0
Tuesday 19 Nov 2019 23:44

نیب کے بعد اینٹی کرپشن بھی متحرک، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی گرفتاریوں کے امکانات

نیب کے بعد اینٹی کرپشن بھی متحرک، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی گرفتاریوں کے امکانات
رپورٹ: ایس حیدر

شہر قائد میں نیب کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن بھی متحرک ہوگیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی گرفتاریوں کے امکانات بڑھ گئے، کرپٹ افسران نے اپنی سرگرمیاں انتہائی محدود کر رکھی ہیں، بلدیاتی دفاتر میں روزانہ اس سلسلے میں بحث و مباحثہ جاری ہے، بلدیاتی اداروں کی فضاء جاری دنوں میں سوگوار دکھائی دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کرپٹ افسران نے اپنی سرگرمیاں انتہائی محدود کر رکھی ہیں، بلدیاتی دفاتر میں روزانہ اس سلسلے میں بحث و مباحثہ جاری ہے، ایڈورٹائزنگ کے افسران اس وقت سر جوڑے بیٹھے ہیں، کیونکہ اب ہر طرح سے انہیں دیواروں پر اشتہارات لگانے سے روکا گیا ہے، ماضی میں دیواروں پر چسپاں اشتہارات کے حوالے سے بھی انکوائریاں متوقع ہیں، شہر کے اضلاع میں بے ہنگم طریقے سے اشتہارات لگوائے گئے، جس کی ریکوری کا کم سے کم تخمینہ بھی اربوں روپے میں ہے، جبکہ بلدیاتی اداروں کے اکاؤنٹس میں جمع ہونے والی رقم انتہائی قلیل ہے، اینٹی کرپشن اور نیب کی کارروائیوں کے خوف سے ریکارڈ بھی درست کئے جا رہے ہیں، لیکن بہت دیر ہو چکی ہے، کافی ریکارڈ تحقیقاتی اداروں کی گرفت میں ہیں۔

کرپشن کرنے کے بعد افسران اب بھی سوچ رہے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح جھانسا دیکر اپنی جان چھڑا لیں۔ کچھ بلدیاتی افسران پر اب بھی کارروائیوں کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا، وہ اب بھی دھڑلے سے کرپشن کرنے میں مصروف ہیں، انہیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ نمایاں دکھائی دینے والی کرپشن سے بچنا مشکل ہے، میڈیا ٹیکنالوجی سے ہر بات جہاں پہنچنی چاہیئے، وہاں پہنچ رہی ہے، کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ تحقیقاتی ادارے باخبر ہیں، آنکھوں پر پڑے پردے کئی بلدیاتی افسران کے گلے کا طوق بن سکتے ہیں۔ کراچی میں محکمہ اینٹی کرپشن کی کارروائیاں بھی زور و شور سے جاری ہیں، منگل 19 نومبر کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اشرف سومرو کی نگرانی میں اینٹی کرپشن ویسٹ زون کی ٹیم نے ڈی ایم سی ویسٹ کے دفتر میں چھاپہ مارا، حکام کے مطابق فنڈز میں خوردبرد کی شکایات موصول ہونے پر اینٹی کرپشن نے چھاپہ مار کارروائی کی ہے، میڈیکل، ڈیولپمنٹ اور روڈ کٹنگ کے فنڈز میں خوردبرد کا الزام ہے، مختلف محکموں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔

ڈی ایم سی ویسٹ کے دفتر میں ریکارڈ چیک کرکے قبضے میں لے لیا۔ اینٹی کرپشن ساؤتھ زون کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عیسو خان جمالی کی سربراہی میں بھی سب رجسٹرار شاہ فیصل کے دفتر پہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران سب رجسٹرار نظیر احمد زرداری کے دفتر کا تمام ریکارڈ ضبط کر لیا گیا ہے، زمینوں اور مکانوں کی غیر قانونی لیز کا انکشاف ہوا ہے۔ کراچی بورڈ آف ریونیو کے سب رجسٹرار نظیر زرداری کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، کارروائی کے بعد سے سب رجسٹرار کے دفتر سے عملہ غائب ہے، جس کے باعث عوام پریشان ہے، زمینوں، پلاٹوں اور مکانوں کی سب لیز پر سپریم کورٹ کی پابندی ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو کرپشن سے پاک کئے بغیر بلدیاتی سہولیات کا تصور بے جا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں کرپشن کا تناسب بڑھنے سے کراچی میں بلدیاتی ادارے دیوالیہ ہوگئے، اب دیوالیہ بلدیاتی اداروں کو پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے تحقیقاتی اداروں کی کاروائیاں ناگزیر ہیں، اب بھی کرپٹ سرکل کو نہیں لپیٹا گیا، تو بلدیاتی اداروں کا مستقبل اس سے بھی بھیانک ہو سکتا ہے، جس کا براہ راست کراچی اور اس کے باسیوں پر پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 828101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش