0
Wednesday 18 Sep 2019 08:30

امریکہ سے مذاکرات ناممکن

امریکہ سے مذاکرات ناممکن
اداریہ
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایران امریکہ مذاکرات کے بارے میں دنیا بھر میں پھیلی افواہوں کو اپنے ایک بیان سے ختم کر دیا۔ آپ نے تاکید کی ہے کہ ایران میں صدر، وزیر خارجہ سمیت سب حکام ایک صفحے پر ہیں اور امریکہ سے نہ نیویارک میں اور نہ کہیں کسی دوسری جگہ پر کسی بھی سطح کے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ مذاکرات کے ذریعے اپنی خواہشات اور ارادے ہم پر مسلط کرنا چاہتا ہے، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ خود بھی مذاکرات کے بارے واضح نہیں ہے، کیونکہ وہ ایک طرف بغیر کسی شرط کے ایران سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف بارہ پیشگی شرائط لے کر مذاکرات کی باتیں کرتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں ان کمزور عقیدہ دوستوں کو بھی پیغام دے دیا ہے، جو یہ سمجھ رہے تھے کہ امریکہ کی ایران کے خلاف "زیادہ سے زیادہ دبائو" والی پالیسی کامیاب ہوگی اور ایران مجبور ہو کر مذاکرات کی میز پر آجائے گا۔

دوسری طرف مقاومت اور استقامت کے بلاک میں بھی یہ افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ ایران نے استقامتی بلاک کو امریکہ پر دبائو بڑھانے کے لیے استعمال کیا اور اب وہ اپنے مفادات کے حصول کے لیے ڈونالڈ ٹرامپ سے مذاکرات کرنے پر تیار ہوگیا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے ایران کے بعض حلقوں سے مذاکرات کی ہلکی پھلکی آوازیں سنائی دیں، لیکن امریکہ کے رویئے نے ان موہوم آوازوں کو بھی خاموش کر دیا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ایران ایک ایسے ملک سے کیسے مذاکرات کرے، جو ایٹمی معاہدوں سمیت کئی عالمی معاہدوں سے فراری ہے اور ایران سے مذاکرات کے راستے ہموار کرنے کی بجائے وہ ایسے حربے استعمال کر رہا ہے، جس سے ایران کے خلاف مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

امریکہ پابندیوں میں بھی اضافہ کرتا جا رہا ہے اور دبائو میں بھی اضافہ کر رہا ہے، ایسے میں صرف جان بولٹن کو برطرف کرکے تو ایران کو مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جا سکتا۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اگر امریکہ اپنا بیان واپس لے لے، توبہ کرے اور ایٹمی معاہدے میں، جس کی اس نے خلاف ورزی کی ہے، واپس آجائے، اس وقت یہ ممکن ہے کہ امریکہ ایٹمی معاہدے کے دیگر رکن ملکوں کے ہمراہ ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں شریک ہو جائے، بصورت دیگر اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکی عہدیداروں کے درمیان کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہوسکتے نہ نیویارک میں نہ کہیں اور۔
خبر کا کوڈ : 816787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش