0
Sunday 1 Dec 2019 22:41

سندھ کا یوم ثقافت، پورا سندھ ثقافتی رنگوں میں سج گیا

سندھ کا یوم ثقافت، پورا سندھ ثقافتی رنگوں میں سج گیا
رپورٹ: ایس ایم عابدی

سندھ کا یوم ثقافت اتوار کو کراچی سمیت صوبے بھر میں روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا اور پورا سندھ ثقافتی رنگوں میں سج گیا، ہر طرف ٹوپی اور اجرک کی بہار نظر آئی اور کراچی سمیت صوبے بھر میں شہر شہر قریہ قریہ جشن کا سماں رہا۔ کراچی میں سیاسی دینی، قوم پرست اور مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے ثقافتی دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو اور علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر سندھ کے باشندوں نے جوش و جذبے کے ساتھ اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔ کراچی میں مرکزی تقریب پریس کلب کے سامنے منعقد ہوئی۔ فورارہ چوک گورنر ہاؤس سے کراچی پریس کلب تک لوگوں کی بڑی تعداد نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے مرد، خواتین، بچے بزرگ ثقافتی رقص کرتے رہے۔

سندھ کی قدیم و عظیم ثقافت کے دن پر کراچی کے مختلف مقامات پر ہونے والی تقریبات میں بچوں، بڑوں اور نوجوانوں نے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، نوجوانوں نے سندھی نغموں پر رقص کیا، بچوں نے ٹیبلو پیش کئے اور سندھ کے ثقافتی رنگ اجاگر کئے۔ نوجوان، بچے اور بڑے تقریبات میں شرکت کے لئے سندھی اجرک، ٹوپی اور لباس میں ملبوس ہوکر گھروں سے نکلے، ٹولیوں کی شکل میں نوجوان اجرک اور ٹوپی پہنے گشت کرتے رہے۔ ثقافتی دن کی مناسبت سے منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریبات میں ٹیبلوز، قومی گیت اور روایتی رقص کے پروگرام پیش کئے گئے۔ یوم ثقافت سندھ کے سلسلے میں صوبے بھر میں روایتی مچھ کچہریاں منعقد کی گئیں، رنگا رنگ مچھ کچہری میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ہر طرف بکھرے ثقافت کے رنگ، سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے نکالی گئی موٹر سائیکل ریلییوں میں سندھی ٹوپی، اجرک، پگڑیاں پہنے نوجوانوں نے سندھی گیتوں پر خوب رقص کیا۔

نوجوان سندھی نغموں پر جھومتے روایتی خوشی اور جذبات کا اظہار کرتے دکھائی دیئے، کراچی میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے، جہاں شاہ لطیف بھٹائی کے کلام کی گونج پر شرکاء محو رقص رہے۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی ثقافتی اور قوم پرست رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرکے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی دھرتی ہے۔ سندھی ثقافتی دن کے موقع پر دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر، نوابشاہ، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، دادو، ٹھٹہ، گھوٹکی، اور تھرپارکر سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کے پریس کلب اور آرٹس کونسل سمیت دیگر ثقافتی اداروں  اور محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

علاوہ ازیں قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کی قیادت میں میٹرو پول ہوٹل سے پریس کلب تک کلچرل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی ثقافت و تہذیب دنیا کی چار بڑی قدیم تہذیبوں میں سے ایک ہے، سندھ پیار، محبت، روداری اور امن کا گہوارہ ہے، سندھ میں بسنے والے تمام لوگ اس پاک سرزمین کی بدولت اپنی تاریخی روایات کے امین ہیں۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی سرزمین مفکروں، ادیبوں اور صوفیوں کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے، سندھ کے مختلف زبانیں بولنے والے سب لوگ محب وطن ہیں، جو سندھ سے یکساں محبت کرتے ہیں، سندھ کا ثقافتی دن منانے کا بنیادی مقصد سندھ کی قدیم تہذیب اور امن کو اجاگر کرنا ہے، سندھی کے ساتھ ہمیں اردو، پنجابی، پشتو، سرائیکی اور بلوچی زبانوں سے بھی پیار ہے، سندھ کی وحدت کا آخری سانس تک دفاع کریں گے۔

درایں اثناء ثقافتی دن کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبہ کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم و علاقہ کی پہچان ہوتی ہے، سندھ کی ثقافتی پہچان سندھی ٹوپی اور اجرک ہے، صدیوں پرانی ثقافت کے حامل صوبہ کے لوگ امن پسند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھائی چارے، باہمی رواداری، اخوت، ایک دوسرے کی خدمت کا جذبہ صوبہ کے عوام کہ طرہ امتیاز ہے، صوفیائے کرام کی سرزمین سندھ اپنی ثقافت کے لحاظ سے منفرد اہمیت کی حامل ہے، صوبہ کے عوام ثقافتی دن اپنی صدیوں پرانی روایات کو اجاگر کرتے ہیں، جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ دل قومیں اپنی ثقافت کو بھرپور طریقہ سے منایا کرتی ہیں، سندھی ٹوپی اور اجرک صوبہ کی ثقافت کی پہچان اور محبت کی علامت ہیں، ثقافتی دن ہمیں اپنی روایات سے محبت اور اسے اپنانے کا درس دیتا ہے، ہماری ثقافت پوری دنیا میں ہماری پہچان اور دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 830163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش