QR CodeQR Code

کراچی، پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی و ٹریفک پلان مرتب

25 Sep 2019 20:46

اسلام ٹائمز: نیشنل اسٹیڈیم کے اندر کی سکیورٹی سندھ رینجرز کے پاس ہوگی، اسٹیڈیم کے اطراف بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اسنائپر شوٹر تعینات ہونگے، اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں کو مکمل سیل کر دیا جائے گا۔


ترتیب و تدوین: ایس حیدر

شہر قائد میں پاک سری لنکا ون ڈے کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی و ٹریفک پلان مرتب کر لیا گیا ہے، پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف ساڑھے 3 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اسپیشل سکیورٹی یونٹ، سندھ ریزرو پولیس، ریپڈ رسپانس فورس، اسپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، اسٹیڈیم کے اندر کی سکیورٹی سندھ رینجرز کے پاس ہوگی، اسٹیڈیم کے اطراف بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اسنائپر شوٹر تعینات ہونگے، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں کو مکمل سیل کر دیا جائے گا، ٹیموں کے روٹ کو سرویلنس کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی، نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچنے کیلئے 4 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں، غریب نواز گراؤنڈ، ایکسپو سینٹر، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور رانا لیاقت علی کالج کی پارکنگ شامل ہے، میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا، جو رات پونے گیارہ بجے تک جاری رہے گا، شائقین کرکٹ کو موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی، میچ ٹکٹ پر تحریر چیزیں لانے پر پابندی ہوگی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کیلئے کراچی میں نيشنل اسٹيڈيم کی سکیورٹی سخت کر دی گئی، جبکہ کنٹرول رينجرز نے سنبھال ليا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے انکلوژر اور نیشنل اسٹيڈيم کے ديگر حصوں کی سوئپنگ کرلی گئی، جبکہ غير متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ سيريز کے دوران کھلاڑيوں کیلئے پہلی بار ريموٹ اسپتال قائم کر ديا گيا۔ ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ڈریسنگ رومز کے ساتھ فور بیڈ اسپتال قائم کیا گیا۔ میچ کے دوران اسپتال میں پانچ ڈاکٹرز موجود رہیں گے، جہاں ای سی جی سمیت ہر قسم کی ایمرجنسی ٹریٹمنٹ دی جا سکے گی۔ پاک سری لنکا ون ڈے کرکٹ سیریز کے دوران ٹریفک پولیس کے 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے، شائقین کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کو پارکنگ ایریاز سے اسٹیڈیم تک لانے کیلئے شٹل سروس چلائی جائے گی۔

اس سے قبل بھی ہونے والے میچز میں یہی پارکنگ ایریاز رکھے گئے تھے، جو لوگ شہر کے مختلف علاقوں سے آرہے ہیں، انہیں پارکنگ میں مشکلات نہ ہوں۔ پارکنگ ایریاز سے نیشنل اسٹیڈیم کیلئے شیٹل سروس چلائی جائے گی۔ میچ میں شرکت کیلئے شائقین کے پاس ٹکٹ اور قومی شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ اگر قومی شناختی کارڈ پر کوئی اور بھی پتہ درج ہے، تو تصدیق کے بعد انہیں اپنے رہائشی مقام پر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار عوام کی رہنمائی کریں گے۔ کوشش کی گئی ہے کہ اس مرتبہ پہلے سے زیادہ بہتر انتظام ہوں۔ ڈیوٹی انجام دینے والے تمام افسران اور اہلکاروں کو مکمل بریف کیا جائے گا، تاکہ عوام کو مشکلات نہ ہوں۔ دیکھا گیا ہے کہ جس مقام سے ٹریفک روکا جاتا ہے، اس کے اطراف کا علاقہ سب سے زیادہ ٹریفک جام سے متاثر ہوتا ہے، ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے ٹریفک اہلکار موجود ہوں گے۔ تمام آگاہی اور متبادل راستوں کی معلومات ٹریفک پولیس کے ریڈیو 88.6 پر بروقت دی جاتی رہے گی۔

آگاہی مہم سوشل میڈیا پر بھی دی جائے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف قائم اسپتالوں کی طرف جانے والوں کو چیکنگ پوائنٹ سے گزر کر جانا ہوگا۔ آغا خان روڈ عام عوام کیلئے بند ہوگا۔ پہلا ون ڈے کرکٹ میچ ستائیس ستمبر سہ پہر تین بجے شروع ہوکر رات گیارہ بجے تک جاری رہے گا۔ ایس او پی کے تحت میچ شروع ہقنے سے تین گھنٹے قبل راستے بند کیے جائیں گے۔ شہری کسی پریشانی سے بچنے کیلئے لیاری ایکسپریس وے کا استعمال کریں۔ کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوں گے، ان کیلئے پارکنگ کرنے کیلئے اصل شناختی کارڈ و میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔ ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ) کے رہائشی براستہ نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10، حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر درج بالا مقامات پر اپنی گاڑی/موٹر سائیکل پارک کریں اور بذریعہ شٹل بس انہیں ایکسپو سینٹرکے پاس لایا جائے گا۔

ضلع ملیر اور شرقی کے رہائشی براستہ صفورا، نیپا اور سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی بائیں جانب اے جی سندھ یو ٹرن، نیپا سے یونیورسٹی روڈ پر درج بالا مقامات پر اپنی گاڑی/موٹر سائیکل پارک کریں اور بذریعہ شٹل بس انہیں ایکسپو سینٹر کے پاس لایا جائے گا۔ ضلع شرقی اور ملیر کے رہائشی براستہ ڈرگ روڈ اور راشد منہاس روڈ، ملینئیم مال سے بائیں جانب اسٹیڈیم روڈ (جانب ڈالمیا) پر درج بالا گرانڈ میں اپنی گاڑی/موٹر سائیکل پارک کریں اور بذریعہ شٹل بس انہیں بحریہ یونیورسٹی اسٹیڈیم روڈ لایا جائے گا۔ ضلع جنوبی سٹی، اور کورنگی و ڈیفنس کے رہائشی براستہ شارع فیصل، شارع قائدین، اللہ والی چورنگی، سوسائٹی سگنل سے پی پی چورنگی اور یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر، بیت المکرم مسجد کے سامنے یو ٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 سے گرانڈ پر اپنی گاڑی/موٹر سائیکل پارک کریں، بعد تلاشی ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے، یا شارع فیصل، ڈرگ روڈ، راشد منہاس روڈ، نیپا سے یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 کا راستہ اختیار کریں۔

ضلع وسطی اور غربی کے رہائشی براستہ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر 10، حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ بیت المکرم مسجد کے سامنے یو ٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 سے گرانڈ پر اپنی گاڑی/موٹر سائیکل پارک کریں، بعد تلاشی ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے۔ ٹاور، صدر، کلفٹن/ڈیفنس کے رہائشی نیو ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیو ٹاؤن یو ٹرن سے اسٹیڈیم روڈ، اسی طرح شارع فیصل، شارع قائدین، پی پی چورنگی، نیو ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیو ٹاؤن یو ٹرن سے اسٹیڈیم روڈ سے درج بالا کالج گراؤنڈ پر اپنی گاڑی/موٹر سائیکل پارک کر سکیں گے۔ شارع فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈ جانب اسٹیڈیم عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کارساز، ڈرگ روڈ شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم سے نیپا اور اسی طرح ائرپورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم اور نیپا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیپا، عسکری IV، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم،  نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاون ٹرننگ اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جیل چورنگی سے شہید ملت یا پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔ آغا خان ہسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال آنے والے حضرات نیو ٹاون تھانہ کی طرف سے آئیں ٹریفک پولیس کا عملہ انکی مکمل رہنمائی اور تعاون کیلئے موجود ہوگا۔ اسکے علاوہ میچ دیکھنے والے شائقین کو ٹکٹ دیکھا کراس راستے سے آگے جانے کی اجازت ہوگی۔ یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کیلئے کھلے رہیں گے۔

ضلع وسطی، شرقی، ملیر، جنوبی اور غربی والے حضرات لیاری ایکسپریس وے مرزا آدم خان چوک، ماڑی پور تا سہراب گوٹھ دونوں جانب استعمال کرسکتے ہیں۔ میچز کے دوران سہراب گوٹھ سے جانب نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے جانب حسن اسکوائر، پی پی چورنگی سے جانب یونیورسٹی روڈ ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ سری لنکن ٹيم 3 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی ميچز کیلئے 24 ستمبر کو پاکستان آچکی ہے۔ پہلا ون ڈے 27 ستمبر کو نيشنل اسٹيڈيم ميں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ 3 مارچ 2009ء کو صبح آٹھ بجکر چالیس منٹ پر مسلح دہشتگردوں نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کارواں کی بس کو قذافی اسٹیڈیم لاہور کے نزدیک دہشتگردی کا نشانہ بنایا تھا، سری لنکن کرکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیسرے دن کے کھیل کیلئے قذافی اسٹیڈیم جا رہے تھے۔ اس حملے میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے چھ ارکان زخمی اور مہمان ٹیم کے سکیورٹی اسکواڈ میں شامل چھ پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 818364

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/818364/کراچی-پاک-سری-لنکا-کرکٹ-سیریز-کیلئے-سکیورٹی-ٹریفک-پلان-مرتب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org