QR CodeQR Code

اعلان بالفور! تاریخ برطانیہ پر سیاہ داغ

2 Nov 2019 16:11

اسلام ٹائمز: برطانوی استعمار دنیا کے سامنے کتنا ہی اپنا مہذب چہرہ پیش کرے، لیکن فلسطین کیساتھ کی جانیوالی ناانصافی ہمیشہ برطانیہ کے سیاسی نظام اور عدالتی و قانونی نظام پر ایک سیاہ دھبہ کی مانند واضح اور ابھرتی ہوئی نشانی کی طرح نظر آتی رہیگی۔ گذشتہ ایک صدی میں فلسطینی عوام پر ہونیوالے انسانیت سوز مظالم کی بنیاد برطانوی سامراج کا بالفور اعلامیہ ہے، جسکا مطلب یہ ہے کہ فلسطین میں ہونیوالے صہیونیوں کے تمام مظالم چاہے وہ پہلی جنگ عظم کے بعد شروع ہوئے یا دوسری جنگ عظیم کے بعد، فلسطین پر ناجائز ریاست اسرائیل کو قائم کرنے کے بعد ہوئے، سب کے سب میں امریکہ اور برطانوی استعمار برابر کے مجرم ہیں۔


تحریر: صابر ابو مریم
سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان
پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر، شعبہ سیاسیات جامعہ کراچی


پہلی جنگ عظیم کے بعد برطانوی سامراجی نظام نے فلسطین کو صہیونیوں کے تسلط میں دینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ پہلی جنگ عظیم دراصل صہیونیوں کی ایماء پر ہی شروع ہوئی تھی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر خون ریزی کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔ صہیونی پہلی جنگ عظیم سے کئی سال قبل ہی فلسطین کی سرزمین پر ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کے قیام کی تیاریاں کر رہے تھے اور یہی وجہ تھی کہ صہیونیوں کی سرگرمیاں نہ صرف پہلی جنگ عظیم کی بنیاد بنی بلکہ دوسری جنگ عظیم بھی صہیونیوں کی کارستانیوں میں شمار ہوتی ہے۔

برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ آرتھربالفور نے 1917ء میں برطانوی یہودی لابی کے اہم ترین فرد Walter Rothschild کو ایک خط لکھا، جس میں فلسطین کو یہودیوں میں تقسیم کرنے کا کہا گیا، یہ خط اپنی نوعیت کا مختصر خط تھا، جو کہ ایک ہی پیراگراف پر محیط تھا، تاہم اس کے اثرات فلسطین کی تقسیم کا نمونہ بن کر سامنے آئے۔ بالفور نے 1917ء میں دو نومبر کو لکھے گئے اس خط میں تحریر کیا کہ، جناب Rothschild مجھے آپ کو یہ بات بتانے میں انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ کابینہ نے یہودیوں کی امنگوں کے مطابق منصوبہ قبول کر لیا ہے۔ فلسطین میں یہودیوں کی ریاست اور وطن تشکیل دینے کے لئے حکومت برطانیہ ہر ممکن کوشش کو بروئے کار لائے گی۔ میں اس اعلامیہ کو آپ تک پہنچانے میں پر مسرت ہوں۔

آرتھر بالفور اس اعلان کے بعد جیسے فلسطینی عربوں پر قیامت ہی ٹوٹ پڑی تھی اور فلسطین کی عوام اور تمام دھڑوں نے اس اعلان کو مسترد کیا اور کسی صورت فلسطین پر صہیونیوں کی ناجائز ریاست کے حق کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا۔ فلسطینی عربوں کا موقف کافی مضبوط تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے صہیونیوں کو لا کر فلسطین میں بسایا جا رہا ہے اور حکومت برطانیہ فلسطین پر ان کو ایک الگ وطن بنا کر دینے کا وعدہ کر رہی ہے۔

دراصل تاریخ فلسطین میں برطانوی سیکرٹری خارجہ آرتھر بالفور کا یہ خط اور اعلان فلسطین پر صہیونیوں کی ناجائز ریاست کے قیام کے لئے ایک امید بن گیا تھا، جس کے اثرات بعد ازاں ویسے ہی سامنے آئے، جس طرح اعلان میں بیان کئے گئے تھے۔ آج اعلان بالفور کو ایک سو دو برس ہوچکے ہیں، ایک پوری صدی فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کی بیت چکی ہے۔ دنیا کے سامنے آج بھی جب فلسطین کے لئے انصاف کی بات اٹھائی جاتی ہے، وہاں حکومت برطانیہ کے اس بدترین کارنامہ پر دنیا برطانوی سرکار کو فلسطینیوں کے ایک سو دو سالہ قتل عام میں صہیونیوں کے ساتھ برابر کا شریک جرم تصور کرتی ہے۔

آج حکومت برطانیہ جمہوریت کے دعوں اور قانون کی بالا دستی سمیت انصاف کے تقاضوں کے کھوکھلے نعرے بلند کر رہی ہے، لیکن آج دنیا بھر کی نسل نو باشعور اور جان چکی ہے کہ برطانوی استعمار اور امریکی سامراج کا اصل چہرہ انتہائی گھناؤنا اور سیاہ ترین ہے۔ آج دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھنے والی ہر آواز عالمی سامراجی طاقتوں امریکہ اور برطانیہ کے جھوٹے اور مکارانہ طرز عمل پر بھی انگلی اٹھا رہی ہے۔ آج دنیا کے عوام برطانیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ فلسطین کے ساتھ کی جانے والی بدترین ناانصافی اور بالخصوص اعلان بالفور پر پوری دنیا اور فلسطینیوں سے معافی مانگے۔

بہرحال فلسطین کا مسئلہ دنیا کے سامنے ایک ایسا مسئلہ ہے، جس نے دنیا میں دو طبقات کے حامیوں کو ایک طرف جمع کیا ہے۔ ایک طرف دنیا کے مظلوم ہیں، جو فلسطینی مظلوموں کا نعرہ بلندکر رہے ہیں تو دوسری طرف ظلم کا نظام ہے، جس کی قیادت دنیا کا سب سے بڑا شیطان امریکہ اور اس کے ساتھ برطانیہ اور دیگر غربی و عربی ممالک کے استعماری حکمران کر رہے ہیں۔ آج دنیا میں صرف دو ہی طبقات اور طاقتوں کے درمیان جنگ جاری ہے۔ تمام تر شیطانی قوتیں بشمول امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور ان کے مغربی اور عربی اتحادی ہیں کہ جنہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ پے درپے خیانت کے منصوبے ترتیب دے رکھے ہیں۔

گذشتہ برس امریکی صدر کی طرف سے فلسطین کے عنوان پر پیش ہونے والی صدی کی ڈیل بھی کسی اعلان بالفور سے کم نہ تھی، تاہم یہ 1917ء نہ تھا کہ جہاں مظلوموں کی آواز کو برطانوی ٹینکوں اور صہیونیوں کی دہشت گردی کے سامنے خاموش کروا دیا جائے گا۔ آج کا فلسطینی گذشتہ ایک سو سالہ مزاحمت کے دور میں نشوونما پا کر ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے۔ آج کا فلسطینی اپنے حقوق کے لئے جد وجہد کر رہا ہے اور یہ ثابت کر رہا ہے کہ فلسطینی عوام کی مزاحمت پائیدار ہوچکی ہے اور اب دنیا کے کسی بالفور اور کسی ٹرمپ کو یہ ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ فلسطین کی قسمت کا فیصلہ کریں۔

برطانوی استعمار دنیا کے سامنے کتنا ہی اپنا مہذب چہرہ پیش کرے، لیکن فلسطین کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی ہمیشہ برطانیہ کے سیاسی نظام اور عدالتی و قانونی نظام پر ایک سیاہ دھبہ کی مانند واضح اور ابھرتی ہوئی نشانی کی طرح نظر آتی رہے گی۔ گذشتہ ایک صدی میں فلسطینی عوام پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کی بنیاد برطانوی سامراج کا بالفور اعلامیہ ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ فلسطین میں ہونے والے صہیونیوں کے تمام مظالم چاہے وہ پہلی جنگ عظم کے بعد شروع ہوئے یا دوسری جنگ عظیم کے بعد، فلسطین پر ناجائز ریاست اسرائیل کو قائم کرنے کے بعد ہوئے، سب کے سب میں امریکہ اور برطانوی استعمار برابر کے مجرم ہیں۔ آج برطانوی نام نہاد مہذب معاشرے میں نسل نو اپنی حکومتوں سے سوال کر رہی ہے کہ آخر کس برطانوی دستور کے تحت فلسطین پر اسرائیل جیسی ناجائز نسل پرست ریاست کو قائم کروایا گیا تھا؟ آج برطانوی باشندے فلسطینیوں کے ساتھ حکومت کی جانب سے ہونے والی ناانصافی پر پوری دنیا کے سامنے سرنگوں اور شرمندہ ہیں۔

خلاصہ یہ ہے کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلم دنیا کو نقصان پہنچا ہے، اس کے پیچھے ہمیشہ صہیونیوں کی سازشیں کارفرما رہی ہیں۔ پہلی جنگ عظیم اور دوسری جنگ عظیم کی تمام تر تباہ کاریوں کا آغاز کروانے والے عوام میں صہیونی ملوث رہے اور بعد ازاں ان دو عالمی جنگوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برطانوی و امریکی سامراج کے ساتھ مل کر فلسطین کی سرزمین مقدس پر اپنا ناجائز تسلط قائم کرتے ہوئے جعلی ریاست اسرائیل کی بنیاد ٹھیک 1948ء میں رکھ کر اس بات کا ثبوت دیا کہ دنیا میں امن کو تہہ و بالا کرنے اور جنگوں کا آغاز کروانے کا صہیونی مقصد دراصل فلسطین پر صہیونیوں کی جعلی ریاست کا قیام تھا۔ اب سوال یہ پیدا ہو رہا ہے کہ قانون کی بالادستی کا دم بھرنے والی برطانوی سرکار کیا آج ایک سو دو سال گزر جانے کے بعد اخلاقی طور پر فلسطینی عوام اور اقوام عالم کے سامنے فلسطینیوں کے ساتھ کی جانے والی تاریخ کی بدترین ناانصافی پر معافی مانگے گی۔؟


خبر کا کوڈ: 825305

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/825305/اعلان-بالفور-تاریخ-برطانیہ-پر-سیاہ-داغ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org