QR CodeQR Code

اربعین، نئی اسلامی تہذیب و تمدن کی تشکیل کا پیش خیمہ (حصہ اول)

20 Oct 2019 20:43

اسلام ٹائمز: اربعین کے موقع پر سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر بھیجے جانے والے سلام ہمیں ایسے عہد میں داخل کر دیتے ہیں جس کے باعث ہم زمانے کی فضا اور تاریخ کے اندھیروں سے مغلوب نہیں ہوتے۔


تحریر: علی احمدی

زیارت کے آداب
1۔ اربعین کا عہد
«السَّلامُ عَلَى صَفِیِّ اللَّهِ وَ ابْنِ صَفِیِّهِ السَّلامُ عَلَى الْحُسَیْنِ الْمَظْلُومِ الشَّهِیدِ»
سلام ہو خدا کے نیک اور پاکیزہ بندے پر جو اس کے نیک اور پاکیزہ بندے کا فرزند بھی ہے۔ اربعین کے موقع پر سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر بھیجے جانے والے سلام ہمیں ایسے عہد میں داخل کر دیتے ہیں جس کے باعث ہم زمانے کی فضا اور تاریخ کے اندھیروں سے مغلوب نہیں ہوتے۔

2۔ زیارت کا ثواب
امام محمد باقر علیہ السلام:
"اگر کوئی شوق سے امام حسین علیہ السلام کی زیارت کیلئے جائے گا تو خداوند اسے ہزار مقبول حج اور عمروں، شہدائے بدر کے ہزار شہیدوں، ہزار روزے داروں، ہزار مقبول صدقوں اور خدا کی راہ میں ہزار غلام آزاد کرنے کا ثواب عطا کرے گا۔"

3۔ زیارت کا طریقہ
امام جعفر صادق علیہ السلام:
"خدا کی قسم جب آپ لوگ اپنے باپ دادا کی قبر پر جاتے ہیں تو انتہائی غم زدہ اور دکھی ہو کر جاتے ہیں لیکن جب امام حسین علیہ السلام کی زیارت کیلئے جاتے ہیں تو اپنے ساتھ دسترخوان لے کر جاتے ہیں جبکہ آپ کو مٹی سے اٹا ہوا اور تھکا ہارا جانا چاہئے۔"

4۔ اربعین کی پیادہ روی کے اثرات
امام جعفر صادق علیہ السلام
"جو امام حسین علیہ السلام کی زیارت کی نیت سے گھر سے باہر نکل کر پیدل جاتا ہے تو خداوند متعال اس کے ہر قدم کے بدلے ایک نیکی لکھتا ہے اور اس کا ایک گناہ معاف کر دیتا ہے اور وہ جب حرم پہنچتا ہے تو نجات پانے والوں میں شمار ہوتا ہے۔"

5۔ عاشورائی اخلاق
سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے عاشق اور پیدل زیارت کیلئے جانے والوں کو اخلاق اور انسانی عزت کا خیال رکھنا چاہئے۔ پیادہ روی کے دوران شدت پسندانہ رویہ اور سیاسی مسائل کی خاطر جھگڑا انتہائی منفی نتائج کا باعث بنتا ہے۔ پیادہ روی کرنے والے افراد کو امت مسلمہ کے اتحاد کا مظہر ہونا چاہئے۔

6۔ اربعین، طرز زندگی کا بہترین ماڈل
آیت اللہ العظمی سید علی السیستانی
کربلا کی زیارت کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ زائر خدا کی راہ میں امام حسین علیہ السلام کی جاں نثاری کی یاد تازہ کرنے کے علاوہ دینی تعلیمات جیسے نماز، حجاب، اصلاح، دوسروں کی غلطیوں سے چشم پوشی، بردباری اور دیگر پسندیدہ اعمال کی بھی پابندی کرے۔
 
اربعین کا حماسہ
1۔ خدا کی رحمت کی نشانی
آیت اللہ سید علی خامنہ ای
عراقی اور غیر عراقی میں تعلق، شیعہ اور سنی میں تعلق، عرب اور فارس اور ترک اور کرد میں تعلق۔ یہ تعلقات سعادت کا باعث ہیں۔ یہ تعلقات خدا کی رحمت کی نشانی ہے۔ دشمن تفرقہ ڈالنے کی کوشش میں مصروف ہے لیکن ناکام رہا ہے اور خدا کی مدد سے آئندہ بھی ناکام رہے گا۔

2۔ اربعین کا درخشاں جلوہ
آیت اللہ سید علی خامنہ ای
ایسے زمانے میں جب اسلام اور امت مسلمہ کے دشمن مختلف قسم کے ہتھکنڈوں، پیسہ، سیاست اور اسلحہ کے ذریعے امت مسلمہ کے خلاف سرگرم عمل ہیں، خداوند متعال نے اچانک اربعین کی پیادہ روی جیسے واقعے کو اتنی عظمت عطا کر دی ہے اور اسے یوں جلوہ بخشا ہے۔

3۔ سخت طاقت کا تھپڑ
اربعین پر کروڑوں کا اکٹھ محض ایک دینی رسم نہیں بلکہ اس کے سیاسی اور نظریاتی پہلو بھی دینی اور اعتقادی پہلووں کی طرح ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ امریکہ کا استعماری نظام جو اسلامی ممالک کو توڑنے کی سازش پر کاربند ہے اسلامی مزاحمت کی جانب سے اپنے چہرے پر "سخت طاقت" کا طمانچہ محسوس کر رہا ہے۔

4۔ مرجعیت کے سائے تلے
آیت اللہ سید علی خامنہ ای
عراقی جوان ایسی عظیم سازش ناکام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جو ملک میں خانہ جنگی شروع کر کے عراق کی تباہی کا باعث بن سکتی تھی۔ عراقی جوان اپنے مرجع عالی قدر کے فتوے کے ذریعے اس سازش کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

5۔ اربعین، قیام اور مزاحمت کی تحریک
سید حسن نصراللہ
آج پیدل کربلا جانے والے تکفیری طرز فکر کی جانب سے خطرے کا شکار ہیں۔ یہ طرز فکر امریکہ کی جانب سے مختلف قوموں اور فرقوں میں فتنہ ڈالنے کی غرض سے ایجاد کیا گیا ہے۔ لیکن کیا خودکش دھماکے اور دہشت گردانہ اقدامات امام حسین علیہ السلام سے اس عشق کو روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کے تحت کروڑوں افراد پیدل کربلا کی جانب چل پڑتے ہیں؟
جاری ہے۔۔۔۔۔
 


خبر کا کوڈ: 823100

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/823100/اربعین-نئی-اسلامی-تہذیب-تمدن-کی-تشکیل-کا-پیش-خیمہ-حصہ-اول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org