تلاش کی دعوت دیتا ہے۔ اسی طرح ایک مثالی رہبر کی علامت ہی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں اور دوستوں کو ستاروں اور آسمانوں سے آگے کے سفر کی دعوت دیتا ہے اور ستاروں پر کمندیں ڈالنے کی ترغیب دلاتا ہے۔ جو قیادتیں عوام کو بلندی و عروج کے سفر کی بجائے دائرے کی گردش میں الجھا دیتی ہیں تو انہیں رہبر نہیں رہزن کہا جاتا ہے۔ اچھی قیادتیں سکون، جمود اور ٹھہراو کو موت اور فنا کی نشانیاں قرار دیتی ہیں۔ علامہ اقبال کے بقول حقیقی امام و رہبر نہ صرف حاضر و موجود سے بے زار کرتا ہے بلکہ حقیقی رہبر وہ ہوتا ہے جو:
موت کے آئینے میں تجھ کو دکھا کر رخ دوست
زنگی تیرے لئے اور بھی دشوار کرے
دے کے احساس زیاں تیرا لہو گرما دے
فقر کی سان چڑھا کر تجھے تلوار کرے


رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہر سال ایران کے غیر معمولی ذہانت رکھنے والے اور بین الاقوامی سطح پر مختلف علوم میں اولمپیاد اور میڈل جیتنے والے نوجوانوں سے سال میں ایک بار ضرور نشست رکھتے ہیں۔ اس نشست کا میرے خیال میں جہاں ان ذہین طلباء کو انتظار رہتا ہے، وہاں رہبر انقلاب اسلامی بھی ان نوجوانوں سے ملاقات کے لئے بے تاب رہتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایک مرتبہ اس کا باقاعدہ ذکر بھی فرمایا ہے۔ گذشتہ روز بھی تہران کے حسینیہ امام خمینی رہ میں اسی طرح کی ایک نشست کا اہتمام تھا، جس میں رہبر انقلاب اسلامی نے ایران میں غیر معمولی صلاحیت رکھنے والی نوجوان نسل کے منتخب نمائندوں سے ملاقات کی۔ آپ نے ان نوجوانوں کو جو نصحیتیں کیں، وہ صرف حسینیہ امام خمینی رہ میں موجود ان نوجوانوں کے لئے مخصوص نہیں تھیں بلکہ ہر اس باصلاحیت نوجوان کے لئے یہ نصحیتیں ایک نقشہ راہ کی مانند ہیں، جو سامراجی سازشوں کی رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دوسرے شعبہ ہائے زندگی میں ترقی و پیشرفت کی منزل عبور کرنا چاہتے ہیں۔

رہبر انقلاب نے اس خطاب میں بڑی وضاحت کے ساتھ اس نکتہ کو بیان کیا کہ ایران جب تک سامراجی طاقتوں اور ان کے پٹھووں کے چنگل میں رہا، اس ملک میں ترقی نہیں ہوسکی، لیکن جونہی قوم بیدار ہوئی اور انہوں نے اپنی تقدیر کے فیصلے خود کرنے کا عزم کیا تو کامیابی ان کے قدم چومنے لگی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے نوجوانوں کی فکری گہرائی، دانشمندی اور عقلانیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ استثنائی صلاحیتوں اور غیر معمولی استعداد کے حصول کا راستہ ایک نہ ختم ہونے والا راستہ ہے۔ آپ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ انقلابی اور اسلامی افکار کی بنیاد پر زندگی کے ہر شعبے میں ترقی و پیشرفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایک بار پھر انقلاب سوچ اور انقلابی افکار کو بنیاد قرار دیا ہے۔ دنیا کے جس خطے میں بھی نوجوان نسل نے اسلامی افکار و بصیرت کی روشنی میں انقلابی انداز فکر سے آگے قدم بڑھایا تو کامیابی یقیناً اس کی منتظر ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 809536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش