0
Monday 9 Dec 2019 10:01

پست اور گھٹیا دشمن

پست اور گھٹیا دشمن
اداریہ
ایران امریکہ دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ گذشتہ چالیس برس اس بات کے گواہ ہیں کہ امریکہ نے ایران کے اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کو شکست سے دوچار کرنے کے لیے کیا کیا حربے استعمال نہیں کیے۔ صدر کارٹر سے لیکر ڈونلڈ ٹرامپ نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا کہ یہ انقلاب اپنے راستے سے منحرف ہو جائے یا ایران پر ایسی حکومت مسلط ہو جائے، جو امام خمینیؒ کے افکار و نظریات کو نظرانداز کرکے امریکی ڈکٹیشن کو قبول کر لے۔ امریکی صدور "All Options On The Table" کا نعرہ لگاتے رہے اور تمام ممکنہ آپشن بھی استعمال کرتے رہے، لیکن اسلامی انقلاب کو شکست سے دوچار نہ کرسکے۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بقول امریکہ اپنی تمام تر توانائیوں کو ایران کے خلاف بروئے کار لایا، اگر وہ اس کے علاوہ توانائی رکھتے، تو ضرور استعمال کرتے۔ ملکوں کے درمیان کشیدگی، لڑائیاں اور رقابتیں رہتی ہیں۔

لیکن ایران کے خلاف امریکہ نے پست سے پست ترین اور گھٹیا سے گھٹیا ترین حربہ استعمال کیا۔ امریکہ ایران دشمنی میں اتنا اندھا ہوگیا کہ اُس نے ایران کو مشکلات میں ڈالنے کے لیے کسی بھی شعبے کو نظرانداز نہیں کیا۔ چودہ ماہ پہلے ایک ایرانی سائنس دان جو اسٹیم سیلز (بنیادی خلیوں) کا دنیا میں مانا ہوا سائنسدان ہے، اُس کو قانونی ویزہ ہونیکے باوجود امریکہ کے شکاگو ائیرپورٹ پر اترتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا اور دہشت گردی کا الزام لگا کر بغیر کسی قانونی کارروائی کے جیل میں بند کر دیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مسعود سلیمانی ایران کی معروف یونیورسٹی "تربیت مدرس" کے استاد ہیں، ان کا خون شناسی "ہیماٹولوژی" میں تحقیقی مقالہ دنیا کی ریسرچ ویب سائیٹس اور تحقیقی اداروں میں جانا پہچانا ہے اور وہ مطالعاتی دورے پر باقاعدہ قانونی ویزے کے ساتھ اپنی یونیورسٹی کی جانب سے امریکہ گئے تھے۔

لیکن دنیا بھر میں انسانی حقوق اور قانون پسندی کا واویلا کرنے والے ملک امریکہ نے انہیں اپنے نامی گرامی جاسوس کو آزاد کروانے کے لیے، امریکہ پہنچتے ہی گرفتار کر لیا۔ ڈاکٹر مسعود سلیمانی اگرچہ ایران میں گرفتار امریکی جاسوس چینی نژاد شاؤ ونگ کے تبادلہ میں رہا ہو کر ایران پہنچ چکے ہیں، لیکن اس سے امریکہ کے چہرے سے ایک اور نقاب اتر گیا۔ ڈاکٹر مسعود سلیمانی کے بقول انہیں سلاخوں کے پیچھے ایران کے خلاف استعمال کرنے اور امریکہ پسند بیان دینے کے لیے دیگر مختلف ہتھکنڈوں کے ساتھ ساتھ امریکی شہریت دینے کا لالچ دیا گیا، اسٹیم سیلز اور خون شناسی کے استاد مسعود سلیمانی امریکی چہرے کو مزید بے نقاب کرینگے، لیکن امریکہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ پست ترین اور گھٹیا دشمن ہے اور وہ اپنے مذموم مفاد کے حصول کے لیے کسی سطح پر بھی جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 831670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش