1
1
Monday 30 Sep 2019 07:08

مظلوم کی یاد، مظلوموں کی حمایت کے ساتھ

مظلوم کی یاد، مظلوموں کی حمایت کے ساتھ
تحریر: سید توکل حسین شمسی
 
اسلام دنیا میں وہ پہلا مذہب ہے، جس کے نام سے ہی سلامتی اور امن کے چشمے جاری ہوتے ہیں۔ جس کی اخلاقیات میں انسان تو بہت بڑی شیء ہے، حیوانات کے لئے بھی حق حقوق موجود ہیں۔ یہ مظلوموں کی حمایت کا سب سے بڑا علمدار ہے۔ وزیراعظم پاکستان محترم جناب عمران خان صاحب کا جنرل اسمبلی میں خطاب قابل تحسین تھا، جس میں انہوں نے دہشتگردی کو اسلام سے جوڑنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے مظلوم کشمیری بھائیوں کی حمایت میں جو لفظ پروئے، وہ اس سے بھی زیادہ قابل تعریف و توصیف و تحسین تھے۔ حقیقت میں دہشت گرد وہ ہیں جو اپنے مقاصد و منافع حاصل کرنے کے لئے پہلے مذہب و ملت کے نام پر مختلف اقوام و مذاہب کو اسلحہ فراہم کرتے ہیں، پھر انہی لوگوں کو انسانیت کا دشمن اور دہشت گرد بنا دیتے ہیں۔

حقیقت میں دہشتگرد وہ ہیں، جو مظلوموں کی حمایت تو دور کی بات، ان پر ہونے والے مظالم کا ذکر تک نہیں کرتے، کیونکہ ان کی تجارت خطرے میں پڑ جائے گی۔ دوسروں پر کفر وشرک کے فتوے گھڑنے والے درحقیقت اپنا رازق خالق دوجہاں کو نہیں بلکہ اپنی تجارت کو سمجھتے ہیں۔ ہر مسلمان حکمران کی تقریر کا عنوان وہاں اسلام کا تعارف اور مظلوم کی حمایت ہونا چاہیئے تھا۔ آج مجھ جیسے غیر سیاسی لوگ بھی اپنے ملک کے عظیم لیڈر کے لئے دعا گو ہیں کہ اسی طرح مظلوم کی حمایت جاری رکھیں، خدائے لم یزل جلد ہی ہمارے کشمیری بھائیوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے گا۔

میں وزیراعظم صاحب کی توجہ ایک اور مسئلہ کی طرف مبذول کروانا چاہوں گا، حضور جہاں آپ نے سکھوں کے لئے آواز اٹھائی، جن کی تعداد آٹے میں نمک سے بھی کم ہے، جو اپنے مقدس مذہبی مقامات پر رسومات ادا کرنے کے لئے ہمارے مہمان بنتے ہیں، وہیں پر ایک کلمہ گو گروہ جو آپ کے سید و سردار آقا حضور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے، سردار جنت، امام عالی مقام کے چہلم پر ایران و عراق کا رخ کرتے ہیں، جن کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔ یہ محب وطن قوم اپنے ہی ملک میں تھوڑی نہیں، اچھی خاصی مظلومیّت کا شکار ہو رہی ہے۔ ان پر بھی خصوصی توجہ فرمائیں، ان کی مظلومیت میں بھی وہی ہاتھ ہیں، جو کشمیر، افغانستان میں آپ کو نظر آرہے ہیں، ان کو نظرانداز نہ فرمائیں۔

زائرین کے لیے خصوصی اقدامات فرمائیں، کئی ایسا نہ ہو کوئی دشمن آپ کو طعنہ دے کہ آپ کے ملک میں ایک قوم پر ظلم ہوتا ہے اور آپ کا میڈیا اس پر خاموش تماشائی بنا رہتا ہے، اس لئے اس قوم کا خیال رکھیں، یہ قوم ہمیشہ سے ملک و ملت کے نام پر، اسلام کے نام پر قربانیاں دیتی آئی ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ قوم باوفا ترین لوگوں پر مشتمل ہے، جو تاریخ پاکستان میں ہمیشہ سے با وفا رہی ہے، آئندہ بھی قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔ کچھ اسلام دشمن عناصر نواسہ رسول (ص) کی مظلومیت پر ایک عظیم الشان اجتماع کرنے اور ہر مظلوم کی حمایت پر احتجاج کرنے والی اس قوم کے رستے میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں، اس لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ بروقت کانوائے چلائے جائیں۔

دشمن جانتا ہے، اس بار مظلوم کربلا کا چہلم کشمیریوں کی آواز بنے گا۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ "مظلوم کا چہلم مظلوموں کی حمایت" کا نعرہ آپ شیعہ قوم کے ساتھ بلند کریں، جس طرح وہاں امریکہ میں آپ نے آواز بلند کی، اس طرح ہم بھی اس کرڑوں کے عظیم الشان اجتماع میں بلند کریں گے۔ آپ کے لئے ممکن ہے تو آپ بھی مظلوم کی یاد، مظلوموں کی حمایت کے ساتھ انجام دیں، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ وہیں ہم ایرانی اور عراقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھی تعاون فرمائیں اور ویزا کے ساتھ ساتھ دوسرے مسائل جلد ازجلد حل فرمائیں۔
خبر کا کوڈ : 819113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Iran, Islamic Republic of
ما شاءاللہ سیدنا العزیز

🌹🌻🌺🌷🌸
ہماری پیشکش