0
Sunday 25 Aug 2019 19:25

پاکستانی خواتین کی طاقت

پاکستانی خواتین کی طاقت
تحریر: علی زین مہدی
 
چند روز قبل میں اپنے گھر کی چھت پہ موسم کی رنگینی کا لطف اٹھا رہا تھا،
ٹھنڈی ہوا کے جھونکے فرحت بخش تھے اور میں سوچوں کی گہری موجوں میں غوطہ
زن تھا کہ اچانک موبائل پر رنگ ہوئی اور ایک دوست کا مزاح بھرا لطیفہ میسج کی شکل میں موصول ہوا، اس میں لکھا تھا کہ *یورپ، چائنہ اور کوریا وغیرہ کی لڑکیاں سانپ ہاتھوں سے پکڑتی ہیں اور ہماری نمونیاں چھپکلی اور کاکروچ سے بھی ڈر جاتی ہیں* کافی ہنسا اور ریپلائی بھی کر دیا، تھوڑی دیر بعد نیچے کچن میں سے بڑی بہنا کی چیخ سنائی دی، میں جھٹ پٹ دوڑا اور نیچے پہنچا تو ان کی چیخیں اب *کاکروچ کاکروچ* میں بدل گئی تھیں۔ کچن میں گیا، کاکروچ مارا اور بہن پر ہنسنے لگا، ہنستے ہنستے ان پہ نظر پڑی تو ان کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے، ناراضگی دکھائے روم میں چلی گئیں، یہ بات جانتے ہوئے کہ میں نے کچھ دیر بعد انہیں منانے آجانا ہے اور معمول کے مطابق میں انہیں منانے بھی گیا، کچھ لے دے کر معاملہ سلجھایا گیا، بہن تھی راضی نامہ تو رشوت دینے سے ہی ہونا تھا، رشوت دی، روم سے باہر نکلتے وقت میں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کوریا چائنہ اور یورپ کی لڑکیاں تو سانپ پکڑتی ہیں اور میری نمونی گڑیا کاکروچ سے ڈر گئی۔
 
*وہ عورتیں مضبوط ہوتی ہیں، کیونکہ ان کے تمہارے جیسے بھائی نہیں ہوتے اور ہاں آئندہ ان یورپ کی عورتیں کے ساتھ مجھے کمپیئر نہ کرنا، سمجھ لگی*۔۔۔۔۔۔ ان کا یہ جملہ میرے کانوں میں گونجنے لگا۔ اک بار تو ایسا لگا شاید انہوں نے مجھے سنانے کے لئے کہا ہوگا، پر میں اس کا مطلب جاننے واپس ان کے پاس منہ بنائے بیٹھ گیا، اور بولا کیا مطلب ہے بھلا آپکا، اک بار پھر سے کہیں۔ میں نے کہا کہ ان کے تمہارے جیسے سویٹ بھائی نہیں ہوتے۔۔۔۔۔ میرے گال چھوتے ہوئے اپنی بات جاری رکھی، ان لڑکیوں کی عزت ان کے اپنے وجود تک محدود ہوتی ہے، پر میری عزت پورے خاندان کی عزت ہے، انہیں 18 سال کا ہوتے ہی گھر سے نکال دیا جاتا ہے، پھر وہ کام کرتی ہیں اور مضبوط بن جاتی ہیں، پر 21 سال تک تو ہمارے نخرے اٹھائے جاتے ہیں اور گھر کیا پورے خاندان کی شہزادیاں ہوتی ہیں ہم، نکاح کے بعد ہی کہیں جا کر ہمیں جوان ہونے کا موقع ملتا ہے۔ ہمیں گھر میں سجا کر رکھا جاتا ہے، جبکہ وہ عورتیں شہروں کی زینت بنتی ہیں۔
 
مزید میری جانب متوجہ ہو کہ کہنے لگیں ناسمجھ بھائی ہر عورت کاکروچ اور چھپکلیوں سے ڈرتی ہے، پر ان میں اور ہم میں فرق بتاوں کیا ہے۔ جب پہلی بار کاکروچ ان یورپی اور کورین لڑکیوں کے سامنے آتا ہے، ان کا بھائی مار دیتا ہے، دوسری بار ان کی ماں مارتی ہے، تیسری بار جب آتا ہے تو وہ پکارتی ہے مگر کوئی نہیں آتا اس کی مدد کو، وہ ہمت کرکے خود مار دیتی ہے اور اسی طرح سانپ بھی وہ خود پکڑنا سیکھتی ہیں، کہیں پیشے کے طور پر اور کہیں اپنی مدد آپ کے تحت۔ مگر ہمارے ہاں سب مختلف ہے، میرے سامنے جب بھی کوئی مصیبت یا مشکل وقت آیا تو تجھ جیسا نمونہ بھائی، بابا، ماما، چچا، دادا جان، ماموں جان سب میری ڈھال بن کر کھڑے ہوئے، مجھے مضبوط ہونے کا موقع ہی نہیں ملا کبھی، کیونکہ مجھ پر کوئی مصیبت آئے گی تو سب میرے ساتھ ہوں گے۔ آج تم، کل میرا شوہر اور میرا بیٹا، مجھے کیا ضرورت ہے سانپ پکڑنے یا کاکروچ مارنے کی *میری طاقت میرا فخر میرے سب کے سب ہر مشکل گھڑی میں میرے ساتھ ہوتے ہیں، مجھے کیا غم کسی سے؟؟؟؟*
 
مزید کہتی ہیں کہ مردوں اور عورتوں میں بہت بڑا فرق ہے، 21 سالہ نوجوان بہن اپنے 5 سال کے بھائی کو بازار لے جاتی ہے اور خود کو محفوظ سمجھتی ہے، کیونکہ وہ جانتی ہے بھائی چھوٹا ہو یا بڑا اس کا مخافظ ہے، مگر 30 سال کا جوان بھائی5، 10 سالہ بہن کو سکول بھی چھوڑنے جائے تو بےحد محتاط اور حفاظت سے لیکر جاتا ہے، اضطراری کیفیت اس کی پیشانی پہ موجزن ہوتی ہے اور چھوڑنے کے بعد نجانے کتنی دعائیں مانگتا ہے، اس بہن کی محافظت کے لئے اور اس کا غرور، اس کی طاقت ٹوٹ جاتی ہے، کیونکہ بہنوں کو کمزوری سمجھتے ہیں کچھ لوگ اور ہاں میں مضبوط ہوں، ان تمام یورپ کی لڑکیوں سے، کیونکہ میرے پاس وہ طاقت ہے، جو ان کے پاس نہیں اور یہ طاقت، یہی لوگ میرے مرنے کے بعد بھی میرا ساتھ دیں گے۔

اب کمرے سے باہر نکلو اور ہاں تم نے جانا ہے نا کوریا یا کسی بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئے، وہاں کسی غیر ملکی لڑکی سے بات ہو نا تو اس سے پوچھنا ضرور، اپنی تینوں بہنوں کے لئے اپنا پیار محبت کا تذکرہ کرنے کے بعد کہ تمہارا کوئی بھائی ہے، میرے ویر ذین جیسا؟؟؟ جواب میں اسکی خاموشی تمہارے ہر سوال کا جواب دے گی اور ہاں خبردار آئندہ مجھے ان لڑکیوں کے ساتھ کمپیئر کیا نا تو منہ توڑ دوں گی، جانتے نہیں ہو مجھے۔ آخرکار پشیمانی اور اضطراری کیفیت سے دوچار ہوکر کمرے سے باہر نکلا پر بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا، جو کہ مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔ بس مجھے یاد رہے گا کہ ایک پاکستانی لڑکی کی قوت و طاقت کیا ہوتی ہے، اس کا مان، اس کا بھرم کیا ہوتا ہے اور اب مجھے اچھا لگتا ہے، جب کوئی لڑکی کاکروچ سے ڈر کے چیخ مارتی ہے، کیونکہ وہ جانتی ہے کہ اس کا محافظ موجود ہے۔
خبر کا کوڈ : 812620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش