QR CodeQR Code

گجرات کا قصائی اور امن ایوارڈ

25 Aug 2019 08:05

مودی کو یہ ایوارڈ ایسے عالم میں دیا گیا ہے کہ نیو یارک ٹائمز نے بھی اعتراف کیا ہے کہ قابض فوج کشمیر کے کاروباری رہنماؤں، انسانی حقوق کے ورکرز، منتخب نمائندوں، اساتذہ اور 14 سال تک کے طلبہ کو رات کی تاریکی میں گھروں سے اٹھا رہی ہے، انہیں فوجی جہازوں میں بھر بھر کر ہندوستان کے دوسرے شہروں کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔


اداریہ
 متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے اعتراض کو نظرانداز کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعطم نریندر مودی کو ملک کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ سے نواز دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید نے سب سے بڑا سویلین ایوارڈ "زاید میڈل" ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی  المعروف گجرات کے قصائی کو پہنایا۔ یہ ایوارڈ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام سے منسوب ہے۔ کشمیر پر مظالم کی انتہا کرنے والے نریندر مودی کو یہ ایوارڈ ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا، جس کا رواں برس اپریل میں اعلان کرتے ہوئے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ تاریخی اور اسٹریٹیجک تعلقات قائم ہیں، جسے مزید مضبوط کرنے میں پیارے دوست مودی کا بڑا ہاتھ ہے۔ متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ "آرڈر آف زاید" برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ، روسی صدر پوتین اور چین کے صدر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جا چکا ہے۔

مودی کو یہ ایوارڈ ایسے عالم میں دیا گیا ہے کہ نیو یارک ٹائمز نے بھی اعتراف کیا ہے کہ قابض فوج کشمیر کے کاروباری رہنماؤں، انسانی حقوق کے ورکرز، منتخب نمائندوں، اساتذہ اور 14 سال تک کے طلبہ کو رات کی تاریکی میں گھروں سے اٹھا رہی ہے، انہیں فوجی جہازوں میں بھر بھر کر ہندوستان کے دوسرے شہروں کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب حقوق انسانی کے سرگرم کارکن یہ کہہ رہے ہیں  کہ "یمن میں متحدہ عرب امارات کا کردار اتنا ہی مجرمانہ ہے، جتنا مودی کا کشمیر یا گجرات میں۔" ظالموں کا اتحاد فطری ہے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ  پاکستان کو ان بادشاہوں نے بری طرح مسحور کر رکھا ہے اور انہوں نے اپنے آرمی چیف کو سعودی عرب کو کرائے پر دے رکھا ہے۔

نریندر مودی کو ایوارڈ دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں بشمول جینوسائیڈ واچ اور ہیومن رائٹس واچ نے ہنوستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم اور قتل و غارت گری کو اپنی حالیہ رپورٹس میں بری طرح بے نقاب کیا ہے۔ اس صورت حال میں عالمی اداروں کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ بھارت کے خلاف عملی اقدام اُٹھائیں، لیکن انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ ابھی تک یہ عالمی ادارے محض بیان بازی پر اکتفا کر رہے ہیں۔ تنظیم اسلامی کے امیر عاکف سعید کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ دینا اسلام سے غداری کے مترادف ہے۔ عربوں کے اس اقدام سے پاکستان اور مسلمانوں سے سعودی حکومت اور متحدہ عرب امارات کی محبت کھل کر سامنے آ گئی ہے، اب دیکھتے ہیں کہ حکومت پاکستان معروف صحافی کے مطالبے کو کب ماننے کا اعلان کرتی ہے۔ پاکستان کے ایسٹیبلیشمینٹ نواز تجزیہ نگار سلیم صافی نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز پیش کی ہے کہ اس واقعے کے بعد انہیں پاکستان کے سابق آرمی چیف اور اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف کا اجازت نامہ منسوخ کر کے انہیں واپس پاکستان بلا لینا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 812540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/812540/گجرات-کا-قصائی-اور-امن-ایوارڈ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org