QR CodeQR Code

کربلا کے مسافر ابھی سفر میں ہیں

24 Oct 2019 18:21

اسلام ٹائمز: معرفت و عشق سے لبریز سفرِ شعور کی ابتدا ہوچکی ہے، سفر جاری ہے، عشاق کے قافلے قدم قدم اپنی منزل کی طرف بڑھتے چلے جا رہے ہیں اور ہر لمحہ اپنے امام کے ظہور کے انتظار میں بے چین ہیں۔ نجف سے کربلا پیدل سفر کرنے والوں کی منزل امام مہدی عج کے ظہور سے منسوب ہوچکی ہے۔ نجف سے کربلا ایسی راہ گزر ہے، جہاں فاصلے ختم ہو جاتے ہیں، لیکن مسافروں کا سفر ختم نہیں ہوتا، راہیان کربلا ابھی سفر میں ہیں۔


تحریر: توقیر کھرل

 نجف میں امام علی علیہ السلام کے روضہ مبارک سے پیدل سفر ِعشق روضہ امام حسین علیہ السلام کے سامنے ختم ہو جاتا ہے، لیکن یہاں سے نئی منزل کا آغاز ہوتا ہے۔ مسافر کی تھکن اگلے سفر کا بہانہ بن جاتی ہے، اس عشق کے سفر میں مسافروں کی منزل کیا ہے اور یہ سفر کب ختم ہوگا؟ اس منزل کے راہیوں کے دل میں میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے، جس کی تلاش میں اِن عشاق کی امام حسین علیہ السلام سے محبت پہلے سے بڑھ جاتی ہے اور اس تشنگی کے ساتھ عشق کے اگلے سفر کی روانہ ہو جاتے ہیں۔ روز عاشور سے شروع ہونے والی تحریک عزاداری اب ایک نئے باب میں داخل ہوچکی ہے، جس میں امام علیہ السلام کے عشق میں پیادہ روی بھی شامل ہے۔ امسال پاکستان کے کئی شہروں میں بھی اربعین کے روز ایک سے دوسری جگہ پیدل سفر کیا گیا جبکہ ایسا دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کیا گیا۔

ہر سال کی طرح اربعین پر نجف سے کربلا پیادہ روی کے بعد اب ایران کے شہر مشہد کی طرف ایران بھر سے قافلے پیدل سفر کرتے ہیں، یہ پیادہ روی صفر کے آخری دنوں میں کی جاتی ہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، امام حسن علیہ السلام اور امام رضا علیہ السلام کی شہادت کے روز ہزاروں افراد مشہد کی طرف مارچ کرتے ہیں۔ ایران کی اخبار قدس کے مطابق گذشتہ سال دس ہزار لوگوں نے مشہد کی طرف ایران بھر سے مارچ کیا۔ اس موقع پر لاکھوں افراد امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک پر عزاداری کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ گذشتہ سال 29 صفر کو مشہد میں زیارت کا شرف حاصل ہوا۔ یہاں بھی حرم امام رضا علیہ السلام کی طرف سے پیدل سفر کرنے والوں کے لئے راستوں میں موکب لگائے گئے تھے، جبکہ مشہد شہر کے وسط میں بھی زائرین اور عزادوں کی پذیرائی کے لئے سبیلوں کا اہتمام بھی کی گیا تھا۔

کئی درجن ماتمی دستے جان رضا یا رضا کی صدائیں بلند کرتے ہوئے امام علیہ السلام کے حرم مبارک کی طرف بڑھتے ہیں۔ عشق و شعور کے یہ سفر دنیا بھر میں مختلف مواقع پر ہوتے ہیں، معرفت و عشق سے لبریز سفرِ شعور کی ابتدا ہوچکی ہے، سفر جاری ہے، عشاق کے قافلے قدم قدم اپنی منزل کی طرف بڑھتے چلے جا رہے ہیں اور ہر لمحہ اپنے امام کے ظہور کے انتظار میں بے چین ہیں۔ نجف سے کربلا پیدل سفر کرنے والوں کی منزل امام مہدی عج کے ظہور سے منسوب ہوچکی ہے۔ نجف سے کربلا ایسی راہ گزر ہے، جہاں فاصلے ختم ہو جاتے ہیں، لیکن مسافروں کا سفر ختم نہیں ہوتا۔ راہیان کربلا ابھی سفر میں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 823847

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/823847/کربلا-کے-مسافر-ابھی-سفر-میں-ہیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org