QR CodeQR Code

ڈاکٹر عشرت العباد کراچی کی سیاست میں دوبارہ انٹری پر تیار

19 Sep 2019 17:18

اسلام ٹائمز: سابق گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی میں کردار ادا کرے اور انکی تکمیل جلد ممکن بنائے۔ ملاقات کے دوران وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنا ہیں تو سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔


رپورٹ: ایس ایم عابدی

میئر کراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں, جس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ سیاسی تلخی کم کرنے اور ہم آہنگی بڑھانے کے لئے سابق گورنر نے متحرک ہونے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ متحدہ قیادت نے سابق گورنر کو پیغام پہنچایا ہے کہ ایم کیو ایم کو کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ان کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ سیاسی تلخی کم کرنے اور ہم آہنگی بڑھانے کے لئے سابق گورنر نے متحرک ہونے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ملاقات کے دوران عشرت العباد نے کراچی کے مسائل کے حل کے لئے وسیم اختر کو اپنے مکمل تعاون کی دہانی کرائی اور اس سلسلے میں تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ مئیر کراچی حکومت سندھ اور وفاق کے ساتھ رابطہ بڑھائیں۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی میں کردار ادا کرے اور ان کی تکمیل جلد ممکن بنائے۔ ملاقات کے دوران وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنا ہیں تو سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔ سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ ناصر حسین شاہ سے بھی رابطہ کرکے ساتھ بیٹھنے اور کام کرنے کے لئے بات کریں گے۔ سابق گورنر سندھ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے مسائل کے حل کے لئے ماضی کی طرح اب بھی وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کے درمیان رابطے کے لئے عشرت العباد جیسی شخصیت کی ضرورت ہے۔ ادھر وسیم اختر نے کراچی سمیت پورے صوبے کے حالات اور صورتحال سے پرویز مشرف کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تباہ کر دیا گیا ہے، کراچی کو کوئی اپنی ذمہ داری سمجھنے والا نہیں، شہر کو لاوارث کر دیا گیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے دور میں جو محکمے بلدیہ کے پاس تھے, وہ واپس کئے جائیں، میں نے اپنے دور میں جو اختیارات اور فنڈز میئر کو دیئے, ویسے ہی حکومتوں کو دینا ہوں گے، کراچی کو بہتر بنانے کے لئے میئر کو اختیارات دینا ہوں گے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل عشرت العباد نے پیر صاحب پگارا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا, جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گذشتہ کئی سالوں سے بیرون ملک خاموش زندگی گزارنے والے ڈاکٹر عشرت العباد سب سے زیادہ طویل عرصے تک گورنر سندھ رہنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے دبئی سے ٹیلی فون پر پیر صاحب پگارا سے رابطہ کیا، جس میں کہا کہ انہوں نے آئین کی شق 149 پر جو مؤقف اختیار کیا ہے، وہ جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ ہے۔ ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی وفاق کے استحکام اور قومی یکجہتی کے لئے اشد ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 817156

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/817156/ڈاکٹر-عشرت-العباد-کراچی-کی-سیاست-میں-دوبارہ-انٹری-پر-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org