QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، ایم ڈبلیو ایم کا ضلعی کنونشن

19 Aug 2019 10:23

اسلام ٹائمز: شرکائے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید فوجی جوانوں اور شہید کشمیری شہریوں کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ملک و قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام ملکی دفاع و سلامتی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے۔


رپورٹ: آئی اے خان

مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کا ضلعی کنونشن کوٹلی امام حسین (ع) ڈی آئی خان میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع بھر کے عہدیداران اور مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے عمائدین نے شرکت کی۔ کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لئے تنظیمی لائحہ عمل طے کیا گیا۔ کنونشن میں محرم الحرام کے حوالے سے بھی انتظامات، مجالس عزاء و جلوسوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا غضنفر نقوی نے ایم ڈبلیو ایم ڈیرہ کی تین سالہ کارکردگی پیش کی۔ کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی، صوبائی مسئول نیئر جعفری، سابق ناظم سید سجاد شاہ شیرازی، صفدر بلوچ، تنویر مہدی ایڈووکیٹ سمیت مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکائے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید فوجی جوانوں اور شہید کشمیری شہریوں کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ملک و قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام ملکی دفاع و سلامتی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، کرفیو لگا کر کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے، بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو محکوم نہیں بنا سکتا، عالمی برادری بھارتی جارحیت کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر، فلسطین عالم اسلام کے دیرینہ مسائل ہیں، مگر افسوس ہے کہ عالمی امن کے نام نہاد ذمہ داروں کو ان دونوں مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر و فلسطین جیسے مسائل حل کئے بغیر بڑی جنگوں کے خدشات کو ٹالا نہیں جا سکتا۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان میں بدامنی اور عدم تحفظ کی صورتحال پہ اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ملت کا سرمایہ ہیں، لہذا ہم انہیں کبھی بھی نہیں بھلا سکتے۔ ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما سید اسد علی زیدی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے سلسلے میں بھارتی حالیہ ناروا اقدامات پر تبصرہ کیا۔

انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، بھارت کے یکطرفہ اقدام سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ بھارتی حکومت کو تمام غیر قانونی اقدامات واپس لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہیئے اور مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو ہر ممکن انصاف دلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سہ فریقی (امریکہ، اسرائیل اور بھارت) کے گٹھ جوڑ سے ملک کے استحکام اور امن کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ روہنگیا، یمن، شام، یمن، بحرین، کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی مشکلات کا مسلم ممالک کو ادراک کرکے ان کے حل کی کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ‏‏پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور کشمیری مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی نصرت پر ایمان رکھنا چاہیئے۔

کنونشن کے دوران نیئر جعفری نے کنونشن میں میڈیا سیل کے ذمہ داروں کے حوالے سے ایک خصوصی نشست کے دوران میڈیا کی افادیت، مثبت استعمال اور نقصانات سے متعلق گفتگو میں کہا کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہمیت کے حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نو جوانوں کو چاہیئے کہ جدید دور کی ایجادات سے بروقت مثبت استفادہ کریں۔ نوجوان زمان و مکان کیساتھ ہم قدم چلتے ہوئے آنے والے وقت کیلئے ابھی سے تیاری کر لیں، جدید علوم کے حصول سے ہی ترقی کے منازل طے اور بہتر روشن مسقبل کیلئے آج پروگرام ترتیب دینا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان انٹرنیٹ، وائی فائی کی سہولت سے منفی استعمال لمحہ فکریہ اور افسوس ناک ہے، نئی نسل اس سہولت کے منفی استعمال سے ہر صورت گریز اور انٹرنیٹ کی مثبت استعمال سے اپنی قابلیت میں مزید بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کو یقینی بنائیں۔

مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا غضنفر نقوی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے جہاں حکومت کو جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے، وہیں عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ امریکی ڈالر اور غیر ملکی اشیاء کا بائیکاٹ کرکے ہم تاریخی اقدام کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں پاکستان کو معاشی دہشتگردی کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ وطن عزیز کو دیوالیہ کر دیا جائے، تاہم حکومت سمیت عوام کو ملک دشمنوں کی اس مذموم خواہش اور کوشش کو ناکام بنانا ہوگا۔ امریکی ڈالر اور غیر ملکی وہ اشیاء جن کا متبادل یہاں موجود ہو، کا مکمل بائیکاٹ کرکے ہم ملکی معیشت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ڈالر مافیا کے خلاف کارروائی کرے، اس وقت معیشت کا غیر مستحکم ہونا وطن عزیز کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اور اس کا سارا بوجھ غریب عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاون کیا جائے اور معاشی دہشتگردی پھیلانے والوں کو سزاء دی جائے۔

مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی کنونشن میں ناگزیر وجوہات کی بناء پہ ضلعی سیکرٹری جنرل کیلئے انتخاب نہیں ہوسکا۔ ضلعی رہنماء اسد زیدی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جو کہ نئی کابینہ کے انتخاب تک تمام امور کی ذمہ داری انجام دے گی۔ دوران کنونشن کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی پہ ناجائز قبضے اور اس کی قانونی حیثیت میں ردوبدل کے معاملے پہ بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پہ علامہ وحید کاظمی کا کہنا تھا کہ وقف امام حسین (ع) اراضی مقصد امام حسین (ع)، عزاداری، عبادت کے علاوہ کسی بھی کام میں استعمال نہیں کی جاسکتی۔ کنونشن کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے ڈیرہ اسماعیل خان سٹی میں امام بارگاہوں اور مساجد کا دورہ بھی کیا۔

انہوں نے وفد کے ہمراہ مرکزی ماتمی سنگت لشکر حسین کے سالار پیر سید سبطین شاہ کی عیادت کی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں عزاداری کے اجتماعات اور اس حوالے سے مسائل پہ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے علامہ وحید کاظمی کی سربراہی میں کنوئنر تحریک تحفظ کوٹلی امام حسین (ع) اور پروگرام انچارج بشیر حسین جڑیہ کے گھر پہ ان سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ اس موقع پہ تشیع کمیونٹی کے دیگر اکابرین بھی موجود تھے۔ اس موقع پہ گفتگو کرتے ہوئے بشیر حسین جڑیہ کا کہنا تھا کہ کوٹلی امام حسین (ع) کے معاملے پہ قومی مذہبی جماعتوں کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ دوران گفتگو اس بات کی ضرورت پہ زور دیا گیا کہ ملت کی نمائندگی کے ان دعویداروں کا احتساب ضروری ہے کہ جو ذاتی مفاد پہ نہ صرف ملت کا مفاد بلکہ ملت قربان کرنے پہ آمادہ ہیں۔


خبر کا کوڈ: 811314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/811314/ڈی-ا-ئی-خان-ایم-ڈبلیو-کا-ضلعی-کنونشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org