0
Wednesday 25 Sep 2019 12:10

کامیاب حکمت عملی

کامیاب حکمت عملی
تحریر: توقیر کھرل

بکی ہوئی زبانوں پر خریدے ہوئے الفاظ سے ملوکیت کی قصیدے پڑھے جا رہے تھے، یعنی کربلا کے بعد عالم اسلام میں ایک سناٹا تھا۔ مدینہ میں سوگ، مکہ میں سراسمیگی، کوفہ میں ندامت اور شام میں پچھتاوا تھا، ایسی صورت میں کون بولنے کی ہمت کرے۔ ایسے میں امام حسین علیہ السلام کے فرزند امام علی ابن الحسین نے اسلام کے صحیح نظریات کی تبلیغ کے لئے دعا و مناجات کی کامیاب حکمت عملی کو اپنایا اور ان دعاوں کو امام زین العابدین نے اپنے دونوں بیٹوں زید اور امام باقر علیہ کو لکھوایا، جو بعد ازاں امام جعفر صادق علیہ السلام تک پہنچیں، اس کتاب کو صحیفہ کاملہ یا صحیفہ سجادیہ بھی کہا جاتا ہے۔
 
آج 25 محرم الحرام یوم شہادت امام زین العابدین کے موقع پر اس کتاب کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں، اس کتاب میں 54 دعائیں ہیں، جو خدا کے قرب کے ساتھ ساتھ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو سمجھنے میں بھی مددگار ہیں۔ اس کتاب کی معروف دعا مکارم اخلاق ہے، اس دعا کے جملوں سے نہ صرف اخلاق کے بہترین ہونے کی خدا سے دعا کی جاتی ہے بلکہ بطور مسلمان ہمارا اخلاق کیسا ہونا چاہیئے، دعا کے حرف حرف سے رہنمائی ملتی ہے۔ اکثر بچے اپنے والدین سے اُن کی مرضی کے خلاف فیصلوں پر برہم نظر آتے ہیں، لیکن والدین کے بارے دعا میں یہ جملہ بھی ملتا ہے کہ "میں اپنی خواہش پر ان کی خواہش کو ترجیح دوں اور اپنی خوشی پر ان کی خوشی کو مقدم رکھوں اور ان کے تھوڑے احسان کو بھی جو مجھ پر کریں، زیادہ سمجھوں اور میں جو نیکی ان کے ساتھ کروں وہ زیادہ بھی ہو تو اسے کم تصور کروں۔"

صحیفہ کاملہ کی ہر دعا میں اسی روش میں عرفانی جملوں میں اسلام کی حقیقی تعلیمات چھُپی ہوئی ہیں۔ اس کتاب کی اہمیت کے ضمن میں بتاتا چلوں کہ انڈیا کے عالم دین علامہ زکی باقری نے لاہور میں گذشتہ دنوں دعا کے موضوع پر مجالس خمسہ سے خطاب کیا ہے۔ خطاب میں صحیفہ کاملہ کے بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انگلینڈ میں ایک امریکی نژاد غیر مسلم مجلس عزاء میں گریہ کر رہا تھا، میں بہت حیران ہوا کہ شکل و صورت سے ایشیاء کا معلوم نہیں ہوتا، لیکن یہ اردو کی مجلس کیسے سمجھ سکتا ہے، مجلس کے بعد جوان میرے پاس آیا تو اس نے بتایا کہ وہ لکھنو میں کچھ وقت گزار چکا ہے، اس لئے وہ اس تہذیب کو سمجھ سکتا ہے۔

میں نے کچھ اور سوالوں میں یہ بھی پوچھا کہ وہ کیا کرنا چاہتا ہے تو اس نے بتایا کہ وہ صحیفہ کاملہ میں پی ایچ ڈی کرنا چاہتا ہے۔ علامہ ذکی باقری کہتے ہیں میں جب بھی جوان کے اس عزم کو یاد کرتا ہوں تو پریشان ہوتا ہوں کہ ہم نے اہلبیت سے علم لیا ہی نہیں اور فضول بحثوں میں الجھتے ہیں۔ 25 محرم الحرام جہاں امام سجاد، علی ابن الحسین امام زین العابدین پر گزرے مصائب کو یاد کرنے کا دن ہے، وہیں اس عزم کا بھی دن ہے کہ امام کی مشکل حالات میں تعلیم کردہ ان دعاوں سے خدا سے توسل اور حقیقی اسلام کو سمجھنے کے لئے ضرور مطالعہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 818325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش