QR CodeQR Code

عراقی حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ

6 Sep 2019 08:17

امریکہ اور اسرائیل نے استقامت اور مزاحمت کے بلاک کے خلاف جو منفی اقدامات انجام دیئے، ان کے نتیجے میں ان تمام ممالک میں عسکری قوتیں تشکیل پا چکی ہیں یا پا رہی ہیں۔ عراق میں حشد الشعبی اپنا لوہا منوا چکی ہے تو یمن کی تقدیر انصاراللہ کے ہاتھوں میں ہے۔ شام میں رضا کار تنظمیں تیزی سے مضبوط ہو رہی ہیں۔


اداریہ
فارسی میں ایک ضرب المثل ہے " عدو شود سبب خیر اگر خدا خواہد۔" اس کا مفہوم یہ ہے کہ اگر خدا چاہے تو دشمن کی دشمنی کا نتیجہ اچھائی اور بہتری کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ عراق سے موصولہ خبروں کے مطابق عراق کی رضاکار تنظیم حشد الشعبی، جو اب عراقی فوج کا باقاعدہ حصہ بن چکی ہے، نے اعلان کیا ہے کہ اس تنظیم کی فضائیہ بنانے پر حکومت عراق نے رضا مندگی کا اظہار کیا ہے۔ یعنی اب حشد الشعبی کی بری فوج کے ساتھ ساتھ فضائی فورس بھی تشکیل پائے گی اور حشد الشعبی کے پاس اب اپنے لڑاکا طیارے اور دیگر ہوائی فوج کی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ عراقی حکومت نے حشد الشعبی کی فضائیہ کا ادارہ بنانے کا فیصلہ ایسے عالم میں انجام دیا ہے کہ کچھ دن پہلے حشد الشعبی کے مختلف ٹھکانوں پر مشکوک حملے کیے گئے اور بعد میں جن کا اعتراف اسرائیل نے کیا اور اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان حملوں میں انہیں امریکہ کی حمایت اور مدد حاصل تھی۔

مشرق وسطیٰ میں اس وقت امریکی اور اسرائیلی پالیسیوں کی وجہ سے مختلف عسکری گروپ وجود میں آئے ہیں۔ امریکہ، اسرائیل اور اس کے عرب حامیوں نے اپنے مذموم اہداف کے حصول کے لیے داعش اور القاعدہ طرز کے مختلف انتہاء پسند گروہ تشکیل دیئے اور انہیں شام، عراق، لبنان، یمن اور بحرین وغیرہ میں فعال کیا۔ عالمی سامراج اس اقدام سے دوہرا فائدہ اٹھانا چاہتا تھا، ایک تو اسلام کے پرامن اور خوبصورت چہرے کو مسخ کرنا مقصد تھا اور دوسرا مسلمانوں کے اندر فرقہ وارانہ جنگ کو فروغ دینا بنیادی ہدف تھا۔ امریکہ اور اس کے حواریوں کے ان منفی اقدامات کے نتیجے میں ماضی میں حزب اللہ کا وجود عمل میں آیا۔ یمن میں انصاراللہ اور عراق میں حشد الشعبی یہ سلسلہ اب جاری رہے گا۔

امریکہ اور اسرائیل نے استقامت اور مزاحمت کے بلاک کے خلاف جو منفی اقدامات انجام دیئے، ان کے نتیجے میں ان تمام ممالک میں عسکری قوتیں تشکیل پا چکی ہیں یا پا رہی ہیں۔ عراق میں حشد الشعبی اپنا لوہا منوا چکی ہے تو یمن کی تقدیر انصاراللہ کے ہاتھوں میں ہے۔ شام میں رضا کار تنظمیں تیزی سے مضبوط ہو رہی ہیں، جبکہ دیگر ممالک میں بھی امریکہ کے مقابلے کے لیے عسکری دھڑے زیرزمین تشکل پا چکے ہیں اور ان سب کا مرکز و محور استقامتی بلاک ہے۔ امریکہ اور اسرائیل حشد الشعبی کو ختم کرنے کے خواب دیکھ رہے تھے، جبکہ عراق میں حشد الشعبی کو ایک باقاعدہ فوج بنانے کے منصوبے پر عمل ہو رہا ہے۔ امریکہ کو اس بات کا منتظر رہنا چاہیئے کہ اسے دوسرے ممالک سے بھی اس طرح کی خبریں سننے کو ملیں گی۔


خبر کا کوڈ: 814790

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/814790/عراقی-حکومت-کا-جرات-مندانہ-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org